Friday, 6 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 06 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 06 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ”پرکشا پہ چرچا“ پروگرام کے ذریعے وزیر اعظم کی آج طلباء سے بات چیت۔
٭ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر تحریکِ تشکر منظور۔
٭ ”بھارت ٹیکسی“ گاڑی خدمات کا مرکزی وزیرِ تعاون کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کی تشہیری مہم کا اختتام؛ کل ہوگی رائے دہی۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان آج انڈر 19 کرکٹ عالمی کپ کا فائنل مقابلہ۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج ”پرکشا پہ چرچا“ پروگرام کے تحت طلباء سے بات چیت کریں گے۔ یہ پروگرام آج صبح دس بجے آکاشوانی اور دوردرشن کے مختلف چینلز پر براہِ راست نشر کیا جائے گا۔ وزیرِ اعظم‘اس پروگرام میں طلباء، والدین اور اساتذہ کے ساتھ تناؤ سے پاک ماحول میں امتحان دینے کی اہمیت اور سکون و اطمینان برقرار رکھنے، حوصلہ بڑھانے اور چیلنجز پر قابو پانے سے متعلق رہنمائی کرتے ہیں۔ یہ اس سلسلہ وار پروگرام کی نویں قسط ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت نے عالمی سطح پر گلوبل ساؤتھ کی بلند آواز کے طور شناخت بنائی ہے۔ وہ کل راجیہ سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر تحریکِ تشکر پر بحث کا جواب دے رہے تھے۔
وزیر اعظم نے کہا کہ بھارت نے گزشتہ چند دنوں میں عالمی سطح پر کئی بڑے تجارتی مفاہمت ناموں پر دستخط کیے ہیں۔ انہوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیرِ اعظم کے جواب کے بعد راجیہ سبھا میں تحریک ِ تشکر کو صوتی ووٹ سے منظور کر لیا گیا۔
دریں اثناء، کانگریس کے قومی صدر اور حزبِ اختلاف کے رہنماء ملکارجن کھرگے نے وزیر اعظم کے صرف راجیہ سبھا میں جواب دینے پر اعتراض کیا۔ انہوں نے نشاندہی کی کہ راجیہ سبھا ہی پارلیمنٹ کا واحد ایوان نہیں ہے، بلکہ لوک سبھا اور راجیہ سبھا کے اشتراک سے پارلیمنٹ بنتی ہے۔ کھرگے نے سابق فوجی سربراہ منوج نروَنے کی کتاب کا متن پڑھنے کیلئے اسپیکر سے اجازت طلب کی، تاہم‘ یہ درخواست مسترد کر دی گئی۔ جس پر حزبِ مخالف اراکین نے ایوان سے واک آؤٹ کر دیا۔
***** ***** *****
لوک سبھا نے بھی کل صوتی ووٹ سے صدر کے خطاب پر تحریکِ تشکرمنظور کرلیا۔ اس سے قبل کل جب ایوان کی کارروائی کا آغاز ہوا تو اسپیکر اوم برلا نے حزبِ مخالف ارکان کے رویے پر ناراضگی ظاہر کرتے ہوئے اسے ایوان کی حدود کی خلاف ورزی قرار دیا۔ انھوں نے وضاحت کی کہ اپوزیشن کے نا شائستہ رویے کے پیش نظر انھوں نے وزیرِ اعظم سے ایوان میں نہ آنے کی درخواست کی تھی۔ اس دوران‘ اپوزیشن کی زوردار نعرے بازی کی وجہ سے ایوان کی کارروائی بار بار متاثر ہوئی‘ جس کے بعد لوک سبھا کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کر دی گئی۔
***** ***** *****
ایپ پر مبنی گاڑیوں کی خدمات فراہم کرنے والی ”بھارت ٹیکسی“سہولت کا کل سے آغاز ہوگیا۔ نئی دہلی میں مرکزی وزیرِ تعاون امت شاہ کے ہاتھوں اس سہولت کا افتتاح عمل میں آیا۔ یہ ملک کا پہلا تعاون پر مبنی رائیڈ ہیلنگ پلیٹ فارم ہے۔ بھارت ٹیکسی کا تصور ٹرانسپورٹ کے شعبے میں ایک تبدیلی کی پہل ہو گا اور یہ خدمات فراہم کرنے والے ڈرائیور کو سارتھی کہا جائے گا، جس کے ذریعے ”بائیک دیدی“ جیسے اقدامات بھی کیے جا رہے ہیں اور اب تک 150 سے زیادہ خواتین ڈرائیور بھارت ٹیکسی خدمات میں شامل ہو چکی ہیں۔ وزیرِ داخلہ شاہ نے یقین کا اظہار کیا کہ آئندہ تین برسوں میں یہ خدمات پورے ملک میں پھیل جائیں گی۔ انہوں نے کہا:
Byte: Co-Operation Minister Amit Shah
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھتیس گڑھ کے بیجاپور ضلعے میں کل آٹھ خواتین سمیت بارہ نکسلیوں نے خودسپردگی کردی۔ ان سب پر مجموعی طور پر 54 لاکھ روپئے کا انعام رکھا گیا تھا۔ قبل ازیں‘ کل صبح ہوئے ایک مڈبھیڑ میں ایک نکسلائیٹ مارا گیا تھا۔ خود سپردگی کرنے والے نکسلیوں نے بھی ایک اے کے 47 رائفل سمیت بڑی مقدار میں ہتھیار اور گولہ بارود جمع کیا ہے۔خودسپردگی کے عمل کے ایک حصے کے طور پر، ہتھیار ڈالنے والے ہر نکسلی کو 50 ہزار روپئے کی فوری مالی امداد بطورِ ترغیب دی گئی ہے۔
گڈچرولی ضلعے کے بھامرا گڑھ تعلقے میں پولس کے ساتھ تصادم میں ایک نکسلائیٹ مارا گیا اور ایک پولس اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولس نے اس مقام سے نکسلیوں کے ہتھیار ضبط کیے ہیں۔ اس تصادم میں کچھ اور نکسلائیٹس کے زخمی ہونے یا مارے جانے کا اندازہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتیوں کے انتخابات کی تشہیری مہم گذشتہ شام ختم ہوگئی۔ ان تمام مقامات پر کل رائے دہی کی جائیگی جبکہ ووٹوں کی گنتی 9 تاریخ کو ہوگی۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے ووٹرس کو اپنا نام اور رائے دہی مرکز معلوم کرنے میں سہولت فراہم کرنے کیلئے ”مت ادھیکار“ موبائل ایپ دستیاب کرایا ہے۔
ان انتخابات کے سلسلے میں دھاراشیو ضلعے کے چھ تعلقہ جات میں کُل 15 ہفتہ واری بازار بند رکھنے کا حکم ضلع کلکٹر کیرتی کرن پجار نے جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر عہدوں کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل مکمل ہو گیا ہے۔ میئر کے عہدے کیلئے جئے شری سون کامبلے اور ڈپٹی میئر کیلئے اسنیہل اُٹگے کی درخواستیں درست قرار دی گئی ہیں اور دونوں کے ناموں کو قطعیت دے دی گئی ہے۔
دریں اثناء، ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے نکیتا سوم ونشی نے میئر عہدے کیلئے اورسچن گائیکواڑ نے ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے اپنا امیدواری پرچہ جمع کروایا ہے۔ میئر کا انتخاب آئندہ 9 تاریخ کوہوگا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں گووند کیندرے کوبھارتیہ جنتا پارٹی کا گروپ لیڈر مقرر کیا گیا ہے۔ پارٹی کے منتخبہ57 کارپوریٹرس کی کل ڈویژنل کمشنر جتیندر پاپلکر کے روبرو شناختی پریڈ ہوئی۔
اسی دوران‘ میئر اور ڈپٹی میئر عہدوں کیلئے درخواستیں داخل کرنے کی مہلت آج ختم ہو رہی ہے۔ تاہم‘ ان دونوں عہدوں کیلئے بی جے پی کے امیدواروں کا ابھی تک فیصلہ نہ ہونے کی وضاحت متعلقہ خبروں میں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بی جے پی کی سجاتا سورج نئی ممبئی میونسپل کارپوریشن کی میئر اوربی جے پی کے ہی دشرتھ بھگت بلامقابلہ ڈپٹی میئر منتخب ہوئے ہیں۔ شیوسینا کے امیدواروں نے بھی دونوں عہدوں کیلئے درخواستیں داخل کی تھیں، لیکن انھوں نے دستبرداری اختیار کرلی۔ شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے دو کارپوریٹر، ایم این ایس کے ایک کارپوریٹر اور ایک آزاد کارپوریٹر نے بھی بی جے پی کی حمایت کی۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلی اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے کہا ہے کہ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتارَمن کا پیش کردہ نواں بجٹ ملک کو سمت دینے والا ہے۔ وہ کل ناندیڑ میں ایک صحافتی کانفرنس سے مخاطب تھے۔ چوہان نے کہا کہ اس بجٹ سے ترقی یافتہ بھارت کا ہدف واضح ہوتا ہے۔
***** ***** *****
19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے کرکٹ عالمی کپ کا فائنل میچ آج بھارت اور انگلینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ زمبابوے کے ہرارے کرکٹ میدان میں ہونے والا یہ میچ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ایک بجے شروع ہوگا۔ بھارتی ٹیم اس ٹورنامنٹ میں اب تک ناقابلِ تسخیر رہی ہے۔ ساتھ ہی سب سے زیادہ بار عالمی کپ جیتنے کا ریکارڈ بھی بھارتی ٹیم کے پاس ہے۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کا کل سے آغاز ہو رہا ہے۔ بھارت اور سری لنکا اس ٹورنامنٹ کی مشترکہ میزبانی کریں گے اور ٹورنامنٹ کے افتتاحی میچ میں کولمبو میں پاکستان اور نیدر لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی، جبکہ کولکتہ میں ویسٹ انڈیز اور اسکاٹ لینڈ کا میچ اور ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں بھارت اور امریکہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ”پرکشا پہ چرچا“ پروگرام کے ذریعے وزیر اعظم کی آج طلباء سے بات چیت۔
٭ پارلیمنٹ کے دونوں ایوانوں میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر تحریکِ تشکر منظور۔
٭ ”بھارت ٹیکسی“ گاڑی خدمات کا مرکزی وزیرِ تعاون کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کی تشہیری مہم کا اختتام؛ کل ہوگی رائے دہی۔
اور۔۔۔٭ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان آج انڈر 19 کرکٹ عالمی کپ کا فائنل مقابلہ۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...