Friday, 20 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 20 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 20 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۲/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا یومِ پیدائش ہر جگہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا‘ مہاراج نے حکمرانی کا سبق سکھایا‘ آگرہ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ عالمی ماحولیاتی تحفظ پر غور کرتے ہوئے زراعت و دیہی معیشت کو بھی ترجیح دی جائے: گورنر کی اپیل۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کو 20 سے 25 ہزار بسیں خریدنے کو اُصولی منظوری۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دسویں کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ جالنہ ریلوے اسٹیشن پر ”آپریشن دستیاب“ کے تحت غیر مجاز دلالوں کے خلاف کارروائی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ہندوی سوراجیہ کے بانی چھترپتی شیواجی مہاراج کا یومِ پیدائش کل جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا۔ اس موقعے پر ہرجگہ مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ شیوجینتی کے موقعے پر اُترپردیش کے آگرہ قلعے میں ”شیو جنم اُتسو بھارت وَرْش کا“ پروگرام جوش و خروش کے ساتھ منعقد ہوا۔ اس پروگرام میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ مرکزی وزیر سی آر پاٹل‘ راجستھان کے گورنر ہری بھاؤ باگڑے اور ثقافتی وزیر آشیش شیلار موجود تھے۔ وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج نے حکومتی کام کاج کو چلانے کیلئے مثالی نمونہ پیش کیا ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Chief Minister Devendra Fadnavis
وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ آگرہ میں تاریخی لال قلعے کے قریب مینا بازار علاقے میں راجہ رام سنگھ کے محل میں چھترپتی شیواجی مہاراج کی یاد میں ایک عظیم الشان یادگار تعمیر کی جائیگی۔
قبل ازیں کل صبح شیونیری قلعے میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار کی موجودگی میں شیوجنم تقریب منائی گئی۔ وزیرِ اعلیٰ اور دونوں نائب وزرائے اعلیٰ نے پالکی پوجا اور شیواجی پالنہ تقریب میں شرکت کی۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس بات کا اعادہ کیا کہ چھترپتی شیواجی مہاراج کا دکھایا ہوا راستہ ہر ایک کی ترقی کا راستہ ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اگلے چار سالوں میں مہاراج کے 400 ویں یومِ پیدائش کو بڑے جوش و خروش کے ساتھ منانے کا ارادہ ظاہر کیا۔
اس موقعے پر خطاب کرتے ہوئے سُنیترا پوار نے کہا کہ شیونیری ترقیاتی منصوبے‘ شیو کی جائے پیدائش اور دیگر یادگاروں کے تعلق سے آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے عزم کو پورا کرنا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر ایکناتھ شندے نے کہا کہ شیواجی مہاراج ایک ایسے بادشاہ تھے جو وقت سے پہلے سوچتے تھے۔
شندے نے شیونیری اور جُنّر خطے کو ترقی دینے‘ سودیشی اور خود انحصاری کی راہ ہموار کرنے اور ایک محفوظ اور خود احترام مہاراشٹر بنانے کا عزم ظاہر کیا۔
***** ***** *****
شیوجینتی کے موقعے پر جگہ جگہ مختلف پروگرام منعقد کیے گئے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر میں دوپہیہ اور چار پہیہ ریلی کا انعقاد کیا گیا۔ مختلف مقابلوں کے ساتھ ساتھ کئی علاقوں میں عطیہئ خون کیمپ اور طبّی کیمپ کا انعقاد کیا گیا۔ شہر میں شیواجی کے پانچ مجسّموں پر ہیلی کاپٹروں سے پھولوں کی بارش کی گئی۔ ڈی جے سے پاک شیوجینتی کی اپیل کو منظور کرتے ہوئے کل روایتی ڈھول تاشوں سے شیوجینتی کئی مقامات پر منائی گئی۔
بی جے پی کی جانب سے کرانتی چوک پر پانچ ہزار لڑکیوں کو زعفرانی دستار پہنائی گئی۔ضلع پریشد کے سی ای او و ایڈمنسٹریٹر اَنکت نے شیواجی مہاراج کے مجسّمے پر پھول چڑھاکر خراجِ عقیدت پیش کیا۔ ضلعی منصوبہ بندی کمیٹی کی جانب سے پولس کمشنر آفس کو موصول ہونے والی چار پہیوں والی گاڑیوں کو سرپرست وزیر سنجئے شرساٹ کے ذریعے عوام کیلئے وقف کیا گیا۔
شیوجینتی کے موقعے پر ناندیڑ میں مختلف جماعتوں اور تنظیموں کی جانب سے مختلف سرگرمیوں کا انعقاد کیا گیا۔ میئر کویتا مڑے‘ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے اور مختلف پارٹیوں اور تنظیموں کے عہدیداروں نے خراجِ عقیدت پیش کیا۔ شہر کے مختلف علاقوں سے ڈھول تاشوں‘ لیجھم دستے‘ اسی طرح شیواجی مہاراج کی زندگی پر مبنی نمائش کے ساتھ ریلیاں نکالی گئیں۔
بیڑ میں شیواجی مہاراج کے گھوڑ سوار مجسّمے پر پھول چڑھائے گئے، جبکہ شیوعقیدت مندوں اور دیگر عہدیداروں کی بڑی تعداد نے اس میں شرکت کی۔ اس موقع پر ضلع کلکٹر ویویک جانسن‘ ضلع پریشد کے سی ای او جتن رحمان‘ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت موجود تھے۔ بیڑ ضلع انتظامیہ کے زیرِ اہتمام ایک ثقافتی پروگرام پریاپوار نے ”ایکچ راجا اِتھے جنملا“ گانا پیش کرکے سامعین کو مسحور کردیا۔
لاتور میں ”گورو گاتھا شیورایانچی“ پروگرام کے تحت شیوکی زندگی کے اہم واقعات کو اسٹیج پر پیش کیا گیا۔ اس سے قبل پروگرام ”آمہی جیجاؤچیا لیکی“ میں شاہیری پوواڑے اور گیت پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کا ایک شاندار 2-D اور 3-D آرٹ ورک دھاراشیو شہر کے آرٹسٹ کال یوگی راجکمار کمبھار نے پیش کیا۔ ہمارے نمائندے نے بتایا کہ اس فن پارے کے رجسٹریشن کا عمل جاری ہے۔
***** ***** *****
گورنر آچاریہ دیووَرَت نے اپیل کی ہے کہ عالمی ماحولیاتی تحفظ پر غور کرتے ہوئے زراعت اور دیہی معیشت کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے۔ وہ کل ممبئی میں موسمیاتی کانفرنس کے اختتامی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کیمیکل فارمنگ کے سنگین مضر اثرات اور بڑھتی ہوئی آلودگی اور بیماریوں کے پیشِ نظر قدرتی کاشتکاری کی طرف جانے اور ماحول دوست طریقہ اپنانے کی اپیل کی۔ انھوں نے منتظمین کو مبارکباد دی کہ انھوں نے اس کانفرنس کے ذریعے ماحولیاتی تبدیلی کے سنگین مسئلے پر غور کرنے کیلئے اندرونی و بیرونی ملک سے ماہرین کو جمع کیا۔
***** ***** *****
ایس ٹی کی طویل مدتی پالیسی کے مطابق ریاستی حکومت نے آئندہ چند سالوں میں 20 سے 25 ہزار بسیں خریدنے کی اُصولی منظوری حاصل کی ہے اور اس سال پہلے مرحلے کے تحت آٹھ ہزار 300 بسیں خریدی جائیں گی۔ یہ اطلاع وزیرِ ٹرانسپورٹ و چیئرمین ایس ٹی کارپوریشن پرتاپ سرنائیک نے دی۔ ریاستی حکومت کی جانب سے خواتین کے ٹکٹوں پر 50 فیصد رعایت اور 75 سال سے زائد عمر کے بزرگ شہریو ں کو مفت سفر دینے کے بعد مسافروں کی آمد پھر سے بڑھنے لگی ہے۔ فی الحال روزانہ تقریباً 50 لاکھ مسافر ایس ٹی سے سفر کرتے ہیں تاہم‘ بہت سے راستوں پر راؤنڈ ناکافی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دسویں کے امتحانات کا آغاز آج سے ہورہا ہے۔ اس امتحان میں ریاست بھر سے تقریباً 16 لاکھ سے زائد طلبہ شرکت کریں گے۔ اس امتحان کو 100 فیصد نقل سے پاک بنانے کیلئے تیاریاں کی گئی ہیں۔ یہ امتحانات 18 مارچ تک چلیں گے۔
***** ***** *****
ریلوے ریزرویشن سسٹم میں بے قاعدگیوں کو روکنے کیلئے روبہ عمل لائے جارہے آپریشن دستیاب کے تحت جالنہ ریلوے اسٹیشن پر کل ایک دلال کو گرفتار کیا گیا۔ اس کے پاس سے ایک ہزار 270 روپئے قیمت کے دو ریلوے ریزرویشن ٹکٹ‘ دو ریزرویشن بھرے ہوئے فارم اور پانچ خالی فارم ضبط کیے گئے۔ دورانِ تفتیش ملزم نے اعتراف کیا کہ وہ گذشتہ ایک مہینے سے کمیشن کے عوض مسافروں کو ٹکٹ جاری کررہا ہے۔ ریلوے انتظامیہ نے اپیل کی ہے کہ ریلوے ٹکٹ صرف سرکاری ریزرویشن کاؤنٹر یا سرکاری ذرائع سے ہی خریدے جائیں۔
***** ***** *****
ریاست ِ مہاراشٹر کے اسمال اینڈ میڈیم نیوز پیپر ایسوسی ایشن (MSSA) نے ناندیڑ سے تعلق رکھنے والے سینئر صحافتی پنڈھری ناتھ بوکارے کو لائف ٹائم اچیومنٹ ایوارڈ دینے کا اعلان کیا ہے۔ بوکارے کو یہ ایوارڈ آئندہ سنیچر 22 تاریخ کو چندرپور ضلعے کے ورورا میں منعقد ہونے والے ایسوسی ایشن کے کنونشن میں دیا جائے گا۔ ایسوسی ایشن کے صدر دھرمکر نے ایک پریس ریلیز میں یہ اطلاع دی۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ مقابلو ں میں کل ویسٹ انڈیز نے اٹلی کو 42 رنوں سے‘ اسی طرح زمبابوے نے سری لنکا کو چھ وکٹ سے‘ جبکہ افغانستان نے کینیڈا کو 82 رنوں سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ (بارٹی) اور مہاراشٹر انٹرپرینیورشپ ترقی مرکز چھترپتی سمبھاجی نگر نے مشترکہ طور پر درجِ فہرست ذات کے نوجوانوں کیلئے غیر رہائشی تکنیکی کاروباری ترقی کے تربیتی پروگرام کا اہتمام کیا ہے۔ مختلف دورانیے کے یہ پروگرام چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقد ہوں گے۔ اس پروگرام کا مقصد درجِ فہرست ذات کے نوجوانوں کو تکنیکی تربیت لیکر اپنا خود روزگار شروع کرنے کے قابل بنانا ہے۔ خواہش مند افراد سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مذکورہ اداروں سے رابطہ کریں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ چھترپتی شیواجی مہاراج کا یومِ پیدائش ہر جگہ جوش و خروش کے ساتھ منایا گیا‘ مہاراج نے حکمرانی کا سبق سکھایا‘ آگرہ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ کا بیان۔
٭ عالمی ماحولیاتی تحفظ پر غور کرتے ہوئے زراعت و دیہی معیشت کو بھی ترجیح دی جائے: گورنر کی اپیل۔
٭ ایس ٹی کارپوریشن کو 20 سے 25 ہزار بسیں خریدنے کو اُصولی منظوری۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے جماعت ِ دسویں کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
اور۔۔۔٭ جالنہ ریلوے اسٹیشن پر ”آپریشن دستیاب“ کے تحت غیر مجاز دلالوں کے خلاف کارروائی۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...