Saturday, 21 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 21 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 21 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۲/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی حکومت مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے سے ہمہ جہت خوشحالی کیلئے کوشاں: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا ”انڈیا اے آئی سمٹ“ میں اظہارِ خیال۔
٭ ”AI For Agri“ نامی دو روزہ کانفرنس کا کل سے ممبئی میں آغاز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں دو ابتدائی طبّی مراکز اور ایک دیہی اسپتال کیلئے ریاستی سطح کے آروگیہ رَتن ایوارڈ کا اعلان۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات کل سے ہوئے شروع۔
اور۔۔۔٭ T-20عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر 8- گروپ مقابلوں کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر حکومت مصنوعی ذہانت (AI) کی طاقت کے ذریعے ہمہ جہت خوشحالی لانے کی کوشش کررہی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ کل نئی دہلی کے بھارت منڈپم میں جاری India AI Impact Summit:2026 میں ”AI In Agriculture“ پر ایک سمینار سے خطاب کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ مصنوعی ذہانت (AI) کا استعمال صرف نمائشوں اور مباحثوں تک محدود نہ رہے بلکہ بڑی تعداد میں لوگوں تک پہنچے۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے کہا کہ مجھے بڑی خوشی ہے کہ اس AI سمٹ میں مصنوعی ذہانت پر بڑے اچھے طریقے سے مباحثہ ہورہا ہے۔ انھوں نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی کی قیادت میں عالمی لیڈران کا بھارت میں آکر مصنوعی ذہانت (AI) پر اس انداز میں حصہ لینا اور ملک کی جانب سے AI شعبے میں جو طاقت کھڑی کی گئی ہے اسے پیش کرنا کافی اہمیت کا حامل ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے یہ بھی بتایا کہ ریاستی حکومت نئی ٹکنالوجی کی مدد سے کسانوں کی زندگی کو بدلنے کیلئے حکومت ِ ہند‘ عالمی تحقیقاتی اداروں اور سرمایہ کاروں کے ساتھ تعاون کرنے کیلئے تیا رہے۔ پھڑنویس نے کہا کہ AI کی مدد سے زرعی شعبے میں مختلف مسائل پر قابو پایا جاسکتا ہے۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس موقع پر آنگن واڑی کارکنوں کیلئے AI پر مبنی ٹول کا اعلان کیا‘ جس کا نام ”شکشا ساتھی“ ہے۔ انھوں نے ناسک کمبھ میلے کی منصوبہ بندی کیلئے تیار کردہ مصنوعی ذہانت (AI) پر مبنی ایپ”کمبھ دُوت“ کا اجراء کیا۔ یہ نظام اس میلے کی مدت کے دوران ایک کروڑ عقیدت مندوں اور لاکھوں ڈیجیٹل ایجنٹوں کی مدد کرنے کے قابل ہوگا۔ سنہستھ 2027 سے قبل ناسک شہر کے کالجوں میں 10 ہزار شرکاء کے ساتھ ایک پائلیٹ پروجیکٹ نافذ کیا جائے گا۔
***** ***** *****
اطلاعاتی ٹکنالوجی کے محکمے اور بھارت جین ٹکنالوجی فاؤنڈیشن کے درمیان مصنوعی ذہانت (AI) اور انتظامی نظام کے ڈیجیٹلائزیشن کے حوالے سے کل ایک معاہدے پر دستخط کیے گئے۔ اسی دوران‘ AI for Agri زراعت کیلئے مصنوعی ذہانت نامی کانفرنس اور زرعی شعبے میں سرمایہ کاروں کی سربراہی کانفرنس‘ کل اور پرسوں‘ ممبئی میں منعقد کی جارہی ہے۔ یہ اطلاع ریاست کے زراعت کے وزیر دتاتریہ بھرنے نے دی۔ اس کانفرنس میں مختلف موضوعات پر سیمینار سمیت کئی پروگرامز کا انعقاد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس آئندہ پیر 23 تاریخ سے ممبئی میں شروع ہورہا ہے۔ اس اجلاس کا آغاز گورنر کے خطاب سے ہوگا۔ جس کے بعد سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر تعزیتی تحریک پیش کی جائیگی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس 6 مارچ کو ریاستی بجٹ پیش کریں گے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں دو ابتدائی طبّی مراکز اور ایک دیہی اسپتال کیلئے ریاستی سطح کے آروگیہ رَتن ایوارڈ کا اعلان کیا گیا ہے۔ ویجاپور تعلقے میں لاڑگاؤں پرائمری ہیلتھ سینٹر‘ پیٹھن تعلقے کے بالانگر پرائمری ہیلتھ سینٹر اور کرماڑ دیہی اسپتال نے بالا صاحب ٹھاکرے آروگیہ رَتن ایوارڈ اور مہاآروگیہ سمّان 2026 یہ انعامات اپنے نام کیے ہیں۔ یہ ایوارڈز آئندہ 22 فروری کو ممبئی میں تقسیم کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِاعظم نریندر مودی کل آکاشوانی کے پروگرام ”من کی بات“ کے ذریعے ہم وطنوں سے خطاب کریں گے۔ یہ اس پروگرام سیریز کی 131 ویں قسط ہوگی۔ صبح گیارہ بجے نشر کیا جانے والا یہ پروگرام آکاشوانی اور دوردرشن کے تمام چینلز کے ساتھ ساتھ ’نیوز آن اے آئی آر‘ پر بھی سنا جاسکے گا۔
***** ***** *****
امریکی سپریم کورٹ نے صدر ڈونالڈ ٹرمپ کی جانب سے دنیا کے بیشتر ممالک پر عائد تجارتی محصولات (Tarrif)کو کالعدم قرار دیا ہے۔ عدالت نے کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کے پاس ایسے یکطرفہ تجارتی محصولات عائد کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ امریکی صدر ٹرمپ نے اس فیصلے پر ناراضگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ دیگر قوانین کی بنیاد پر 10 فیصد نیا عالمی ٹیکس عائد کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے ثانی و اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات کا کل سے آغاز ہوگیا ہے۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں اس امتحان کیلئے ایک لاکھ 91 ہزار 629 طلبہ نے اندراج کروایا ہے۔
وہیں ناندیڑ ضلع کے 178 امتحانی مراکز پر کل 43 ہزار 949 طلبہ نے شرکت کی۔ ہر امتحانی مرکز پر نگراں ٹیموں کے ساتھ ساتھ ڈرون اور ویڈیو کیمروں کی مدد سے ویب کاسٹ کے ذریعے امتحانات کی نگرانی کی گئی۔
بیڑ ضلع میں کُل 156 امتحانی مراکز پر 43 ہزار طلبہ امتحان میں شرکت کررہے ہیں۔ اسی بیچ تعلیمی افسر پریا رانی پاٹل نے کُرلا میں واقع یشونت سیکنڈری اسکول میں امتحان دینے والوں کیلئے مناسب سہولیات فراہم نہ کرنے پر کیندر سنچالک کے خلاف کارروائی کرنے کی تجویز پیش کی ہے۔ انھوں نے مقامی ضلع پریشد اسکول کے امتحانی مراکز پر ان طلبہ کیلئے انتظامات کرنے کا حکم دیا ہے۔
جالنہ ضلع کے 102 امتحانی مراکز پر کل 28ہزار 656 طلبہ نے شرکت کی، جبکہ 512 طلبہ غیر حاضر رہے۔
لاتور ضلع کے 152 امتحانی مراکز پرکل 39ہزار 242 طلبہ نے امتحانات میں شرکت کی۔ نقل سے پاک امتحانات کو یقینی بنانے کیلئے فلائنگ اسکواڈ اور مستقل بیٹھک کے دستے مقرر کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی شیواجی مہاراج کی سالگرہ کے موقع پر نوجوانوں کے اُمور اور کھیل کی وزارت ہندیان کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقد کی گئی ”ہندیان دلّی تا پونے“ سالانہ سائیکل مہم کے آخری مرحلے کا اختتام عمل میں آیا۔ شنیوار واڑے سے سنہہ گڑھ قلعے تک یہ سائیکل اور چڑھائی مہم کا میاب رہی ہے۔
***** ***** *****
T-20 عالمی کپ کرکٹ ٹورنانمنٹ کے سپر -8 گروپ میچز آج سے شروع ہورہے ہیں۔ پہلا میچ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ بھارت‘ پاکستان‘ ویسٹ انڈیزی‘ جنوبی افریقہ‘ برطانیہ، شری لنکا‘ نیوزی لینڈ اور زمبابوے کی ٹیموں نے سپر 8- مرحلے میں داخلہ حاصل کرلیا ہے۔ بھارت کا مقابلہ کل اتوار کو احمدآباد میں جنوبی افریقہ سے ہوگا۔ اسی بیچ ٹورنامنٹ میں آسٹریلیاء کی کارکردگی کل فتح کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔ آسٹریلیاء نے کل کھیلے گئے میچ میں اومان کو نو وِکٹوں سے شکست دے دی۔
***** ***** *****
محکمہئ انسدادِ بدعنوانی نے بیڑضلع کے پرلی کے تحصیلدار وینکٹیش منڈے کو 20 ہزار روپئے رشوت لینے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ منڈے نے یہ رشوت شکایت کنندہ سے سات لاکھ روپؤں کا اہلیتی صداقت نامہ فراہم کرنے کیلئے مانگی تھی۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے Life Long ایجوکیشن اینڈ ایکسٹینشن ڈپارٹمنٹ کے تحت ”طلبہ کی ذہن سازی اور تجارتی رہنمائی“ کے عنوان پر کل سے ایک ورکشاپ کا آغاز ہوا ہے۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے معروف شاعر داسو ویدیہ نے کہا کہ لوگوں نے زبان اور تفکر سے ترقی کی ہے اور زبان کی ہی وجہ سے لوگ کامیاب ہوئے ہیں۔ محکمے کے ڈائریکٹر ڈاکٹر سدھا شینڈگے کی صدارت میں منعقدہ یہ ورکشاپ آج ختم ہوگا۔
***** ***** *****
لاتور ضلع کے سرپرست وزیر شیویندر سنگھ راجے بھوسلے نے کل ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے لاتور ضلع میں امن و امان کی صورتحال کا جائزہ لیا۔ انھوں نے مشورہ دیا کہ قانون کی خلاف ورزی کرنے والے ہر شخص کے خلاف سخت کارروائی کی جائے۔
***** ***** *****
کُنبی- مراٹھا‘ مراٹھا- کُنبی -مراٹھا ذات کے سرٹیفکیٹس کے حوالے سے تشکیل دی گئی کمیٹی نے کل جالنہ ضلع کے کلکٹر دفتر میں ایک جائزاتی میٹنگ کا انعقاد کیا۔ کمیٹی کے چیئرمین اور سابق جسٹس سندیپ شندے نے اہل امیدواروں کیلئے سرٹیفکیٹس جاری کرنے کے عمل کو آسان اور تیز تر بنانے کیلئے تجاویز پیش کیں۔
***** ***** *****
انوائرنمنٹل ریسرچ فاؤنڈیشن اور ایجوکیشنل اکیڈمی کی جانب سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں پرندوں سے محبت کرنے والوں کیلئے گیارہواں برڈ فیسٹیول آج سے شروع ہورہا ہے۔ اس سلسلے میں آئندہ 22 فروری کو پیٹھن کے سونے واڑی میں پرندوں کے مشاہدے کے پروگرام کا انعقاد کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی حکومت مصنوعی ذہانت (AI) کے ذریعے سے ہمہ جہت خوشحالی کیلئے کوشاں: وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا ”انڈیا اے آئی سمٹ“ میں اظہارِ خیال۔
٭ ”AI For Agri“ نامی دو روزہ کانفرنس کا کل سے ممبئی میں آغاز۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں دو ابتدائی طبّی مراکز اور ایک دیہی اسپتال کیلئے ریاستی سطح کے آروگیہ رَتن ایوارڈ کا اعلان۔
٭ ریاستی تعلیمی بورڈ کے تحت دسویں جماعت کے امتحانات کل سے ہوئے شروع۔
اور۔۔۔٭ T-20عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں سپر 8- گروپ مقابلوں کا آج سے آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...