Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 14 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۱/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سیوا تیرتھ اور کرتویہ بھون عمارتوں کا افتتاح ترقی یافتہ بھارت کے عزم کی سمت ایک علامتی عملی اقدام: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کا اختتام؛ 9 مارچ سے دوسرا مرحلہ۔
٭ عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر کل ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ پرلی میں مویشیوں کی قومی نمائش ”مہاپشودھن ایکسپو“ کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج پہلی کُل ہند طبّی ادبی وثقافتی کانفرنس کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ”سیوا تیرتھ“ اور ”کرتویہ بھون“ عمارتوں کا افتتاح ترقی یافتہ بھارت کے عزم کی سمت ایک عملی علامتی قدم ہے۔ کل نئی دہلی میں سیوا تیرت عمارت اور کرتویہ بھون 1- اور 2- کے باقاعدہ افتتاح کے بعد منعقدہ تقریب سے وہ خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
اس کمپلیکس میں وزیرِ اعظم دفتر‘ قومی سلامتی کونسل کا سیکریٹریٹ اور کابینی سیکریٹریٹ موجود ہیں۔ ان نئی عمارتوں کے سبب مالیاتی‘ دفاعی‘ زرعی‘ صحت ِ عامہ اور خاندانی بہبود سمیت کئی اہم وزارتیں‘ جدید سہولیات سے آراستہ کشادہ دفاتر میں کام کرسکیں گی۔ متعلقہ، وزارتوں کے سابقہ دفاترکو اب میوزیم میں تبدیل کردیا جائے گا۔
دریں اثناء‘ ان دفاتر میں کام کاج کے آغاز کے پہلے مرحلے میں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے زرعی انفراسٹرکچر سہولیاتی فنڈ دوگنا کرکے دو لاکھ کروڑ اور اسٹارٹ اَپ انڈیا اسکیم کے 10 ہزار کروڑ روپئے فنڈ کو منظوری دے دی۔
***** ***** *****
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کا پہلا مرحلہ کل اختتام پذیر ہوا۔ بجٹ اجلاس کے دوسرے مرحلے کا 9 مارچ سے آغاز ہوگا‘ جو 2 اپریل تک جاری رہے گا۔ لوک سبھا میں کل آخری دن بھی حزبِ اختلاف کے ارکان کی جانب سے مختلف موضوعات پر شور و غل کے باعث ایوان کی کارروائی ابتداء میں دو بار اور بعد ازاں 9 مارچ کیلئے تک ملتوی کردی گئی۔ راجیہ سبھا میں وقفہئ سوالات کے بعد چیئرمین سی پی رادھا کرشنن نے ایوان کی کارروائی 9 مارچ تک کیلئے ملتوی کردی۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے اعتماد ظاہر کیا ہے کہ حکومت کی دالوں کی خود انحصاری مہم کے باعث ملک 2030-31 تک دالوں کے معاملے میں مکمل خود کفیل ہوجائے گا۔ راجیہ سبھا میں وقفہئ سوالات کے دوران وہ سوالوں کا جواب دے رہے تھے۔ وزیرِ موصوف نے بتایا کہ زرعی پیداوار کی محفوظ ذخیرہ اندوزی کیلئے حکومت نے زرعی انفراسٹرکچر سہولیاتی فنڈ کا آغاز کیا ہے۔ جس کے سبب فصلوں کے نقصان کی شرح میں 5تا 15 فیصد کمی آئے گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Agriculture Minister Shivraj Singh Chouhan
***** ***** *****
لوک سبھا میں قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی کے خلاف بی جے پی کے رکنِ پارلیمان نشی کانت دُوبے کی پیش کردہ قرارداد پر کارروائی کا اُضولی فیصلہ حکومت نے کیا ہے۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے یہ اطلاع دی۔ انھوں نے کہا کہ دُوبے کی قرارداد لوک سبھا اسپیکر سے تبادلہئ خیال کے بعد خصوصی استحقاق کمیٹی کو ارسال کی جائیگی یا براہِ راست ایوان میں مباحثے کیلئے لائی جائیگی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Parliamentary Affairs Minister Kiren Rijiju
رِجیجو نے بتایا کہ راہل گاندھی کے خلاف یہ قرارداد زیرِ غور ہے، اس لیے ان کے خلاف علیحدہ مراعات شکنی کی تحریک نہیں لائی جائیگی۔ نشی کانت دُوبے نے اپنی قرارداد میں راہل گاندھی کی رُکنیت منسوخ کرنے اور ان کے انتخابات لڑنے پر تاحیات پابندی کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
عالمی یومِ ریڈیو کل منایا گیا۔ اس سال کے ریڈیو دن کا موضوع ہے ”مصنوعی ذہانت ایک ذریعہ ہے لیکن انسانی آواز کا متبادل نہیں۔“ آکاشوانی کی جانب سے چھتیس گڑھ کے رائے پور میں کل عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر سمینار منعقد کیا گیا۔ اس کے علاوہ آکاشوانی ممبئی کے آڈیٹوریم میں مغربی موسیقی کا پروگرام ”ووکس اینڈ وائبز“ منعقد کیا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں ریڈیو پرستار سنجئے پوار کی جانب سے منعقدہ نمائش کا متعدد ریڈیو سامعین نے نظارہ کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندرشیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ ”شیوبھوجن تھالی“ اسکیم کے تحت کام کرنے والے ڈرائیوروں کا دس ماہ سے زیرِ التواء مشاہرہ بہت جلد ادا کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔ وہ کل ناگپور میں اخبار نویسوں سے گفتگو کررہے تھے۔
***** ***** *****
ممبئی میٹرو پولیٹین ریجن ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے تحت عوامی حمل و نقل کو بہتر بنانے کیلئے پوڈ ٹیکسی سروس کا خاکہ تیار کرنے کی ہدایت نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے کی ہے۔ میٹرو اور لوکل ٹرین کے سفر کے متبادل کے طور پر پیش کی جانے والی اس سروس کا جائزہ کل شندے نے لیا۔ انھوں نے کہا کہ شہریوں کو راست طور پر ان کی منزلِ مقصود تک پہنچانے کومیونسپل انتظامیہ ترجیح دے۔
***** ***** *****
پرلی میں ”بقائے مویشیان“ محکمے کی جانب سے مویشیوں کی قومی نمائش ”مہاپشودھن ایکسپو“ کا افتتاح کل وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر اپنے خطاب میں انھوں نے کہا کہ حکومت مویشی پروری کرنے والے افراد کو کسانوں سے صنعت کار بنانے کیلئے کوشاں ہے اور مویشی پروری کے شعبے کو زراعت کا درجہ ملنے سے بجلی کے بلوں میں رعایت کا راستہ صاف ہوا ہے۔ پنکجا منڈے نے مویشیوں کی مختلف نسلوں کا معائنہ کرکے کسانوں سے تبادلہئ خیال بھی کیا۔ اس موقع پر رکنِ اسمبلی دھننجئے منڈے‘ ضلع کلکٹر ویویک جانسن اور دیگر اہم شخصیات موجود تھیں۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا ہے کہ اس نمائش کا آج وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس بھی دورہ کریں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج سے پہلی کُل ہند طبّی‘ ادبی و ثقافتی کانفرنس شروع ہورہی ہے۔ ایم آئی ٹی انجینئرنگ کالج میں ہونے والی اس دو روزہ کانفرنس میں ادبی نشستیں‘ غزل و مشاعرہ‘ ناٹیہ سنگیت‘ معروف فلم ساز جبار پٹیل کا انٹرویو اور دیگر پروگرامز ہوں گے۔ سماجی اور طبّی شعبے سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات بھی اس کانفرنس میں اپنے تجربات پیش کریں گے۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں ”مہاریشم ابھیان 2026“ کا افتتاح کل ضلع کلکٹر آشیما متل کے ہاتھوں ریشم چتررتھ کو ہرا جھنڈا دکھاکر کیا گیا۔ ضلع میں اس برس پانچ ہزار ایکڑ رقبے پر ریشم سازی میں معاون شہتوت کی فصلیں لگانے کا ہدف ہے۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر نے مضبوط ذریعہئ آمدنی کے طور پر ریشم سازی کو اپنانے کی ترغیب دی۔
***** ***** *****
دھاراشیو میونسپل کونسل کا عام اجلاس صدرِ بلدیہ نیہا کاکڑے کی زیرِ صدارت کل منعقد ہوا۔ کچرا ڈپو ہٹانے‘ املاک ٹیکس میں رعایت اور ابھئے یوجنا پر مختلف اہم فیصلے اس اجلاس میں کیے گئے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں ”مکھیہ منتری بڑی راجہ شیت پانند راستے یوجنا“ کیلئے گیورائی اسمبلی حلقے کے علاقائی کمیٹی کا کل اجلاس ہوا۔ سابق رکنِ اسمبلی اور جئے بھوانی امدادِ باہمی شکر کارخانے کے چیئرمین امر سنگھ پنڈت نے اس موقع پر رہنمائی کی۔
***** ***** *****
پربھنی ضلع پولس کی 97 خالی آسامیوں کے سپاہی اور ڈرائیور بھرتی کے عمل کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ 5 مارچ تک چلنے والے اس عمل میں روزانہ تقریباً ایک ہزار نوجوان لڑکے اور لڑکیوں کے ٹیسٹ لیے جائیں گے۔
***** ***** *****
مردوں کے ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج آئرلینڈ-عمان‘ انگلینڈ- اسکاٹ لینڈ اور جنوبی افریقہ- نیوزی لینڈ کے مابین مقابلے ہوں گے۔اس ٹورنامنٹ میں کل زمبابوے نے آسٹریلیاء کو 23 رنوں سے شکست دے دی۔ دیگر میچوں میں امریکہ نے نیدر لینڈ کو 93 رنوں سے اور متحدہ عرب امارات نے کینیڈا کو پانچ وکٹ سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سیوا تیرتھ اور کرتویہ بھون عمارتوں کا افتتاح ترقی یافتہ بھارت کے عزم کی سمت ایک علامتی عملی اقدام: وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس کے پہلے مرحلے کا اختتام؛ 9 مارچ سے دوسرا مرحلہ۔
٭ عالمی یومِ ریڈیو کے موقع پر کل ملک بھر میں مختلف پروگراموں کا انعقاد۔
٭ پرلی میں مویشیوں کی قومی نمائش ”مہاپشودھن ایکسپو“ کا آغاز۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں آج پہلی کُل ہند طبّی ادبی وثقافتی کانفرنس کا انعقاد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment