Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 25 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵۲/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ صحت مند آبادی ہی ترقی یافتہ بھارت کے خواب کی بنیاد ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ مرکزی کابینہ نے گوندیا- جبل پور دوہری ریلوے لائن سمیت تین ریلوے منصوبوں کو دی منظوری۔
٭ رواں مالی سال کیلئے 11 ہزار 955 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات قانون ساز اسمبلی میں پیش۔
٭ قانون میں ڈیجیٹل گرفتاری نام کی کوئی شق نہیں ہے: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ تلجابھوانی زرعی فیسٹیول کا افتتاح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ ایک صحت مند آبادی ہی ترقی یافتہ بھارت کے خواب کی بنیاد ہے۔ وہ‘ کل ممبئی کے لوک بھون میں زندگی کے تحفظ اور ایک صحت مند بھارت کی تشکیل کیلئے ملک گیر مہم کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے کہا کہ ملک کے شہریوں کی صحت اجتماعی ذمہ داری ہے اور نجی شعبے کو بھی شہریوں کو صحت مند رکھنے میں تعاون کرنا چاہیے۔ اس بات پر زور دیتے ہوئے کہ جسمانی اور ذہنی صحت دونوں یکساں اہم ہیں‘ صدرِ جمہوریہ نے اپیل کی کہ ذہنی صحت کو نظر انداز نہ کریں۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
اس موقعے پر گورنر اچاریہ دیو وَرَت‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار اور دیگر معززین موجود تھے۔
چیئرمین ہندوجااسپتال نے کہا ہے کہ یہ مہم جو ملک بھرکے 75 اضلاع میں چلائی جارہی ہے اس میں شہریوں کی صحت کی جانب اور صحت کے مختلف مسائل کے بارے میں بیداری پیدا کی جائیگی۔
دریں اثناء‘ صدرِ جمہوریہ آج شیگاؤں میں مرکزی وزارتِ آیوش کی جانب سے منعقدہ قومی صحت میلے میں شرکت کریں گی۔ وہ چھترپتی سمبھاجی نگر ایئرپورٹ سے شیگاؤں کیلئے روانہ ہوگی۔
***** ***** *****
مرکزی کابینہ نے کل تین ریلوے منصوبوں کو منظوری دی۔ جن میں گوندیا- جبل پور ریلوے لائن کو دوہری کرنا بھی شامل ہے۔ اطلاعات و نشریات کے وزیر اشونی ویشنو نے نئی دہلی میں کابینہ کی میٹنگ کے بعد ایک پریس کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ ان تینوں منصوبوں پر کُل 9 ہزار 72 کروڑ روپئے خرچ ہوں گے۔ مرکزی کابینہ کی کل پہلی مرتبہ میٹنگ نئی دہلی میں نئے تعمیر شدہ سیوا تیرتھ کمپلیکس میں منعقد ہوئی۔ کابینہ نے ریاست ِ کیرالہ کا نام بدل کر کیرلم کرنے اور 2026-27 کے سیزن کیلئے کچے جوٹ کی کم از کم امدادی قیمت پانچ ہزار 925 روپئے فی کوئنٹل رکھنے کی تجویز کو بھی منظوری دی۔ اس موقعے پر اشوینی ویشنو نے کہا:
Byte: Union Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
بارامتی طیارہ حادثے کے بعد‘ شہری ہوابازی کے ڈائریکٹوریٹ جنرل DGCA نے VSR Venturesکی ملکیت والے چار Lear jet طیاروں کی پروازوں کو فوری طور پر معطل کرنے کا حکم دیا ہے جوکہ تباہ ہونے والے طیارے کی مالک کمپنی ہے۔ 28 جنوری کو حادثے کے بعد ان طیاروں کا خصوصی حفاظتی معائنہ کیا گیا۔ معائنے میں دیکھ بھال کے عمل میں خرابیاں‘ فلائٹ سیفٹی قوانین اور تکنیکی اُصولوں کی خلاف ورزیاں پائی گئیں۔ DGCA نے واض ح کیا ہے کہ ہوائی جہاز کو اس وقت تک دوبارہ اُڑان بھرنے کی اجازت نہیں دی جائیگی جب تک کمپنی ان خرابیوں کی اصل وجہ کا پتہ نہیں لگالیتی اور انھیں درست نہیں کرلیتی اور تمام حفاظتی معیارات پر پورا اُتر نہیں جاتی‘ غیر طئے شدہ آپریٹرز کے ساتھ اعلیٰ سطحی میٹنگ کے بعد DGCA نے ایئرلائنز کیلئے نئے سخت حفاظتی احکامات کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کل قانون ساز اسمبلی میں رواں مالی سال کیلئے 11 ہزار 955 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات پیش کیے۔ محصول کا خسارہ پورا کرنے کیلئے ضمنی مطالبات کم رکھے گئے ہیں۔ زرعی پمپوں اور مشینری پر سبسڈی کیلئے تین ہزار ایک سو بارہ کروڑ روپئے‘ مائیکرو‘ چھوٹے اور درمیانی درجے کے اداروں کیلئے 803 کروڑ روپئے‘ جبکہ جل جیون مہم کیلئے ایک ہزار 431 کروڑ روپئے کا انتظام کیا گیا ہے۔ اندازہ ہے کہ مالی سال 2025-26 میں ریاست کے قرضوں کے بوجھ میں 9 کروڑ 32 لاکھ روپئے کا اضافہ ہوگا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے بتایا کہ آیوشمان بھارت اور مہاتما جیوتی راؤ پھلے جن آروگیہ اسکیم کو ایک ساتھ نافذ کرنے کیلئے قانون میں ترمیم کی گئی ہے اور اب ریاست کے تمام 479 خیراتی اسپتال حکومت کے مکمل دائرہئ اختیار میں آگئے ہیں۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں اظہارِ خیال کررہے تھے۔ انھوں نے خبردار کیا کہ اب سے ان اسکیموں پر عمل درآمد نہ کرنے والے اہل اسپتالوں کے خلاف سخت کارروائیکی جائیگی۔
***** ***** *****
پھڑنویس نے کہا کہ قانون میں ڈیجیٹل گرفتاری کی کوئی شق موجود نہیں ہے۔ انھوں نے یہ بھی بتایا کہ اگر کسی نے اس معاملے میں رقم ادا کی ہے کہ وہ 1930 پر کال کریں‘ جس کے بعد رقم کی منتقلی روکی جاسکتی ہے۔
***** ***** *****
اسمبلی کے دونوں ایوانوں میں کل گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک شروع ہوئی۔ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے لیڈر بھاسکر جادھو نے ریاست کو ایک ٹریلین ڈالر کی معیشت بنانے کے حکومت کے اعلان کو سراب کے طور پر تنقید کا نشانہ بنایا۔ بی جے پی رکنِ اسمبلی سنجئے کُٹے نے بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ داؤوس کے دورے کے دوران ریاست میں 30 لاکھ روپئے کی سرمایہ کاری آئی ہے اور مہاراشٹر سرمایہ کاری کے معاملے میں ملک کی نمبر ایک ریاست ہے۔ مراٹھواڑہ میں آبپاشی کی اسکیمیں رُکی ہوئی ہیں اور انھیں مکمل کرنے کا تیقن دینے کا مطالبہ رکنِ اسمبلی ارجن کھوتکر نے وزیرِ اعلیٰ سے کیا ہے۔ اس موقعے پر چیتن توپے نے بھی بحث میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے آج اسمبلی میں کہا کہ مراٹھواڑہ اور ودربھ سمیت ریاست کے کئی حصوں میں موسمی بارشوں سے فصلوں کے نقصان کا سروے کرنے کے احکامات دئیے جائیں گے۔ کانگریس لیڈر وجئے وڑیٹیوار اور نیشنلسٹ کانگریس پارٹی کے دھننجئے منڈے نے تحریک ِ التواء میں یہ مسئلہ اٹھایا تھا اور پنچنامہ کرکے فوری امداد کا مطالبہ بھی کیا تھا۔
***** ***** *****
اسکولی تعلیم کے وزیر دادا بھوسے نے ہدایت کی ہے کہ تمام اسکولوں میں پانچ سے چھ بڑی بڑی اسکیموں کے بارے میں نمایاں معلومات دینے والے بورڈ آویزاں کیے جائیں تاکہ حکومت کی اسکیموں کی معلومات اُن تک پہنچ سکے۔ وہ کل اس حوالے سے منعقدہ جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ریاست کے تمام امداد یافتہ اور غیر امدادی اسکولوں میں طلبہ کے آدھار نمبروں کے رجسٹریشن اور تصدیق کو مکمل کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے محکمہ زراعت‘ محکمہ آتما اور خواتین کی اقتصادی ترقی کارپوریشن کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ شری تلجابھوانی زرعی فیسٹیول کا کل تلجاپور میں افتتاح عمل میں آیا۔ اس میلے کا آن لائن افتتاح سرپرست وزیر پرتاپ سرنائیک نے کیا۔ فیسٹیول میں کُل 75 اسٹالز لگائے گئے ہیں جن میں سرکاری و نیم سرکاری محکمے‘ خواتین کے سیلف ہیلپ گروپس اور مختلف تنظیمیں شرکت کررہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کا ثقافتی اُمور محکمہ اور ڈائریکٹوریٹ برائے ثقافتی اُمور کی مشترکہ سرپرستی میں کل جالنہ میں ویششٹیے پورن مہوتسو نامی ثقافتی پروگرام منعقد کیا جارہا ہے۔ اس میلے میں 100 سے زائد فنکار روایتی عوامی فنون پیش کریں گے۔ دریں اثناء‘ جالنہ میں وزیرِاعظم وشوکرما اسکیم نمائش و فروخت کا انعقاد کیا گیا ہے۔ اس پروگرام کا افتتاح آج میئر وندنا مگرے کریں گی۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ شنکر راؤ چوہان کی برسی کے موقعے پر ناندیڑ میں منعقد ہونے والے سنگیت شنکر دربار پروگرام کا افتتاح آج ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ اس پروگرام میں لاتور کے ڈاکٹر رام بورگاؤنکر کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ سے نوازا جائے گا۔
***** ***** *****
امید مہاراشٹرا جیون اُنتی مشن کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے یکم مارچ تک فروختگی اور نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔انتظامیہ نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلع پریشد کے احاطے میں منعقد ہونے والی اس نمائش کا فائدہ اٹھائیں۔
***** ***** *****
جئے مہاراشٹر سرکاری و نیم سرکاری افسران اور ملازمین کی بیڑ ضلع شاخ کی جانب سے کل بیڑ میں عدم تعاون مظاہرہ کیاگیا۔ بعد ازاں‘ چوتھے اُجرتی کمیشن سے تنخواہوں کے فرق کو دور کرنے اور زیر التواء کلرک زمرے کے ملازمین کیلئے نظرثانی شدہ پے اسکیل لاگو کرنے کے مطالبات پر مبنی ضلع کلکٹر کو ایک محضر پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے گیورائی تعلقہ کے تڑپَت بورگاؤں میں واقع ضلع پریشد اسکول کے طلباء کا نام عالمی سطح کی سائبر بک آف ورلڈ ریکارڈ میں درج کیا گیا ہے۔ بنگلورو میں اسٹریٹ بِز وینچرز کے تحت برسرِکار ایک این جی او راشٹرودیا گیت اور سائبر بک آف ورلڈ ریکارڈ نے مشترکہ طور پر یوم جمہوریہ کے موقع پر عالمی سطح پر قومی ترانہ پڑھنے کا اہتمام کیا۔ اس میں اسکول کے 49 طلباء اور تین اساتذہ نے آن لائن حصہ لیا۔ اسکول کو حال ہی میں اس عالمی ریکارڈ کا سرٹیفکیٹ دیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ صحت مند آبادی ہی ترقی یافتہ بھارت کے خواب کی بنیاد ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ مرکزی کابینہ نے گوندیا- جبل پور دوہری ریلوے لائن سمیت تین ریلوے منصوبوں کو دی منظوری۔
٭ رواں مالی سال کیلئے 11 ہزار 955 کروڑ روپئے کے ضمنی مطالبات قانون ساز اسمبلی میں پیش۔
٭ قانون میں ڈیجیٹل گرفتاری نام کی کوئی شق نہیں ہے: وزیرِ اعلیٰ کی وضاحت۔
اور۔۔۔٭ تلجابھوانی زرعی فیسٹیول کا افتتاح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment