Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 19 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۹۱/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پیٹ- پلاسٹک کی بوتلوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کیلئے ریاست کے نو شہروں میں مہا-آر-پیٹ مہم چلائی جائیگی؛ چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ بھی متعلقہ اضلاع میں شامل۔
٭ ریاست کی سات نشستوں سمیت راجیہ سبھا کی 37 نشستوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان۔
٭ مذہب ِ اسلام کے مقدس و بابرکت ماہِ رمضان المبارک کا آج سے آغاز۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ہر جگہ مختلف پروگراموں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ T-20 کرکٹ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت نے نیدر لینڈ کو 17 رنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پیٹ- پلاسٹک کی بوتلوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کیلئے ریاست کے نو شہروں میں مہا-آر-پیٹ مہم چلائی جائے گی۔ ممبئی میں منعقدہ موسمیاتی کانفرنس میں ریاستی وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے کی موجودگی میں اس سلسلے میں ایک مفاہمت نامے پر دستخط کیے گئے۔ اس کے مطابق، ہندوستان کوکا کولا بیوریجز اس مہم کو ممبئی، تھانے، نئی ممبئی، پنویل، پونے، ناسک، چھترپتی سمبھاجی نگر، بیڑ اور پال گھر میں نافذ کرے گی۔ اس مہم کے تحت پلاسٹک کے کچرے کو سائنسی طریقے سے ٹھکانے لگانے کے بارے میں عوام میں بیداری پیدا کی جائے گی۔ پلاسٹک جمع کرنے کیلئے دکانوں، ریستورانوں اور دیگر عوامی مقامات پر کلیکشن سینٹرز قائم کیے جائیں گے اور یہ مہم اسکولوں، مقامی خود مختار اداروں اور این جی اوز کے اشتراک سے چلائی جائے گی۔
***** ***** *****
الیکٹرانکس اور انفارمیشن ٹکنالوجی کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے کہا ہے کہ بھارت مصنوعی ذہانت کے ذریعے دنیا کو درپیش مختلف مسائل کو حل کرنے پر توجہ دے رہا ہے۔ وہ کل‘ نئی دہلی میں انڈیا اے آئی سمٹ میں ریسرچ سمپوزیم کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کر رہے تھے۔ ویشنو نے بتایا کہ صحت، زراعت اور موسمیاتی تبدیلی کے شعبوں میں پیدا ہونے والے مسائل کو حل کرنے کیلئے اے آئی ٹیکنالوجی کو ترجیح دی جا رہی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی انتخابی کمیشن نے راجیہ سبھا کی 37 خالی نشستوں کیلئے دو سالہ انتخابی پروگرام کا اعلان کر دیا ہے۔ ان خالی نشستوں میں مہاراشٹر کی سات نشستیں شامل ہیں، اور ایوانِ بالا کے اراکین شرد پوار، ڈاکٹر بھاگوت کراڑ، ڈاکٹر فوزیہ خان، پرینکا چترویدی، دھیریہ شیل پاٹل، رَجنی پاٹل اور رام داس آٹھولے کی مدت آئندہ 2 اپریل کو ختم ہو رہی ہے۔ اس انتخاب کا نوٹیفکیشن 26 فروری کو جاری کیا جائے گا، اور ووٹنگ کا عمل 16 مارچ کو ہو گا۔ کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ 5 مارچ ہے‘ جبکہ موصولہ درخواستوں کی جانچ 6 مارچ کو ہوگی اور کاغذاتِ نامزدگی 9 مارچ تک واپس لیے جاسکیں گے۔
مہاراشٹر کے ساتھ ہی یہ انتخاب اوڈیشہ، تمل ناڈو، مغربی بنگال، آسام، بہار، چھتیس گڑھ، ہریانہ، ہماچل پردیش اور تلنگانہ جیسی دس ریاستوں کی خالی راجیہ سبھا نشستوں کیلئے ہو رہا ہے۔
***** ***** *****
ریاست میں مسلم سماج کیلئے تعلیم اور ملازمتوں میں پانچ فیصد ریزرویشن نافذ کرنے والے آرڈیننس کی معیاد ختم ہو گئی ہے۔ سابقہ کانگریس اور این سی پی کی مخلوط حکومت نے ایک آرڈیننس جاری کرکے مراٹھا سماج کو16 فیصد اور مسلم سماج کیلئے پانچ فیصد ریزرویشن فراہم کیا تھا۔ حکومت نے فیصلے میں واضح کیا ہے کہ اس آرڈیننس کو قانون میں تبدیل نہیں کیا گیا تھا، اس لیے اس کی معیاد ختم ہونے کے بعد وہ منسوخ ہو گیا، لہٰذا‘ اس حوالے سے سرکاری فیصلہ اور سرکلر کو کالعدم قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
صنعتی تربیتی اداروں میں زیرِ تعلیم دو لاکھ طلباء کو اب مرحلہ وار ڈیزاسٹر مینجمنٹ کی تربیت دی جائے گی۔ فروغِ ہنر محکمے کے ریاستی وزیرمنگل پربھات لوڈھا نے یہ جانکاری دی۔ اس حوالے سے، کل ممبئی میں ’انیردّھ اکیڈمی آف ڈیزاسٹر مینجمنٹ‘ اور ووکیشنل ایجوکیشن اینڈ ٹریننگ ڈائریکٹوریٹ کے درمیان ایک مفاہمتی معاہدے پر دستخط کیے گئے۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات کا‘ کل جمعہ سے آغاز ہورہا ہے۔ اس امتحان میں ریاست بھر میں 16 لاکھ سے زیادہ طلباء شرکت کریں گے۔ اس امتحان میں سو فیصد نقل سے پاک مہم کو عملی جامہ پہنانے کی تیاریاں کی گئی ہیں۔ یہ امتحانات آئندہ 18 مارچ تک جاری رہیں گے۔
دریں اثنا، چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں بارہویں جماعت کے امتحانات کے پیشِ نظر تعلیمی محکمے نے امتحانات کی شفافیت کو یقینی بنانے کیلئے 160 دستے تشکیل دئیے ہیں۔ ضلع بھر میں روزانہ اوسطاً چھ تا سات امتحانی مراکز کا دورہ کرکے امتحانی عمل کی عکس بندی کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
مذہب ِ اسلام کے مقدس ماہِ رمضان المبارک کا آج سے آغاز ہو گیا ہے۔ کل شام چاند نظر آنے کے بعد اس بابرکت مہینے کی شروعات ہوگئی اور بندگانِ توحید نے آج صبح سحری کر کے رمضان کا پہلا روزہ رکھا۔ اس مہینے میں روزے کے ساتھ تلاوت قرآن پاک کا بھی اہتمام کیا جا تا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کا یوم پیدائش آج ہر طرف جوش وخروش کے ساتھ منایا جا رہا ہے۔ اس مناسبت سے ریاست بھر میں مختلف تقاریب کا انعقاد کیا گیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں جلوس، مشعل ریلیاں، لیکچر اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ کل شام سے شہر کی کئی راستے گاڑیوں کی آمد و رفت کیلئے بند کر دیئے گئے ہیں۔
پربھنی ضلعے میں، جنتور تعلقے کے کوسڑی میں واقع ضلع پریشد اسکول میں تقریباً چار سو طلبہ نے کارڈ بورڈ کا استعمال کرکے شیواجی مہاراج کا ایک عظیم الشان فن پارہ تیار کیا۔ اسی طرح‘ انسانی زنجیر کے ذریعے شیواجی مہاراج کی عظیم الشان شبیہ بنائی گئی۔
شیو جینتی کے موقعے پر پربھنی میں جیجاؤ مہیلا بریگیڈ اور شہریوں کی جانب سے مشعل ریلی کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
شیو جینتی کے موقعے پر بیڑ ضلع انتظامیہ کی جانب سے مختلف ثقافتی پروگرامزکا انعقاد کیا گیا ہے۔ اسی طرح ثقافتی پروگرام شاعری لوک دھارا بھی آج منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ”مائے بھارت (میرا یووا بھارت)“ میگا پیدل ریلی اور ثقافتی پروگرام منعقد کیے گئے ہیں۔ یہ پیدل ریلی آج تلجا بھوانی ضلع کھیل کمپلیکس سے شروع ہوگی۔ دھاراشیو ضلع انتظامیہ کی جانب سے ایک شاعری پوواڈا پروگرام کا انعقاد کیا گیا۔ میونسپل کونسل کے شری شیواجی مہاراج ہال میں آج ایک ثقافتی پروگرام بھی منعقد کیا جا رہا ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں نصف شب بارہ بجے پالنا اُتسو منعقد ہوا۔ آتش بازی اور پُرکشش روشنائی کی وجہ سے چھترپتی شیواجی مہاراج مجسّمے کے علاقے میں عوام کی بھیڑ دیکھی گئی۔
دریں اثناء، لاتور ضلع انتظامیہ کی جانب سے شیواجی مہاراج کی زندگی کے اہم واقعات پر پروگرام ’گورو گاتھا شیوارایانچی‘ کے تحت روشنی ڈالی گئی۔ جبکہ پروگرام ”آمہی جیجاؤچی لیکی‘“میں شاہیری پواڈے اور جذباتی گیت پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
اسی دوران‘ شیو جینتی کی مناسبت سے چھترپتی سمبھاجی نگر کے سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال اور لاتور کے ولاس راؤ دیشمکھ سرکاری میڈیکل کالج اور اسپتال میں بیرونی مریضوں کے شعبے آج بند رہیں گے۔ تاہم، ہنگامی خدمات 24 گھنٹے جاری رکھنے کی وضاحت متعلقہ خبر میں کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ثقافتی امور کے محکمے نے سندھو درگ کے چار قلعوں - سندھو دُرگ، پدْم دُرگ، راج کوٹ اور سرجے کوٹ کے گہرائی سے مطالعے کیلئے ممبئی یونیورسٹی کے تحت ایک علیحدہ مطالعہ مرکز قائم کرنے کیلئے50 لاکھ روپے کے فنڈ کو منظوری دی ہے۔ یہ اطلاع ثقافتی امور کے وزیر آشیش شیلار نے دی۔ یہ اسٹڈی سنٹر مالون میں قائم کیا جائے گا۔
***** ***** *****
کرکٹ
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں بھارت نے نیدرلینڈ کو 17 رنز سے شکست دے دی۔ کل‘ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں بھارت نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 193 رنز اسکور کیے۔ اس ہدف کے جواب میں نیدرلینڈ کی ٹیم 20 اوورس میں سات وکٹوں کے نقصان پر 176 رنز ہی بناسکی۔ بھارت کی جانب سے ورون چکرورتی نے تین اور شیوم دوبے نے دو کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ 31 گیندوں پر 66 رنز اور دو وکٹیں لینے والے شیوم دوبے کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اسی طرح سری لنکا کے شہر کولمبو میں کھیلے گئے گروپ اے کے دیگر ایک میچ میں پاکستان نے نمیبیا کو 102 رنز سے شکست دی‘ جبکہ گروپ ڈی کے دہلی میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے متحدہ عرب امارات کو چھ وکٹوں سے ہرایا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پیٹ- پلاسٹک کی بوتلوں کو دوبارہ قابلِ استعمال بنانے کیلئے ریاست کے نو شہروں میں مہا-آر-پیٹ مہم چلائی جائیگی - چھترپتی سمبھاجی نگر اور بیڑ بھی متعلقہ اضلاع میں شامل۔
٭ ریاست کی سات نشستوں سمیت راجیہ سبھا کی 37 نشستوں کے انتخابی پروگرام کا اعلان۔
٭ مذہب ِ اسلام کے مقدس و بابرکت ماہِ رمضان المبارک کا آغاز۔
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کے یوم پیدائش کی مناسبت سے ہر جگہ مختلف پروگراموں کا اہتمام۔
اور۔۔۔٭ T-20 کرکٹ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت نے نیدر لینڈ کو 17 رنوں سے دی شکست۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment