Thursday, 5 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 05 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 05 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۵/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے میں بھارت کے مفادات کا تحفظ کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی: حکومت کا مؤقف۔
٭ نہایت کم زمین رکھنے والے اور ضرورتمند کسانوں کو قرض معافی دینے کیلئے حکومت کوشاں؛ تاہم خوشحال کسانوں سے قرض معافی نہ لینے کی وزیرِ محصول کی اپیل۔
٭ ممبئی-پونہ ایکسپریس وے پر گذشتہ 30 گھنٹوں سے ٹریفک جام۔
٭ چھٹے عُمری مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کی صدارت کیلئے ڈاکٹر پی وِٹھل کا انتخاب۔
اور۔۔۔٭ 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کو شکست دیکر بھارت فائنل میں داخل۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
بھارت اور امریکہ کے مابین حالیہ تجارتی معاہدے پر وزیر برائے صنعت و تجارت پیوش گوئل نے کل لوک سبھا میں بیان دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس معاہدے میں بھارت کو نہایت اہم شعبوں میں اپنے مفادات کا تحفظ کرنے میں کامیابی ملی ہے اور زراعت و ڈیری ڈیولپمنٹ تجارت کے شعبوں میں اس کا بڑا فائدہ ہوگا۔ علاوہ ازیں‘ مائیکرو‘ چھوٹی اور درمیانی درجے کی صنعتوں کیلئے نئے مواقع دستیاب ہوں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Commerce & Industry Minister Piyush Goyal
گوئل کے بیان کے دوران حزبِ اختلاف کے ارکان نے زوردار نعرے بازی کی۔ اس ہنگامہ آرائی کے باوجود انھوں نے اپنا بیان مکمل کیا۔
اس سے قبل صبح ایوان کی کارروائی شروع ہوتے ہی اسپیکر اوم برلا نے وقفہئ سوالات کا آغاز کیا۔ اسی وقت حزبِ اختلاف کے ارکان نے مختلف موضوعات اٹھاتے ہوئے نعرے بازی شروع کردی‘ جس پر اوم برلا نے ایوان کا وقار برقرار رکھنے کی ارکان سے درخواست کی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Lok Sabha Speaker Om Birla
بار بار رخنہ اندازی کے بعد ایوان کی کارروائی دوپہر دو بجے شروع ہوئی اور صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر اظہارِ تشکر کی تحریک پر مباحثہ شروع ہوا۔ بی جے پی کے رکنِ پارلیمان نشی کانت دوبے نے کانگریس کے آنجہانی رہنماؤں کی مختلف کتابوں کا حوالہ دیتے ہوئے تنقیدشروع کی۔ ناظم ِ ایوان نے انھیں کتابو ں کا حوالہ نہ دینے کی تلقین کی، لیکن اس کے باوجود انھوں نے اپنا بیان جاری رکھا۔ جس پر اپوزیشن ارکان نے زوردار ہنگامہ آرائی کی۔ اسی شور وغل کے دوران ایوان کی کارروائی ابتداء میں شام پانچ بجے تک اور اس کے بعد دن بھر کیلئے ملتوی کردی گئی۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں صدرِ جمہوریہ کے خطبے پر شکریہ کی تحریک پر مباحثے کا کل دوبارہ آغاز ہوا۔ مرکزی وزیرِ اور قائد ِ ایوان بی جے پی نڈا نے کہا کہ صدر کا خطاب ملک کی ترقی کی داستان بیان کرتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ہندوستانی معیشت عالمی سطح پر سب سے تیز رفتار ترقی کرنے والی معیشت ہے۔ سابق وزیرِ اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے مرکزی حکومت کی پالیسیوں کے باعث معیشت کی ہونے والی ترقی کا تذکرہ کرتے ہوئے حکومت کی ستائش کی۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی کی طلبہ سے گفتگو پر مبنی پروگرام ”پرکشا پہ چرچا“ کل بروز جمعہ صبح دس بجے نشر کیاجائے گا۔ ذہنی تناؤ سے پاک ماحول میں امتحان دینے کی اہمیت نیز پُرسکون نفسیات‘ خود اعتمادی میں اضافے اور چیلنجز سے نمٹنے کیلئے اقدامات کے موضوع پر وزیرِ اعظم اس پروگرام میں طلبہ، سرپرستوں اور اساتذہ سے گفتگو کرتے ہیں۔
***** ***** *****
ریزرو بینک آف انڈیا کی کریڈٹ پالیسی کمیٹی کا سہ روزہ اجلاس کل سے شروع ہوا۔ آر بی آئی گورنر سنجئے ملہوترا کی زیرِ صدارت چھ رُکنی کریڈٹ و مالیات پالیسی کمیٹی کل دو ماہی جائزہ رپورٹ پیش کرے گی۔
***** ***** *****
وزیرِ محصول چندر شیکھر باون کُڑے نے کہا ہے کہ نہایت کم زمین رکھنے والے اور ضرورت مند کسانوں کو قرض معافی کا فائدہ پہنچانے کیلئے حکومت کوشاں ہے‘ تاہم خوشحال کسانوں سے اس کا فائدہ نہ اٹھانے کی اپیل انھوں نے کی۔ کل‘ لاتور میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ کسانوں کو قرض سے نجات دلانے کیلئے پروین پردیشی کمیٹی کام کررہی ہے اور کمیٹی بہت جلد اپنی رپورٹ پیش کرے گی۔ باون کُڑے نے مزید کہا کہ لاتور اور دھاراشیو اضلاع کی ہائی اسپیڈ کاریڈور کے باعث صورتحال یکسر تبدیل ہونے جارہی ہے۔ حیدرآباد-پونہ‘ ممبئی-ناگپور سے راست رابطہ ہونے کے باعث نظر آرہا ہے لاتور اور دھاراشیو اضلاع صنعت‘ زراعت اور کاروبار کے شعبوں میں کافی ترقی کریں گے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مکھیہ منتری ماجھی لاڈکی بہین اسکیم کو سابق نائب وزیرِ اعلیٰ آنجہانی اجیت پوار کے نام سے موسوم کیے جانے کے مطالبے پر غور کیا جارہا ہے۔ وہ کل ہری دوار میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ راشٹروادی کانگریس کے رکنِ اسمبلی امول مٹکری نے یہ مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
راشٹروادی کانگریس پارٹی کے ریاستی صدر سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ پارٹی کے قومی صدر کے نام کا اعلان عنقریب کیا جائے گا۔ کل ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے گفتگو کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار کے ذریعے پارٹی کو مضبوط کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں۔ انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ راشٹروادی کانگریس کے دونوں گروپوں کے انضمام پر بی جے پی سے تبادلہئ خیال ضروری ہے۔
***** ***** *****
ممبئی- پونہ ایکسپریس وے پر گذشتہ 30 گھنٹوں سے زائد جاری ٹریفک جام کی صورتحال بہتر ہونے کا آغاز ہوگیا ہے۔ اس ایکسپریس وے پر آڑوشی سرنگ کے قریب پرسوں شام آتش گیر گیس کا ٹینکر اُلٹ جانے کے بعد ٹریفک روک دیا گیا تھا۔ فی الحال ممبئی کی سمت سے ایک ٹریک شروع ہونے سے سست روی سے ٹریفک جاری ہے۔ سڑک پر کیمیاوی مادہ پھیل چکا ہے اور سڑک کو مکمل طور پر صاف کرنے کے بعد ہی اس پر گاڑیوں کی آمد و رفت شروع کی جائیگی۔ اس جام میں پھنسے مسافروں کو پولس کلی جانب سے کھانے پینے کے سامان فراہم کیا جارہا ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ہنگامی حالات میں ٹریفک رپورٹ فی الفور تیار کرنے کی ہدایت کی ہے اور اس ایکسپریس وے پر وصول کیے جانے والے ٹول ٹیکس کو روکنے کا حکم دیا ہے۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے عمری تعلقے میں شری شیتر گورٹے کے چھٹے ساہتیہ سمّیلن کے صدر کے عہدے پر مراٹھی ادیب پی وٹھل کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ مراٹھی بھاشا دن کی مناسبت سے اس ساہتیہ سمّیلن کا انعقاد کیاجاتا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کیلئے 10 اور ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے آٹھ کاغذاتِ نامزدگی کل تقسیم کیے گئے۔ میئر اور ڈپٹی میئر کے انتخاب کیلئے 9 فروری کو کارپوریشن کے آڈیٹوریم میں انتخابات ہوں گے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر اور ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے پرچہ جاتِ نامزدگی کی تقسیم کا کل سے آغاز ہوا۔ کل‘ ان دونوں عہدوں کیلئے ایک ایک فارم تقسیم کیا گیا۔ آئندہ 10 تاریخ کو یہ الیکشن ہونے جارہا ہے۔
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن میں بھی میئر اور ڈپٹی میئر کا انتخاب 10 فروری کو ہوگا۔ ان دونوں عہدوں کیلئے آج درخواست ِ نامزدگی فروخت ہوں گے۔
***** ***** *****
19 سال سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کو شکست دے کر بھارت کی ٹیم فائنل میں پہنچ گئی ہے۔ کل ہوئے سیمی فائنل میں بھارت نے افغانستان کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔ افغانستان نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اووروں میں چار وِکٹ کے نقصان پر 310 رن بنائے۔ جواب میں بھارت نے 42 ویں اوور ہی تین وکٹ کے نقصان پر مطلوبہ ہدف حاصل کرلیا۔ 115 رن بنانے والے آرن جارج کو مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ ٹورنامنٹ میں کل فائنل میں بھارت کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
***** ***** *****
عالمی کرکٹ کی مادر انجمن سمجھی جانے والی میریلیبون کرکٹ کلب MCC نے کرکٹ کے 73 ضابطوں میں تبدیلی کی ہے۔ جن میں جونیئر گروپ اور خواتین کھلاڑیوں کیلئے گیند کی شکل مختلف ہوگی۔ لمینیٹیڈ بال استعمال کرنے کی اجازت اور نامکمل رَن یعنی شاٹ رَن پر پنالٹی جیسے قاعدے شامل ہیں۔ اس کے علاوہ ہٹ وِکٹ‘ نوبال‘ اوور تھرو کے ضوابط بھی تبدیل کیے گئے ہیں۔ ان میں سے بیشتر ضوابط بین الاقوامی کرکٹ کونسل (ICC) پہلے ہی تسلیم کرچکی ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے میں بھارت کے مفادات کا تحفظ کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی: حکومت کا مؤقف۔
٭ نہایت کم زمین رکھنے والے اور ضرورتمند کسانوں کو قرض معافی دینے کیلئے حکومت کوشاں؛ تاہم خوشحال کسانوں سے قرض معافی نہ لینے کی وزیرِ محصول کی اپیل۔
٭ ممبئی-پونہ ایکسپریس وے پر گذشتہ 30 گھنٹوں سے ٹریفک جام۔
٭ چھٹے عُمری مراٹھی ساہتیہ سمّیلن کی صدارت کیلئے ڈاکٹر پی وِٹھل کا انتخاب۔
اور۔۔۔٭ 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں افغانستان کو شکست دیکر بھارت فائنل میں داخل۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 09.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 09 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...