Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 13 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۱/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں Building Complex ”سیوا تیرتھ“ کا کریں گے افتتاح۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کی خاطر یونیسکو کی جانب سے صداقت نامہ پیش۔
٭ رحمِ مادر کے منہ کے کینسر سے پاک مہاراشٹر مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی شمولیت۔
٭ دھاراشیو میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا مرکزی حکومت کی ٹیم نے کیا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت کی نمیبیا پر 93 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں سرکاری انتظامی عمارتوں کے مجموعے ”سیوا تیرتھ“ کا افتتاح کریں گے۔ اس بلڈنگ کامپلیکس میں وزیرِ اعظم کا دفتر‘ قومی سلامتی کاؤنسل کا سیکریٹریٹ اور کابینہ کا سیکریٹریٹ شامل ہے۔ سیوا تیرتھ کے ساتھ ساتھ کرتویہ بھون ایک اور دو کا باضابطہ افتتاح بھی وزیرِ اعظم کے ہاتھوں عمل میں آئے گا۔ کرتویہ بھون کی نئی عمارتوں کی تعمیر کے سبب مالیات‘ دفاع‘ صحت‘ خاندانی بہبود‘ زراعت سمیت بہت سی اہم وزارتیں اب وسیع اور جدید ترین سہولیات سے آراستہ ہوکر کام کریں گی۔
***** ***** *****
Defence Aquisition Council نے تین لاکھ 60ہزار کروڑ روپؤں کی دفاعی خریداری کی تجویز کو منظوری دی ہے۔ اس کے تحت ہوائی فواج کیلئے رافیل طیارے‘ میزائل‘ رڈار پر نظر نہ آنے والے سیارچے، بحری فوج کیلئے گیس پر مبنی پاور جنریٹرس‘ جاسوس طیارے‘ زمینی فوج کیلئے ٹینک اور اینٹی ٹینک بم خریدے جائیں گے۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ ان میں سے زیادہ تر رافیل طیارے مقامی طورپر بنائے جائیں گے۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں کل Industrial Relation Code Bill-2026کو منظوری دی گئی۔ اس بل کے ذریعے Industrial Relation Code Bill-2020میں ترمیم کی گئی ہے۔ اس نئے بل کا مقصد ٹریڈ یونین ایکٹ 1926‘ Industrial Emloyment Act-1946اور Industrial Despute Act-1974 کے درمیان ممکنہ پیچیدگیوں سے بچنا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا ہے کہ اس بار کے بجٹ میں پائیدار و جامع ترقی اور معاشی خود انحصاری پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔ وزیرِ موصوفہ کل راجیہ سبھا میں بجٹ پر بحث کا جواب دے رہی تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ اس بجٹ میں 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کے خواب کو پورا کرنے پر توجہ دی گئی ہے۔ اس بجٹ میں 16 نئی اسکیمات کا اعلان کیا گیا ہے۔ وزیرِ خزانہ نے کہا ہے کہ اگر ریاستیں ان اسکیمات کو فعال طریقے سے نافذ کریں تو انھیں بہت فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے کانگریس رہنماء اور لوک سبھا میں حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی کے ایوان میں غیر شائستہ برتاؤ کے خلاف کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرین رجیجو نے کہا ہے کہ بجٹ پر بحث کے دوران بے بنیاد بیانات دیکر ایوان کو گمراہ کرنے کی پاداش میں راہل گااندھی کے خلاف تحریک پیش کی جائے گی۔ اسی دوران بی جے پی کے رکنِ پارلیمان نشی کانت دوبے نے ایوان میں ایک تحریک پیش کی اور الزام عائد کیا کہ راہل گاندھی نے ملک کو گمراہ کیا ہے۔ دوبے نے اپنی اس تجویز میں کہا ہے کہ راہل گاندھی کی پارلیمانی رُکنیت منسوخ کی جائے اور تاحیات الیکشن لڑنے پر پابندی عائد کی جائے۔
***** ***** *****
عالمی ثقافتی ادارے یونیسکو کی جانب سے چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کا صداقت نامہ کل پیرس میں ریاستی حکومت کو پیش کیا گیا۔ یونیسکو کے دفتر میں منعقدہ ایک تقریب میں ریاست کے ثقافتی اُمور کے وزیر آشیش شیلار نے یہ سرٹیفکیٹ قبول کیا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس خصوص میں اپنے ردّ عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ پورے مہاراشٹر اور دنیا بھرکے شیو سے محبت کرنے والوں کیلئے خوشی اور فخر کا لمحہ ہے۔
***** ***** *****
دُوردرشن کی سابق نیوز اینکر سرلا مہیشوری کا کل 70 برس کی عمر میں انتقال ہوگیا۔ ان کے قریبی ساتھیوں نے سوشل میڈیا پر یہ اطلاع دی۔ آنجہانی‘ خبریں پڑھنے کے اپنے مخصوص انداز کیلئے عام لوگوں میں کافی مقبول تھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کو رحمِ مادر کے منہ کے کینسر سے پاک مہاراشٹر مہم میں شامل کرلیا گیا ہے۔ اس سلسلے میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کیلئے ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے ہیں جس سے ضلع میں اس مہم کا نفاذ جلد ہی شروع ہوجائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کارپوریٹ اداروں سے اپیل کی ہے کہ وہ کارپوریٹ سماجی ذمہ داری CSR کے ذریعے اس مہم میں شامل ہوں اور اس اجتماعی تحریک کو مضبوط کریں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ اور بیڑ ضلع کی رابطہ وزیر سنیترا پوار نے ہدایت دی ہے کہ بیڑ ضلع میں تمام ترقیاتی کام مقررہ مدت میں مکمل کیے جائیں اور کوئی بھی کام ادھورا نہ چھوڑا جائے۔ وزیرِ موصوفہ کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بیڑ ضلع پلاننگ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ اسی بیچ رابطہ وزیر سنیترا پوار نے بتایا کہ گنا توڑنے والے مہاجر مزدوروں کے بیٹے اور بیٹیوں کیلئے سنت بھگوان بابا گورنمنٹ ہاسٹل اسکیم کے تحت بیڑ ضلع میں 11 اقامت گاہوں کی تعمیر کیلئے 159 کروڑ 36 لاکھ 60 ہزار روپؤں کے بجٹ کو انتظامی منظوری دی گئی ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع منصوبہ بندی کمیٹی کے 849 کروڑ روپؤں کے اخراجات کو کل منظوری دی گئی‘ وہیں 765کروڑ روپؤں کے اضافی فنڈ کا بھی مطالبہ کیا گیا۔ اسی طرح ناندیڑ ضلع کے سالانہ منصوبے کے 506 کروڑ 38 لاکھ روپؤں کے خاکے کو بھی کل منظوری دی گئی۔ پربھنی ضلع کے سالانہ ضلعی منصوبے 2026-27 کیلئے حکومت کی جانب سے مقرر کردہ زیادہ سے زیادہ مالی حد 311 کروڑ روپئے ہے۔ ضلع کی سرپرست وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے میٹنگ میں ضلع کیلئے اضافی فنڈ کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت کی ایک ٹیم نے کل دھاراشیو ضلع میں ستمبر 2025کے دوران شدید بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے نقصانات کا معائنہ کیا۔ اس ٹیم نے کل بھوم تعلقے کے چنچ پور- ڈھگے‘ چنچ پور والوڈ اور بیلگاؤں علاقوں کا دورہ کیا اور متاثرہ کسانوں سے بات چیت کی۔ اس ٹیم نے کولہاپوری ڈیم کو پہنچنے والے نقصانات کے ساتھ ساتھ اسکولوں‘ آنگن واڑی عمارتوں اور گرام پنچایت کے پانی صاف کرنے کے پروجیکٹ کا معائنہ کیا۔ اس سے قبل ضلع کلکٹر کیرتی کرن بجار نے نقصانات کے بارے میں انھیں تفصیلی معلومات دیں۔ اسی دوران مرکزی ٹیم نے کل اہلیا نگر ضلع میں گذشتہ برس ستمبر کے دوران ہوئی شدید بارشوں سے پاتھرڈی اور شیو گاؤں کو ہونے والے نقصانات کا بھی جائزہ لیا۔
***** ***** *****
دھاراشیو ضلع کے کسانوں کے خریف سیزن 2020کیلئے فصل بیمہ کے 134 کروڑ وپئے‘ محکمہئ زراعت کے ضلع دفتر کو منتقل کردئیے گئے ہیں۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے بتایا کہ سپریم کورٹ کے حتمی فیصلے کے بعد یہ رقم اہل کسانوں کے کھاتوں میں جمع کردی جائے گی۔
***** ***** *****
جالنہ صنعتی علاقے کے Phase III میں واقع Debuk Irrigation Mnaufacturing Company میں کل دوپہر آگ لگ گئی۔ جس پر چار فائر انجنوں کے ذریعے تین گھنٹوں میں قابو پالیا گیا۔
***** ***** *****
شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے سیّد اقبال کو اکثریتی ووٹوں سے پربھنی کے میئر کے طو رپر منتخب کرلیا گیا ہے‘ وہیں کانگریس کے گنیش دیشمکھ ڈپٹی میئر کے طور پر چنے گئے ہیں۔ ان انتخابات میں سیّد اقبال کو37 ووٹ ملے جبکہ حریف امیدوار بی جے پی کی تروملا کھلارے کو 26 ووٹ ملے۔ ڈپٹی میئر عہدے کیلئے کانگریس کے گنیش دیشمکھ نے 38 ووٹ حاصل کیے۔ انھوں نے راشٹروادی کانگریس پارٹی کی ناظمہ شیخ کو شکست دی۔
***** ***** *****
لاتور کی نومنتخبہ میئر جئے شری سون کامبلے نے کل میونسپل کارپوریشن کے افسران کے ساتھ کام کاج کا جائزہ لیا۔ انھوں نے آئندہ اتوار سے شروع ہونے والی گرام دیوت شری سدھیشور یاترا اور شیوجینتی کی مناسبت سے تجاویز بھی دیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو کی مقامی جرائم شاخ نے واشی تعلقے کے دشنے گاؤں کے جنگل سے 485 کلو گرام افیون کے پودے ضبط کیے ہیں۔ اس معاملے میں کسان منوہر اُگڑے کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
اسی طرح بیڑ ضلع میں نیکنور پولس نے ایک کھیت میں چھاپہ مارکر 11 کلو 150 کلو گرام گانجہ ضبط کیا ہے۔ اس کارروائی میں دو افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ ان کے پاس سے دو لاکھ 78 ہزار 750 روپؤں کا قیمتی سامان بھی ضبط کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ریڈیو کا عالمی دن آج منایا جارہا ہے۔ اس مناسبت سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے ایک ریڈیو پریمی سنجئے پوار نے آج ایک ریڈیو نمائش کا اہتمام کیا ہے۔ N-8 علاقے میں وینوتائی چوہان اسکول کے قریب منعقد کی گئی یہ نمائش سب کیلئے کھلی ہے۔ اس نمائش میں 400 سے زائد اقسام کے ریڈیوز دیکھے جاسکیں گے۔
***** ***** *****
بھارت نے کل T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں نمیبیا کو 93 رنوں سے شکست دی۔ بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے 9 وکٹوں کے نقصان پر 209 رنز بنائے۔ جوابی کھیل کے دوران نمیبیا کی ٹیم 116 رنوں پر آل آؤٹ ہوگئی۔ 52 رنز بنانے اور دو وِکٹیں لینے والے ہاردک پانڈیہ کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔
وہیں دیگر میچوں میں کل سری لنکا نے عمان کو 105 رنوں سے ہرایا، جبکہ اٹلی نے نیپال کو 10 وکٹوں سے شکست دی۔ اس ٹورنامنٹ میں آج آسٹریلیاء بمقابلہ زمبابوے‘ کینیڈا بنام UAE اور USA بمقابلہ نیدر لینڈ یہ میچز کھیلے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ وزیرِ اعظم نریندر مودی آج نئی دہلی میں Building Complex ”سیوا تیرتھ“ کا کریں گے افتتاح۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے 12 قلعوں کو عالمی ثقافتی ورثے کی فہرست میں شامل کرنے کی خاطر یونیسکو کی جانب سے صداقت نامہ پیش۔
٭ رحمِ مادر کے منہ کے کینسر سے پاک مہاراشٹر مہم میں چھترپتی سمبھاجی نگر کی شمولیت۔
٭ دھاراشیو میں شدید بارشوں سے ہونے والے نقصانات کا مرکزی حکومت کی ٹیم نے کیا معائنہ۔
اور۔۔۔٭ T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت کی نمیبیا پر 93 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment