Wednesday, 18 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 18 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 18 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸۱/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت-فرانس تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی کا مستقبل کا خاکہ ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کیا ممبئی موسمیاتی کانفرنس کا افتتاح۔
٭ راشٹروادی کانگریس نے اجیت پوار طیارہ حادثے کی CBI جانچ کا کیا مطالبہ۔
٭ ریاستی حکومت کے وِندا کرندیکر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے سینئر ادیب شری نواس کلکرنی اور شری پُو بھاگوت پرکاشن سنستھا ایوارڈ کیلئے ناندیڑ کے نِرمل پرکاشن کے ناموں کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ شیواجی مہاراج کے دور کی آرمار جنگی کشتیوں کی نمائش کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں اہتمام۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِاعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت اور فرانس کے درمیان آزاد تجارتی معاہدہ دونوں ملکوں کی مشترکہ ترقی کیلئے مستقبل کا خاکہ ہے۔ وزیرِ اعظم کل ممبئی میں فرانس کے صدر ایمانیوئل میکراں کے ساتھ ایک صحافتی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ معاہدے کے بارے میں بات کرتے ہوئے وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس سے قبل وزیرِ اعظم نریندر مودی اور صدر ایمانیوئل میکراں نے کل ممبئی کے لوک بھون میں ملاقات کی۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ وہ میکراں کا خیرمقدم کرتے ہوئے بہت خوش ہیں اور دونوں مملک کے درمیان اسٹرٹیجک شراکت کو مضبوط کرنے کیلئے بھارت پُرعزم ہے۔ اسی بیچ میکراں نے کل ممبئی کے ہوٹل تاج میں 2008 کے دہشت گردانہ حملے کے شہیدوں کو خراجِ عقیدت پیش کیا ہے۔ اس موقع پر ان کی اہلیہ بریجیٹ میکراں موجود تھیں۔
***** ***** *****
وزیرِ خارجہ ایس جئے شنکر نے کہا ہے کہ بھارت اپنے عالمی شراکت داروں کے ساتھ زیادہ مضبوطی سے جڑرہا ہے اور حالیہ تجارتی معاہدے ملک کے بڑھتے ہوئے معاشی اعتماد کا ثبوت ہیں۔ وزیرِ موصوف کل ممبئی میں گلوبل اکنامک کوآپریشن 2026 کی افتتاحی تقریب کے موقع پر بول رہے تھے۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ موسمیاتی تبدیلی کے بڑھتے ہوئے چیلنجوں سے نمٹنے کیلئے بڑے پیمانے پر کارروائی کی ضرورت ہے۔ انھوں نے کہا کہ ممبئی موسمیاتی کانفرنس ایک اہم سنگ ِ میل ثابت ہوگی اورمہاراشٹر اس طرح کے ایکشن پروگرام کی قیادت کرنے کیلئے تیار ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی موسمیاتی کانفرنس کے افتتاح کے موقع پر خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کیلئے ضروری سرمایہ کاری کیلئے شراکت داری اور مالیاتی انتظامات کی ضرورت کا ذکر کیا۔
نئی اور قابلِ تجدید توانائی کے مرکزی وزیر پرلہاد جوشی اور ماحولیات کی ریاستی وزیر پنکجا منڈے اس موقع پر موجود تھیں۔ پی ایم کُسم اسکیم میں مہاراشٹر کی شاندار کارکردگی کو سراہتے ہوئے پرلہاد جوشی نے ریاست کیلئے مزید ایک لاکھ پمپس کی منظوری کا اعلان کیا۔
اپنے خطاب میں ریاستی وزیر پنکجا منڈے نے کہا کہ موسمیاتی کارروائی کیلئے حکومت‘ شہری اداروں اور شہریوں کی شراکت ضروری ہے اور نوجوانوں کی شرکت خاص اہمیت کی حامل ہے۔ اس موقع پر ممبئی میٹرو پولیٹن ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی اوراقوامِ متحدہ کے ماحولیاتی پروگرام کے درمیان ممبئی کیلئے آب و ہوا کے موافق منصوبہ تیار کرنے کی خاطر مفاہمت کی ایک یادداشت پر دستخط کیے گئے۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے‘ اجیت پوار طیارہ حادثے کی CBI جانچ کا مطالبہ کیا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار‘ پارٹی کے قومی کارگذار صدر پرفل پٹیل اور ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے وزیرِ اعلیٰ سے ملاقات کی اور یہ مطالبہ کیا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ نے اس سلسلے میں مرکزی وزارتِ داخلہ سے خط و کتابت کرنے کا یقین دلایا ہے۔
***** ***** *****
حکومت نے ریاست میں خدمات ِ عامہ افسران کے تبادلوں اور تعیناتی کیلئے ایک سول سروسیز بورڈ قائم کیا ہے۔ چیف سیکریٹری اس بورڈ کے چیئرمین ہوں گے‘ جبکہ عام انتظامیہ محکمے کے سیکریٹری اس بورڈکے ممبر سیکریٹری ہوں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کے اس بار کے وِندا کرندیکر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے سینئر ادیب شری نواس کلکرنی کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ وہیں 2025 کا ساہتیہ بھوشن ایوارڈ‘ سینئر مصنف بھالچندر نیماڑے کو دیا جائے گا۔ مراٹھی زبان کے وزیر اُدئے سامنت نے کل منترالیہ میں منعقدہ صحافتی کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ یہ دونوں انعامات 10لاکھ روپئے‘ ایک تمغہ اور اعزازی صداقت نامے پر مشتمل ہیں۔ اسی طرح اشاعتی اداروں کو دئیے جانے والے شری پُو بھاگوت ایوارڈ کیلئے ناندیڑ کے نِرمل پرکاشن کے نام کا اعلان کیا گیا ہے۔ یہ ایوارڈ پانچ لاکھ روپئے‘ ایک تمغہ اور اعزازی سند پر مشتمل ہے۔ وہیں کلارَتن انعام کیلئے موسیقار اجئے اور اتل گوگاولے کو منتخب کیا گیا ہے۔ اس انعام کے طور پر توصیفی سند اور پانچ لاکھ روپئے دئیے جائیں گے۔ اس موقع پر وزیرِ موصوف نے دیگر 35 ایوارڈز کا بھی اعلان کیا۔ مراٹھی زبان کے گورو دن کی مناسبت سے آئندہ 27 فروری کو یہ انعامات ناسک میں منعقد کیے جانے والے چوتھے عالمی مراٹھی ادبی سمّیلن میں پیش کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کرانتی چوک علاقے میں شیواجی مہاراج کے دور کے جنگی جہازوں کی نقل کے طور پر ایک عظیم الشان مراٹھا آرمار جنگی کشتیوں کی نمائش کا اہتمام کیا گیا ہے۔ اس نمائش کا افتتاح کل بھارتی بحریہ کے سرجن کیپٹن موہن روٹے اور لیڈنگ مرین انجینئر حسن حسین خان کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کی جانب سے اس دو روزہ نمائش کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج تاریخ کا ایک سنہرا صفحہ ہیں۔ مشہور مقرر ڈاکٹر وِشوادھار دیشمکھ نے اپیل کی ہے کہ نوجوان‘ شیورائے کو اپنے طرزِ عمل کا موضوع بنائیں۔ موصوف کل نرہر کُرندکر لیکچر سیریز کے دوران خطاب کررہے تھے۔ جس کا اہتمام لائف لانگ ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن ڈپارٹمنٹ اورڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مٹراٹھواڑہ یونیورسٹی کے طلبہ کی ترقی کے شعبے نے مشترکہ طور پر کیا تھا۔ اس موقع پر ڈاکٹر دیشمکھ نے ”چھترپتی شیواجی مہاراج- میراث اور ورثہ“ اس موضوع پر خطاب کیا۔ اس لیکچر کا ترمیم شدہ اقتباس آپ آج کے پراسنگِک نامی پروگرام میں سنیں گے۔
***** ***** *****
بجلی کے اسمارٹ میٹر لگانے والے گھریلو صارفین کو بجلی کے نرخوں میں 80 پیسے سے ایک روپیہ فی یونٹ کی یومیہ رعایت دی جارہی ہے۔ ریاست کی بجلی تقسیم کار کمپنی مہاوِترن کے چیف انجینئر پون کمار کچھوٹ نے اپیل کی ہے کہ شہریان اس سے فائدہ اٹھائیں۔ کمپنی کی جانب سے آئندہ 23 تاریخ تک ریاست بھر میں اسمارٹ میٹر پندھرواڑے کا اہتمام کیا جارہا ہے۔ اس تناظر میں بولتے ہوئے کچھوٹ نے وضاحت کی کہ یہ اسمارٹ میٹرز پری پیڈ نہیں بلکہ پوسٹ پیڈ ہیں۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن نے ریاست بھر میں ایس ٹی بسوں کی حفاظت کی خاطر ایک نیا سی سی ٹی وی پروجیکٹ شروع کیا ہے۔ اس کے تحت ایس ٹی بس اسٹینڈ سے لیکر ڈویژنل دفاتر تک تمام اہم مقامات پر سی سی ٹی وی کیمرے لگائے جائیں گے۔ ٹرانسپورٹ کے وزیر اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے یہ اطلاع دی۔ 633 مقامات پر کُل سات ہزار 35 سی سی ٹی وی کیمرے نصب کیے جائیں گے۔ اس کیلئے حکومت نے 111 کروڑ روپؤں کا فنڈ فراہم کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی تعلیمی بورڈ(CBSE) کے تحت دسویں اور بارہویں جماعتوں کے امتحانات کا کل سے آغاز ہوگیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہرکے مختلف امتحانی مراکز پر سخت معائنے اور نظم و ضبط کے ساتھ یہ امتحانات شروع ہوئے ہیں۔ امتحانی مراکز پر کیمرے نصب کیے گئے ہیں تاکہ بدعنوانی کو روکا جاسکے۔
***** ***** *****
یہ انکشاف ہوا ہے کہ ہنگولی ضلع کے بسمت کے کیمبرج کالج میں ہندی مضمون کے امتحان کے دوران ایک ٹیچر نے سی سی ٹی وی کیمروں کو بند کردیا تھا اور طلبہ کو جوابات فراہم کیے تھے۔ اس سلسلے میں بسمت پولس اسٹیشن میں کیس درج کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت کی ”میری وسندھرا مہم-5“کے تحت میری وسندھرا مقابلے میں ناسک میونسپل کارپوریشن کیلئے ڈیڑھ کروڑ روپؤں کے انعام کا اعلان کیا گیا ہے۔ گیلا‘ خشک کچرا علیحدہ کرنے‘ تجدید کاری اور محفوظ ٹریفک انتظامات کے پیمانو ں پر کل اس انعام کا اعلان کیا گیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میں آج سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں آج ”جدید صحافت“ کے عنوان پر ایک روزہ ورکشاپ کا انعقاد کیا گیا ہے۔ دو سیشنز میں ہونے والے اس ورکشاپ میں کئی معززین رہنمائی کریں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بھارت-فرانس تجارتی معاہدہ دونوں ممالک کی مشترکہ ترقی کا مستقبل کا خاکہ ہے: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کیا ممبئی موسمیاتی کانفرنس کا افتتاح۔
٭ راشٹروادی کانگریس نے اجیت پوار طیارہ حادثے کی CBI جانچ کا کیا مطالبہ۔
٭ ریاستی حکومت کے وِندا کرندیکر لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ کیلئے سینئر ادیب شری نواس کلکرنی اور شری پُو بھاگوت پرکاشن سنستھا ایوارڈ کیلئے ناندیڑ کے نِرمل پرکاشن کے ناموں کا اعلان۔
اور۔۔۔٭ شیواجی مہاراج کے دور کی آرمار جنگی کشتیوں کی نمائش کا چھترپتی سمبھاجی نگر میں اہتمام۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...