Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 07 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۷/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاست کی 12 ضلع پریشد اور 125 پنچایت سمیتیوں کیلئے آج رائے دہی جاری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور ناندیڑ میں میئر کے عہدے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی آٹو موبیل صنعت کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ تعلیم کا اصل مقصد زندگی کی ہمہ جہت ترقی ہے۔ ”پریکشا پے چرچا“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بھارت نے جیت لیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتیوں کیلئے رائے دہی ہورہی ہے۔ آج صبح ساڑھے سات بجے سے اس رائے دہی کا آغاز ہوا، جو شام ساڑھے پانچ بجے تک جاری رہے گی۔ 9 فروری پیر کو ان ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔ ضلع پریشد کی 731 نشستوں کیلئے دو ہزار 624 امیدوار میدان میں ہیں، جبکہ پنچایت سمیتیوں کی ایک ہزار 462 نشستوں کیلئے چار ہزار 814 امیدوار الیکشن لڑرہے ہیں۔ ہر ووٹر کو ضلع پریشد الیکشن کیلئے ایک اور پنچایت سمیتی کیلئے ایک اس طرح کُل دو ووٹ دینا ہوں گے۔ ضلع پریشد کیلئے سفید رنگ کا اور پنچایت سمیتی کیلئے گلابی رنگ کا بیلیٹ پیپر ہے۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے چھترپتی سمبھاجی نگر‘ پربھنی‘ دھاراشیو اور لاتور ضلع پریشدوں اور ان اضلاع کی 36 پنچایت سمیتیوں کیلئے یہ انتخابات ہورہے ہیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کی 63 نشستوں اور پنچایت سمیتی کی 126 نشستوں کیلئے ووٹ ڈالے جارہے ہیں۔ دھاراشیو ضلع پریشد کی 55 اور آٹھ پنچایت سمیتیوں کی 110 نشستوں کیلئے رائے دہی جاری ہے۔ ضلع میں 1308 رائے دہی مراکز پر 11 لاکھ 45 ہزار888 رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
لاتور ضلع پریشد کی 49 نشستوں کیلئے 242 امیدوار 118 پنچایت سمیتی سیٹوں کیلئے 419 امیدوار اپنی قسمت آزمارہے ہیں۔
پربھنی ضلع پریشد کی 54 سیٹوں پر اور پنچایت سمیتی کی 108 نشستوں کیلئے بھی یہ ووٹنگ جاری ہے اور ضلع کے کُل ایک ہزار 278 رائے دہی مراکز پر تقریباً 10 لاکھ 45 ہزار 855 رائے دہندگان اپنے حقِ رائے دہی کا استعمال کریں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کیلئے بی جے پی کے سمیر راجورکر نے اور ڈپٹی میئر کیلئے شیوسینا کے راجندر جنجاڑ نے کل کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ بی جے پی رہنماء اور بہوجن بہبود کے وزیر اتل ساوے نے کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔ مجلس اتحادالمسلمین کی جانب سے اشوک ہیوراڑے نے میئر کیلئے اور ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے وسیم احمد نے بھی کاغذاتِ نامزدگی داخل کیے۔ ایم آئی ایم کے ریاستی صدر اور سابق رکنِ پارلیمان امتیاز جلیل نے ان کی رہائش گاہ پر منعقدہ ایک اخباری کانفرنس میں یہ اطلاع دی۔
دریں اثناء‘ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن میں اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے گروپ لیڈر کی حیثیت سے گنیش لوکھنڈے کو اتفاقِ رائے سے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے پہلے میئر کے عہدے کیلئے بی جے پی کی وندنا مگرے اور ڈپٹی میئر کیلئے بی جے پی ہی کے راجیش راؤت نے کل اپنی نامزدگیاں داخل کیں۔ ان عہدوں کیلئے صرف ایک ایک درخواست موصول ہوئی ہے۔ اس لیے یہاں بلا مقابلہ انتخاب یقینی ہے۔
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں میئر کیلئے بی جے پی‘ ایم آئی ایم اور کانگریس و ونچت بہوجن آگھاڑی کے امیدواروں نے اپنے پرچہئ جاتِ نامزدگی داخل کیے۔ بی جے پی کی جانب سے میئر کیلئے کویتا مُڑے اور ڈپٹی میئر کیلئے دیپک سنگھ راؤت نے درخواستیں داخل کیں، جبکہ ایم آئی ایم کی جانب سے اشونی دھونگڑے اور کانگریس‘ ونچت بہوجن آگھاڑی کی جانب سے مہہ جبین عبدالفہیم نے میئر کے عہدے کیلئے درخواستیں جمع کروائیں۔ ناندیڑ میونسپل کارپویشن میں میئر اور ڈپٹی میئر عہدوں کیلئے 10 فروری کو انتخابات ہوں گے۔
***** ***** *****
لاتور میونسپل کارپوریشن انتخابات میں متحدہ طور پر الیکشن لڑنے والی کانگریس اور ونچت بہوجن آگھاڑی کے درمیان اختلافات پیدا ہوگئے ہیں۔ ونچت کے مراٹھواڑہ سیکریٹری سنتوش سوریہ ونشی نے الزام عائد کیا ہے کہ ان کی پارٹی کے ساتھ اقتدار میں مناسب شراکت نہ دیکر جعلسازی کی گئی ہے۔ تاہم‘ کانگریس کے شہر صدر کرن جادھو نے ان تمام الزامات کو مسترد کردیا اور کہا کہ یہ اتحاد بدستور قائم ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین دہانی کروائی ہے کہ چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناسک میں گاڑیوں کی صنعت کیلئے ضروری بنیادی ڈھانچہ تیار کرنے کا ریاستی حکومت کا عزم ہے اور یہاں 2028 تک پروڈکشن شروع کرنے کیلئے ریاستی حکومت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ کل ناگپور میں ”ایڈوانٹیج ودربھ 2026“ انڈسٹرئیل فیسٹیول کا افتتاح وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور مرکزی وزیر نتن گڈکری کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ مہندرا اینڈ مہندرا نے بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری کرتے ہوئے ناگپور میں ان کی جدید ترین SVV کی فیکٹری لگا رہی ہے اور چھترپتی سمبھاجی نگر اور ناسک میں بھی 15ہزار کروڑ روپئے کی سرمایہ کاری کا مہندرا اینڈ مہندرا نے اعلان کیا ہے‘ اس کیلئے انھیں 16 ایکڑ زمین بھی دی جارہی ہے۔
دریں اثناء‘ نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال کے بعد ریاست میں جو سیاست کی جارہی ہے وہ انتہائی غلط اور نچلی سطح کی ہے۔ اس معاملے میں نہایت سخت ردّعمل دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے اس نوعیت کی سیاست نہ کرنے کی اپیل کی۔ انھوں نے کہا کہ ایک قدآور سیاست داں کے انتقال پر ہر شخص اپنی ذاتی سیاست کررہا ہے اور یہ عمل بند ہونا چاہیے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہن اسکیم کے کچھ استفادہ کنندگان کو ای کے وائی سی کیلئے حکومت نے 31 مارچ تک کا وقت دیا ہے۔ اس اسکیم کیلئے ای کے وائی سی کی مدت 31 دسمبر تک تھی۔ اس وقع کچھ مستفیدین نے خاندان کے کسی شخص کے سرکاری ملازمت میں برسرِکارہونے سے متعلق غلط متبادل کا انتخاب کیا تھا۔ اب ان افراد کو مناسب متبادل چننے کیلئے اس مدت میں اضافہ کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کی مالیاتی پالیسی کمیٹی نے شرح سود جوں کی توں برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس لیے اب ریپو ریٹ بدستور سوا پانچ فیصد ہی رہے گا۔ آر بی آئی گورنر سنجئے ملہوترا نے کل اس فیصلے کا اعلان کیا۔ سونے اور چاندی کی قیمت میں اضافے کے باعث مہنگائی کی شرح آئندہ مالی سا کی پہلی سہ ماہی میں چار فیصد رہنے کے امکان کا اظہار بھی انھوں نے کیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ امتحانات میں محض نشانات حاصل کرنا حتمی ہدف نہیں بلکہ مکمل زندگی کی ہمہ جہت نشو و نماء ہی تعلیم کا حقیقی مقصد ہے۔ وہ کل پریکشا پہ چرچا سلسلے کے 9 ویں ایڈیشن میں طلبہ و سرپرستوں سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ زندگی صرف امتحانات کیلئے نہیں بلکہ زندگی کو بہترین بنانے کا تعلیم ایک ذریعہ ہے۔ پیشہ وارانہ ہنر اور زندگی گذارنے کے ہنر دونوں میں توازن نہایت ضروری ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
علم حاصل کرنے کیلئے ہمیشہ کوشاں رہنا‘ اساتذہ سے ایک قدم آگے بڑھ کر سونچنے کی عادت ڈالنا‘ نیز ہدف چیلنجنگ لیکن قابلِ حصول مقرر کرنا یہ اُصول وزیرِ اعظم نے طلبہ کو بتائے۔ انھوں نے کہا کہ طلبہ کو والدین اور اساتذہ کی ہدایت پر توجہ دینی چاہیے اور اپنے تجربات اور فہم و ادراک کو یکجا کرکے امتحانات دینا چاہیے۔ مناسب مطالعہ‘ مشاہدہ اور علم کے استعمال کے بغیر کوئی بھی ہنر حاصل نہیں ہوسکتا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
19 برس سے کم عمر کے کھلاڑیوں کا عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بھارت نے جیت لیا ہے۔ زمبابوے کے ہرارے میں کل کھیلے گئے فائنل میں بھارت نے انگلینڈ کو 100 رنوں سے شکست دیکر چھٹی بار یہ اعزام اپنے نام کیا۔ ٹاس جیت کر پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے بھارت نے مقررہ 50 اوور میں 9 وکٹ کے نقصان پر 411 رن بنائے۔ ویبھو سوریہ ونشی نے صرف 80 گیندوں میں 175 رن بنائے۔ جبکہ کپتان آیوش مہاترے نے 53 رن بنائے۔ واب میں انگلینڈ کی پوری ٹیم 41 ویں اوور میں 311 رن بناکر آؤ ہوگئی۔ ویبھو سوریہ ونشی
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاست کی 12 ضلع پریشد اور 125 پنچایت سمیتیوں کیلئے آج رائے دہی جاری۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر، جالنہ اور ناندیڑ میں میئر کے عہدے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کی آٹو موبیل صنعت کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے مکمل تعاون کی وزیرِ اعلیٰ کی یقین دہانی۔
٭ تعلیم کا اصل مقصد زندگی کی ہمہ جہت ترقی ہے۔ ”پریکشا پے چرچا“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کا عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ بھارت نے جیت لیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment