Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 10 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۰۱/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ضلع پریشد- پنچایت سمیتی انتخابات میں مہایوتی کی پیش رفت؛ جبکہ کانگریس اتحاد تنزلی کا شکار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر عہدے کیلئے آج چناؤ؛ وہیں جالنہ اور لاتور کے میئر عہدوں کیلئے بلامقابلہ انتخابات۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت بارہویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
٭ طلبہ، عملی تجربے کیلئے پیشہ ور افراد سے رابطہ کریں: ”پریکشا پہ چرچا“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا مشورہ۔
اور۔۔۔٭ پاکستان نے T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت کے ساتھ کھیلنے پر ظاہر کی رضامندی۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کی کُل 731 ضلع پریشد سیٹوں میں سے بی جے پی نے سب سے زیادہ 225 سیٹوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ این سی پی نے 165 اور شیوسینا نے 162 سیٹیں جیتی ہیں۔ وہیں مہاوِکاس آگھاڑی میں کانگریس نے 55‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے 43‘ راشٹروادی کانگریس شرد پوار گروپ نے 26 جبکہ آزاد امیدواروں نے 20 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔
ریاست میں 125 پنچایت سمیتیوں کی کُل ایک ہزار 462نشستوں پر انتخابات ہوئے تھے۔ ان میں بھی بی جے پی نے سب سے زیادہ 459 سیٹیں اپنے نام کیں۔ وہیں راشٹروادی کانگریس نے 306 اور شیوسینا نے 302 نشستوں پر کامیابی حاصل کیں۔ پنچایت سمیتیوں کے ان انتخابات میں کانگریس نے 97‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے 89‘ راشٹروادی کانگریس شرد پوار گروپ نے 46‘ مہاراشٹر نونرمان سینا نے دو اور آزاد امیدواروں نے 31 سیٹیں جیتی ہیں۔
مراٹھواڑہ کے چار اضلاع چھترپتی سمبھاجی نگر‘ پربھنی‘ لاتور اور دھاراشیو میں بھی ضلع پریشد اور پنچایت سمیتیوں کے انتخابات عمل میں آئے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع پریشد کی کُل 63 نشستوں میں سے بی جے پی نے 23‘ شیوسینا نے 20‘ راشٹروادی کانگریس نے 4‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے 9‘ کانگریس اور این سی پی شرد پوار گروپ نے ایک ایک اور پانچ نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی۔
پربھنی ضلع پریشد کی کُل4 5 نشستوں میں سے بی جے پی نے 24‘ راشٹروادی کانگریس نے 15‘ شیوسینا نے 5‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے 6‘ کانگریس 3 اور ایک آزاد امیدوار نے ایک نشست پر کامیابی درج کی۔
لاتور ضلع پریشد کی کُل 59 نشستو ں میں سے کانگریس نے سب سے زیادہ 23 نشستیں جیتی‘ وہیں بی جے پی نے 18‘ راشٹروادی کانگریس 12‘ جبکہ شیوسینا‘ شیوسینا ٹھاکرے گروپ‘ این سی پی شرد پوار گروپ اور منسے نے ایک ایک مقام پر کامیابی حاصل کی۔
دھاراشیو ضلع پریشد کی کُل 55 نشستوں میں سے بی جے پی نے 19‘ شیوسینا 15‘ راشٹروادی کانگریس 6‘ شیوسینا ٹھاکرے گروپ 7‘ کانگریس 3 اور آزاد امیدواروں نے 4 نشستوں پر قبضہ جمایا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پنچایت سمیتی انتخابات کی 126 نشستوں میں سے بی جے پی نے 38‘ شیوسینا 47‘ راشٹروادی کانگریس 16‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی 14‘ کانگریس نے 4 اور راشٹروادی کانگریس شرد پوار گروپ نے دو نشستوں پرکامیابی حاصل کی ہے۔
دھاراشیو ضلع کی کُل 110 پنچایت سمیتی نشستوں میں سے بی جے پی نے 41‘ شیوسینا 31‘ راشٹروادی کانگریس9‘ شیوسینا اُدّھو بالا ٹھاکرے پارٹی 19‘ کانگریس نے 5‘ راشٹروادی کانگریس شرد پوار گروپ نے ایک اور دو نشستیں آزاد امیدواروں نے جیتی ہیں۔
پربھنی ضلع کی کُل 108 نشستوں میں سے بی جے پی نے 47‘ راشٹروادی کانگریس پارٹی نے 33‘ شیوسینا 7‘ شیوسینا اُدّھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی 9‘ کانگریس 6 اور 4 نشستوں پر آزاد امیدواروں نے کامیابی حاصل کی ہے۔
لاتور ضلع کی پنچایت سمیتی کی کُل 118 سیٹوں میں سے بی جے پی نے 44‘ راشٹروادی کانگریس پارٹی نے 25‘ شیوسینا نے ایک‘ کانگریس 39‘ این سی پی شرد پوار گروپ 2‘ شیوسینا اُدّھو ٹھاکرے گروپ نے ایک اور آزاد امیدوار نے ایک سیٹ اپنے نام کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات میں کامیابی پر بی جے پی اور مہایوتی کو مبارکباد دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے ذیلی سطح پر پارٹی کارکنان کی انتھک محنت کی تعریف کی۔ انھوں نے کہا کہ دیہی اور شہری مہاراشٹر کے لوگ ایک ایسا اتحاد چاہتے ہیں جو اچھی حکمرانی اور ریاست کی شاندار ثقافت کے مطابق کام کرے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر اور ڈپٹی میئر عہدوں کیلئے آج انتخابات ہوں گے۔ مہایوتی سے بی جے پی کے سمیر راجورکر نے میئر عہدے کیلئے جبکہ راجندر جنجال نے ڈپٹی میئر عہدے کیلئے اپنا پرچہئ نامزذگی داخل کیا ہے۔ جبکہ مجلس اتحادالمسلمین نے میئر عہدے کیلئے اشوک ہیورالے کو میدان میں اُتارا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کی پہلی میئر کے طور پر بھارتیہ جنتا پارٹی کی وندنا مگرے کا بلامقابلہ انتخاب عمل میں آیا ہے۔ جبکہ بی جے پی کے ہی راجیش راؤت بلا مقابلہ ڈپٹی میئر چنے گئے ہیں۔ میئر عہدے پر منتخب ہونے کے بعد وندنا مگرے نے کل اپنے عہدے کا چارج سنبھالا۔
وہیں کانگریس کی جئے شری سون کامبلے کو لاتور میونسپل کارپوریشن کا میئر منتخب کیا گیا ہے جبکہ ڈپٹی میئر عہدے کیلئے کانگریس کے ہی اِسنیہل اُٹگے کو چنا گیا ہے۔ ونچت بہوجن آگھاڑی کے دونوں امیدواروں کے دستبردار ہونے کے بعد یہ انتخاب بلا مقابلہ ہوا ہے۔
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
ریاستی ثانوی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت بارہویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز ہورہا ہے۔ ریاست بھر میں ان امتحانات کیلئے کُل 15 لاکھ 32 ہزار 487 طلبہ نے اندراج کروایا ہے۔ اسکولی تعلیم کے ریاستی وزیر دادا بھسے نے بارہویں جماعت کے طلبہ کو امتحانات کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ طلبہ بغیر کسی دباؤ کے تہوار کے طور پر امتحان میں شرکت کریں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن کے 449 امتحانی مراکز پر یہ امتحانات ہورہے ہیں۔ ڈویژن کے کُل ایک لاکھ 90 ہزار 592 طلبہ اس امتحان میں شرکت کریں گے۔
ان امتحانات کے دوران ریاست بھر میں نقل سے پاک مہم کو مؤثر طریقے سے نافذ کرنے اور طلبہ کے تعلیمی معیار کو بہتر بنانے کی خاطر ریاستی سطح پر ایک نگہبان کمیٹی کی تشکیل کی گئی ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے پولس سپرنٹنڈنٹ ڈاکٹر ونئے کمار راٹھوڑ نے طلبہ سے اپیل کی ہے کہ وہ نقل سے پاک ماحول میں بے خوف ہوکر امتحان دیں۔
لاتور ڈویژن کے تین اضلاع لاتور‘ ناندیڑ اور دھاراشیو میں 256 امتحانی مراکز پر 96 ہزار 542 طلبہ امتحان میں شرکت کررہے ہیں۔ ان امتحانات کو نقل سے پاک ماحول میں منعقد کرنے کی خاطر انتظامی سطح پر وسیع پیمانے پر تیاریاں کی گئی ہیں۔ ناندیڑ کے ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے خبردار کیا ہے کہ اگر کسی امتحانی مرکز پر نقل ہوتے ہوئے پائی گئی تو سخت کارروائی کی جائے گی۔
***** ***** *****
ماہرِ تعلیم ڈاکٹر نریندر جادھو کی کمیٹی نے ریاست کے اسکولوں میں سہ لسانی پالیسی کے نفاذ کیلئے کل وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کو رپورٹ پیش کی ہے۔ جلد ہی یہ رپورٹ کابینہ میں پیش کی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے تمام سرکاری محکموں کو ہدایت دی ہے کہ وہ ریاست میں انتظامی اصلاحات کے براہِ راست فوائد عام آدمی تک پہنچانے کیلئے تال میل اور مؤثر طریقے سے کام کریں۔ وزیرِاعلیٰ‘ کل ممبئی میں ایک اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اسی بیچ وزیرِ اعلیٰ نے کہا ہے کہ آنے والے دِنوں میں ریاست میں 70 ہزار سے زائد نشستوں پر مرحلہ وار بھرتی کی جائیگی۔ انھوں نے تقررات کے عمل میں تاخیر سے بچنے کیلئے آن لائن اور ڈیجیٹل تصدیق کے ماڈل تیار کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
مخالف جماعتوں نے لوک سبھا اسپیکر اوم برلا کو ان کے عہدے سے ہٹانے کیلئے تحریک پیش کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ لوک سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک پر حزبِ اختلاف کے رہنماء راہل گاندھی کو بولنے کی اجازت نہ دینے پر یہ عدم اعتماد کی تحریک آئین کی شق 94 C کے تحت پیش کی جائیگی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے طلبہ کو نصیحت کی ہے کہ وہ نصابی کتابوں سے ہٹ کر عملی تجربہ حاصل کرنے کیلئے صنعت سے وابستہ پیشہ ور افراد سے رابطہ کریں۔ انھوں نے ”پریکشا پہ چرچا2026“ کی نوویں قسط کے دوسرے ایپی سوڈ میں طلبہ سے چھوٹے اسٹارٹ اپس کے ذریعے اپنا کاروباری سفر شروع کرنے کی ترغیب دی۔ وزیرِ اعظم نے طلبہ کے ساتھ امتحانات کے دباؤ‘ ٹائم مینجمنٹ اور اعتماد کے ذریعے امتحانات کا سامنا کرنے پر تبادلہئ خیال کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
عالمی کرکٹ کاؤنسل (ICC) نے کہا ہے کہ پاکستان نے T-20 عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں بھارت کے ساتھ کھیلنے کیلئے رضامندی ظاہر کردی ہے۔ ان مقابلوں میں بھارت- پاکستان کا میچ آئندہ 15 تاریخ کو کولمبو میں ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ضلع پریشد- پنچایت سمیتی انتخابات میں مہایوتی کی پیش رفت؛ جبکہ کانگریس اتحاد تنزلی کا شکار۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر عہدے کیلئے آج چناؤ؛ وہیں جالنہ اور لاتور کے میئر عہدوں کیلئے بلامقابلہ انتخابات۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت بارہویں جماعت کے امتحانات کا آج سے آغاز۔
٭ طلبہ، عملی تجربے کیلئے پیشہ ور افراد سے رابطہ کریں: ”پریکشا پہ چرچا“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا مشورہ۔
اور۔۔۔٭ پاکستان نے T-20 عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں بھارت کے ساتھ کھیلنے پر ظاہر کی رضامندی۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment