Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 September-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/ستمبر ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی معاشی ترقی کی رفتار 7.8 فیصد رہی:مرکزی حکومت کا دعویٰ۔
٭ ریاست میں ایس آئی آر کے تحت تیار کی گئی ابتدائی انتخابی فہرست جاری۔
٭ امداد یافتہ خانگی سینئر کالجوں میں ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے پانچ ہزار 12عہدوں پر تقرری کیلئے ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے مطالبات پر حکومت کا رویہ مثبت: وزیر اُدئے سامنت کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں پیش آئے حادثات میں سات افراد ہلاک۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی جی ڈی پی یعنی مجموعی گھریلو پیداوار میں 7.8 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ گزشتہ مالی سال کی اسی سہ ماہی میں جی ڈی پی کی شرحِ نمو 6.9 فیصد تھی۔ عالمی اقتصادی چیلنجز اور جغرافیائی سیاسی غیر یقینی صورتحال کے باوجود بھارتی معیشت نے ترقی کی رفتار برقرار رکھی ہے۔شماریات اور پروگرام پر عمل درآمدکرنے کی وزارت نے اپریل سے جون کے عرصے کیلئے جی ڈی پی کا سہ ماہی تخمینہ کل جاری کیا۔
جی ڈی پی کی اس شرحِ نمو پر وزیر اعظم نریندر مودی نے اطمینان کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے اپنے پیغام میں کہا کہ مایوسی پسندوں کے اندازے غلط ثابت ہوئے اور بھارت ایک بار پھر ترقی کی سمت تیزی سے آگے بڑھا ہے۔ وزیر اعظم مودی نے کہا کہ تیل کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ، سپلائی چین میں رکاوٹوں اور عالمی غیر یقینی صورتحال کے باوجود ملک نے یہ ترقی کی ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں رائے دہندگان کی فہرست کی خصوصی نظرثانی یعنی ایس آئی آر کے تحت تیار کی گئی ابتدائی انتخابی فہرست کل جاری کر دی گئی۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ اس ابتدائی فہرست میں اپنا نام موجود ہونے کے ساتھ ساتھ دیگر تفصیلات بھی درست ہونے کی تصدیق کریں۔
خصوصی نظرثانی کے بعد ریاست کی ابتدائی انتخابی فہرست میں سات کروڑ 71 لاکھ 65 ہزار 562 رائے دہندگان کو شامل کیا گیا ہے۔ انتخابی فہرست میں درج پتے پر غیر حاضر ہونے، نقل مکانی، وفات، دوہری اندراج یا گنتی کا فارم پُر کرنے سے انکار کی وجہ سے دو کروڑ سے زیادہ ووٹروں کوابتدائی انتخابی فہرست میں شامل نہیں کیا گیا ہے۔ پونے، تھانے، ممبئی کے اطراف کے علاقوں سمیت ناگپور اور ناسک اضلاع سے سب سے زیادہ، جبکہ سندھودُرگ، ہنگولی اور گڑھ چرولی اضلاع سے سب سے کم ووٹروں کے نام خارج کیے گئے ہیں۔
انتخابی فہرست سے نام خارج کیے گئے ووٹر آج سے 30 ستمبر تک دعوے اور اعتراضات داخل کر سکتے ہیں۔ ابتدائی انتخابی فہرست میں نام نہ رکھنے والے ووٹروں یا یکم اکتوبر کو 18 سال کی عمر مکمل کرنے والے افراد کو فارم نمبر 6 میں حلف نامے کے ساتھ درخواست دینی ہوگی۔ تصدیق کے بعد ان کے نام انتخابی فہرست میں شامل کیے جا سکتے ہیں۔ تمام کارروائی مکمل ہونے کے بعد 4 نومبر کو حتمی انتخابی فہرست جاری کی جائے گی۔
اس سلسلے میں ریاست کے چیف الیکشن آفیسر ایس چوکّلنگم نے بتایا کہ اگر کسی وجہ سے اس انتخابی فہرست میں کسی شہری کا نام شامل نہیں کیا جا سکا ہے تو وہ آئندہ ایک مہینے کے دوران فارم نمبر چھ بھر کر اپنے نام کا اندراج کراسکتاہے۔انہوں نے کہا کہ چار نومبر کو حتمی فہرستِ رائے دہندگان کے شائع ہونے کے بعداور یہاں تک کے آئندہ انتخابات سے پہلے تک انتخابی فہرست میں ناموں کا اندراج کرایا جاسکتا ہے۔چوکّلنگم نے کہا کہ انتخابی فہرست کے updation کا کام مسلسل جاری رہتاہے۔
***** ***** *****
ریاست کے امداد یافتہ خانگی سینئر کالجوں میں ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے5 ہزار 12عہدوں کو پُر کرنے کیلئے ریاستی حکومت نے منظوری دے دی ہے۔ اس کے ساتھ ہی بھرتی کے دوران انٹرویو کی سی سی ٹی وی ریکارڈنگ لازمی قرار دی گئی ہے۔ اعلیٰ اور تکنیکی تعلیم کے محکمے نے کل اس سلسلے میں حکمنامہ جاری کیا۔طلبہ کی تعداد اور تدریسی کام کے بوجھ سے متعلق اکتوبر 2025 میں تیار کیے گئے فارمولے کے مطابق ان عہدوں کو منظوری دی گئی ہے۔ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ متعلقہ کالجز، یونیورسٹی گرانٹس کمیشن کے قواعد کے مطابق تقررات کا عمل مکمل کریں۔نوٹیفکیشن میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ انٹرویو کی ویڈیو ریکارڈنگ انٹرویو کے دن سے ایک سال تک محفوظ رکھنا لازمی ہوگا۔
***** ***** *****
مراٹھا ریزرویشن تحریک کے روح رواں منوج جرانگے نے کل ایک بار پھراپنے اس عزم ظاہر کیا ہے کہ جب تک ان کے مطالبات مانے نہیں جاتے، وہ بھوک ہڑتال ختم نہیں کریں گے اور احتجاج کیلئے ممبئی ضرور جائیں گے۔ریاستی حکومت منوج جرنگے کے مطالبات کے سلسلے میں مثبت رویہ رکھتی ہے۔ وزیر اُدئے سامنت نے ممبئی میں ایک اخباری کانفرنس میں کہا کہ حکومت ان سے بات چیت کرتے ہوئے یہ بھی یقین دہانی کرا رہی ہے کہ او بی سی یعنی دیگر پسماندہ طبقے کے ساتھ کسی قسم کی ناانصافی نہیں ہونے دی جائے گی۔رکن اسمبلی پرساد لاڈ نے کہا کہ ریاستی حکومت اس بات کی کوشش کر رہی ہے کہ منوج جرانگے کو ممبئی آنے کی ضرورت ہی پیش نہ آئے۔
اسی دوران بیڑ کے رکن پارلیمان بجرنگ سونونے نے وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے مطالبہ کیا ہے کہ منوج جرانگے کی بگڑتی ہوئی صحت کا حکومت فوری طور پر نوٹس لے۔ انہوں نے اس سلسلے میں لکھے گئے خط میں کہا ہے کہ وزیر اعلیٰ کو خود پہل کرتے ہوئے منوج جرانگے سے براہِ راست بات چیت کرنی چاہیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
27 اگست کی رات کو سمردھی شاہراہ پر مسافروں کو لوٹنے والے گروہ کو ناسک پولس نے گرفتار کر لیا ہے۔ دھاراشیو پولس کی مدد سے کڑمب اور واشی تعلقہ جات میں خصوصی مہم چلا کر چھ مشتبہ افراد کو حراست میں لیا گیا۔ ناسک دیہی پولس نے 10 ٹیموں کی مدد سے 48 گھنٹے تک تلاشی مہم چلائی۔ 27 اگست کی رات سمردھی شاہ راہ پر سِنّر تعلقے میں واقع واوی پولس اسٹیشن کی حدود میں واقع دُوشنگ پور اور ملڈھون میں چھترپتی سمبھاجی نگر اور ہنگولی کے مسافروں کی گاڑیوں کو پنکچر کر کے لاکھوں روپے کی لوٹ مار کی گئی تھی۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں مرکزی حکومت کی اسکیمات سے متعلق معلومات فراہم کرنے والی ملٹی میڈیا تصویری نمائش کا افتتاح آج رکن پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر کے ہاتھوں ہوگا۔ مرکزی حکومت کے 12 سال مکمل ہونے کے موقع پر مرکزی مواصلاتی بیورو کے شولاپور علاقائی دفتر اور ضلع انتظامیہ نے مشترکہ طور پریہ دو روزہ نمائش منعقد کی ہے۔
***** ***** *****
دفتری اوقات میں غیر حاضر رہنے والے ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے 54 ملازمین کو وجہ بتاؤ نوٹس جاری کیے گئے ہیں۔ انتظامی کام کاج میں تیزی لانے کیلئے مقرر کردہ تفتیشی ٹیم نے کل صبح دفتری اوقات میں میونسپل کارپوریشن کے مختلف محکموں کا معائنہ کیا، جس کے بعد یہ کارروائی کی گئی۔
***** ***** *****
شراون سوموار کے موقع پر ناندیڑ ضلع کے کِنوٹ تعلقے میں واقع کیلاش ٹیکڑی اور سہسترا کنڈ میں مہادیو کے درشن کرکے واپس آنے والے عقیدت مندوں کی جیپ حادثے کا شکار ہوگئی، جس میں چار افراد ہلاک جبکہ چھ زخمی ہوگئے۔ یہ حادثہ کل شام دیپلا نائک تانڈے پر پیش آیا۔ تمام عقیدت مند تلنگانہ ریاست کے رہنے والے ہیں۔
***** ***** *****
لاتور ضلع میں رینا پور دیہی اسپتال کے روبرو ایک تیز رفتار ٹرک نے موٹر سائیکل کو ٹکردے دی، جس میں تین افراد ہلاک ہوگئے۔ اس حادثے کے بعد بھی انتظامیہ کی جانب سے سڑکوں کی حفاظت کے سلسلے میں ٹھوس اقدامات نہ کیے جانے کا الزام عائد کرتے ہوئے کل ونچت بہوجن اگھاڑی کی جانب سے تحصیل دفتر کے سامنے راستہ روکو احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے سوال اٹھایا کہ جب دیہی اسپتال، پنچایت سمیتی، تحصیل دفتر اور عدالت جیسے اہم مقامات اسی سڑک پر موجود ہیں تو یہاں رفتار کم کرنے والے اسپیڈ بریکر کیوں نہیں ہیں؟
***** ***** *****
برہمن سماج کے زیرِ التواء مطالبات کے لیے گزشتہ تین دنوں سے جالنہ میں بھوک ہڑتال کرنے والے سماجی کارکن دیپک رَنَنورے کی بھوک ہڑتال کا ریاستی حکومت فوری طور پر نوٹس لے اور ان کے مطالبات منظور کرے، یہ مطالبہ رکن پارلیمان ڈاکٹر کلیان کالے نے کیا ہے۔ انہوں نے کل رننورے سے ملاقات کی۔ انہوں نے بتایا کہ برہمن سماج کے غریب طلبہ کو مفت تعلیم، بھیک مانگ کر گزارہ کرنے والوں کومشاہرہ، اور پرشورام اقتصادی ترقیاتی کارپوریشن کو خاطر خواہ فنڈ اور ضروری افرادی قوت فراہم کرنے جیسے مطالبات کیلئے یہ بھوک ہڑتال جاری ہے۔
***** ***** *****
درج فہرست ذاتوں کے ریزرویشن میں ذیلی درجہ بندی فوری طور پر نافذ کرنے کے مطالبے کیلئے جالنہ ضلع ماتنگ سماج کی جانب سے کل ایک عظیم الشان مارچ نکالا گیا۔ ریزرویشن ذیلی درجہ بندی حمایت جدوجہد کمیٹی کی قیادت میں نکالے گئے اس مارچ میں ضلع بھر سے بڑی تعداد میں ماتنگ سماج کے لوگوں نے شرکت کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ رواں مالی سال کی پہلی سہ ماہی میں ملک کی معاشی ترقی کی رفتار 7.8 فیصد رہی:مرکزی حکومت کا دعویٰ۔
٭ ریاست میں ایس آئی آر کے تحت تیار کی گئی ابتدائی انتخابی فہرست جاری۔
٭ امداد یافتہ خانگی سینئر کالجوں میں ایسوسی ایٹ پروفیسرز کے پانچ ہزار 12عہدوں پر تقرری کیلئے ریاستی حکومت کی منظوری۔
٭ مراٹھا ریزرویشن تحریک کے مطالبات پر حکومت کا رویہ مثبت: وزیر اُدئے سامنت کی یقین دہانی۔
اور۔۔۔٭ ناندیڑ اور لاتور اضلاع میں پیش آئے حادثات میں سات افراد ہلاک۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment