Thursday, 26 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 26 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 26 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۶۲/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آیوش نظام کو دنیا بھر میں قبولِ عام - صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کا اظہارِ خیال‘ شیگاؤں میں صحت میلے کا افتتاح۔
٭ ریاستی سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتے میں جولائی 2025 سے تین فیصد کا اضافہ۔
٭ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال اور منشیات کے مسئلے پر اسمبلی میں بحث۔
٭ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی 73 آسامیوں کیلئے از سرِ نو ہوگا بھرتی کا عمل۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں آج بھارت-زمبابوے اور ویسٹ انڈیز-جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِجمہوریہ دَرَوپدی مُرمو نے کہا ہے کہ آیوش نظام کا تعاون بہت اچھا ہے اور آج‘ علاج کے ان طریقوں کو پوری دنیا میں تسلیم کیا جا رہا ہے۔ وہ کل بلڈانہ ضلعے کے شیگاؤں میں قومی صحت میلے کا افتتاح کرنے کے بعد مخاطب تھیں۔ انہوں نے کہا کہ آیوش علاج کے طریقوں کو فروغ دینے سے کسانوں کی معاشی حالت بہتر ہوتی ہے اور ماحولیاتی تحفظ میں بھی مدد ملتی ہے۔ صدرِ جمہوریہ نے آیوش کے طریقہئ علاج کے فوائد اور ان کو فروغ دینے کیلئے حکومت کی طرف سے کی جا رہی مختلف کوششوں کے بارے میں جانکاری دی۔ انھوں نے کہا:
Byte: President Draupadi Murmu
ریاستی گورنر آچاریہ دیووَرَت، آیوش کے وزیرِ مملکت پرتاپ راؤ جادھو، مرکزی وزیرِ مملکت برائے کھیل رکشا کھڑسے اور وزارتِ آیوش کے سکریٹری راجیش کوٹیچا اس تقریب میں موجود تھے۔ اس موقع پر آیوروید طبّی کارکنان کی خدمات کی ستائش کی گئی۔
برہما کماری تنظیم کی ریاستی سطح کی ”اتحاد اور اعتماد کے ذریعے مہاراشٹر کا سنہرا دور“ مہم کی صدرِ جمہوریہ کی موجودگی میں کل ناگپور میں شروعات ہوئی۔ اس مہم کے تحت نشے سے پاک معاشرے کا قیام، متوازن طرزِ زندگی، صفائی، قدر پر مبنی تعلیم، یوگا، ماحولیاتی تحفظ اور سماجی ہم آہنگی کو خصوصی ترجیح دی جائے گی۔ صدرِ جمہوریہ نے کہا کہ اس پروگرام سے شہریوں کو روحانی سکون، مثبت توانائی اور قدر پر مبنی ترقی کی تحریک حاصل ہو گی۔
***** ***** *****
حکومت نے جولائی 2025 سے ریاست کے سرکاری اور دیگر اہل ملازمین کے مہنگائی بھتے میں تین فیصد کا اضافہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ ریاستی وزیر آشیش جیسوال نے کل قانون ساز کونسل میں اس کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ مہنگائی بھتہ اب 55 سے بڑھا کر 58 فیصد کر دیا جائے گا۔ جیسوال نے بتایا کہ اس سے پانچ لاکھ 16 ہزار برسرِکار ملازمین اور آٹھ لاکھ 72 ہزار سبکدوش ملازمین کو فائدہ پہنچے گا۔
***** ***** *****
ریاستی اسمبلی میں گورنر کے خطاب پر شکریہ کی تحریک پر کل سے بحث کا آغاز ہوا۔ اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے کانگریس رہنماء وجئے وڑیٹیوار نے حکومت کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال خراب ہے، اسکول بند ہو رہے ہیں، لیکن گورنر کے خطاب میں ایک بھی مسئلہ کا ذکر نہیں کیا گیا۔ وڑیٹیوار نے کہا کہ یقین دہانیوں کے باوجود کسانوں کے قرضہ جات معاف نہیں کیے گئے اور حکومت صرف نعرے بازی سے کام لے رہی ہے۔
راشٹروادی کانگریس شرد چندر پوار پارٹی کے رہنماء جینت پاٹل نے کہا کہ گورنر نے اعتراف کیا ہے کہ ریاست میں بے روزگاری بڑھ رہی ہے اور ملک کی معیشت میں ریاست کا حصہ کم ہو رہا ہے۔
شیوسینا کے رکنِ اسمبلی نیلیش رانے اور کانگریس قائد امین پٹیل نے ریاست میں منشیات کا موضوع اٹھایا۔ جبکہ شیکھر نکم، ونئے کورے نے بھی اس بحث میں حصہ لیا۔
***** ***** *****
اطلاعات و ٹکنالوجی کے ریاستی وزیر آشیش شیلار نے کل اسمبلی کو بتایا کہ حکومت آن لائن گیمنگ کو لے کر سنجیدہ ہے اور اس کیلئے ایک ٹاسک فورس تشکیل دی گئی ہے۔ رکنِ اسمبلی نرنجن ڈاؤکھرے اور سنجے کینیکر نے آن لائن گیمز اور موبائل کی لت کی وجہ سے بچوں کی ذہنی، تعلیمی اور سماجی صحت کو خطرے میں ڈالنے کے حوالے سے توجہ دلاؤ تحریک پیش کیں۔ جس کا جواب دیتے ہوئے آشیش شیلار نے کہا کہ والدین کو ڈیجیٹل خواندگی کی ضرورت ہے جبکہ بچوں کو ڈیجیٹل خوراک کی ضرورت ہے۔
***** ***** *****
وزیر بھرت گوگاولے نے اسمبلی میں وضاحت کی کہ روزگار ضمانت اسکیم کے تحت کسی بھی ملازم کو ملازمت سے محروم نہیں کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ طلب کے مطابق کام فراہم کرنے کی پالیسی پر عمل جاری رہے گا اور کسی بھی قسم کا بھید بھاؤ نہیں کیا جائے گا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
خواتین میں مادرِ رحم کے سرطان کی HPV ویکسین اب مفت کر دی گئی ہے۔ مرکزی حکومت نے ملک بھر میں 14 سال سے کم عمر لڑکیوں کیلئے مفت ویکسینیشن پروگرام کو منظوری دی ہے۔ یہ ویکسین سرکاری اسپتالوں، ضلع اسپتالوں، سماجی صحت مراکز اور آیوشمان طبّی مراکز میں دستیاب ہوگی۔ دھاراشیو کے رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے لوک سبھا میں اس ویکسین کو قومی سطح پر مفت دستیاب کرانے کا مطالبہ کیا تھا۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ وہ مہایوتی کی طرف سے راجیہ سبھا کی سات نشستوں کیلئے آئندہ انتخابات دوبارہ لڑیں گے۔ وہ کل پربھنی میں ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کررہے تھے۔ آٹھولے نے کہا کہ وزیرِ اعظم مودی کی قیادت میں ملک ترقی کر رہا ہے اور بھارت چند دنوں میں تیسرے نمبر پر پہنچ جائے گا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی 73 آسامیوں پر بھرتی کا عمل ریاستی حکومت کے نئے قواعد و ضوابط کے مطابق انجام دیا جائے گا۔ رجسٹرار ڈاکٹر پرشانت امرتکر نے بتایا کہ جنہوں نے پہلے درخواست دی ہے انہیں از سرِنو ''ATR'' بھرنا ہوگا، جبکہ نئے امیدوار بھی درخواست دے سکیں گے۔ اس میں پروفیسر کے زمرے کی آٹھ آسامیاں، اسوسی ایٹ پروفیسر کی 12 اور معاون پروفیسر کی 53 جائیدادیں شامل ہیں۔ مرکزی حکومت کے سمرتھ پورٹل کے ذریعے آج سے 12 مارچ تک آن لائن درخواستیں دی جا سکتی ہیں۔
***** ***** *****
پربھنی کے ضلع کلکٹر دفتر پر شکتی پیٹھ شاہراہ کے خلاف کسانوں کی بھوک ہڑتال مراٹھا ریزرویشن تحریک کے رہنماء منوج جرانگے پاٹل نے ختم کروائی۔ اس سے قبل انہوں نے وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے سے فون پر بات کی۔ اس دوران‘ باونکولے نے شکتی پیٹھ شاہراہ سے متعلق مسائل کا حل نکالنے کیلئے آئندہ 5 تاریخ کو ممبئی میں ایک اجلاس منعقد کرنے کا تیقن دیا۔
***** ***** *****
امید - مہاراشٹرا ریاست جیون انتی مشن کے تحت چھترپتی سمبھاجی نگر میں علاقائی اور ضلعی سطح کی منی سرس نمائش کا افتتاح کل رابطہ وزیر سنجے شرساٹ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس نمائش میں کُل 150 اسٹالز لگائے گئے ہیں۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر ریسرچ اینڈ ٹریننگ انسٹیٹیوٹ - BARTI اور مہاراشٹر فروغِ صنعت مرکز کے اشتراک سے جالنہ ضلع میں درج فہرست ذات کے نوجوانوں کیلئے ایک تکنیکی فروغِ صنعت تربیتی پروگرام چلایا جائے گا۔ اس تربیت میں ویب ڈیزائننگ، سائبر سیکیورٹی اور ڈیٹابیس ریکوری، اینیمیشن اور گرافکس شامل ہیں۔ خواہشمند امیدواروں سے جالنہ میں مہاراشٹر فروغِ صنعت مرکز کے دفتر سے رابطہ کرنے کی درخواست کی گئی ہے۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ شنکر راؤ چوہان کی برسی کے موقعے پر آج ناندیڑ کی سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں ”ملکی آئین میں سیکولرازم کا مطلب“ کے موضوع پر بزرگ مفکر شیش راؤ مورے ایک خصوصی لیکچر دیں گے۔ یہ پروگرام یونیورسٹی کے سوشل سائنس کمپلیکس میں منعقد ہوگا۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں ذہنی معذور بچوں کی پرورش کے موضوع ایک ورکشاپ کا انعقاد ماہرینِ امراض اطفال ایسوسی ایشن، ضلع پریشد کے شعبہئ معذورین اور ٹاٹا پاور کمیونٹی ڈیولپمنٹ کے اشتراک سے کیا گیا ہے۔ کل 27 تاریخ کو دھاراشیو ضلع اسپتال میں منعقد ہونے والی یہ ضلع میں اس طرح کی پہلی ورکشاپ ہے۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں آج بھارت اور زمبابوے کے درمیان میچ کھیلا جائے گا۔ یہ میچ شام سات بجے چنئی میں شروع ہوگا۔ جبکہ دیگر ایک میچ میں احمد آباد میں ویسٹ انڈیز اور جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
***** ***** *****
بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے مطالبہ کیا ہے کہ ضلعے میں 23 تاریخ کو ہوئی غیر موسمی بارش سے ہونے والے نقصانات کا فوری جائزہ لیا جائے۔ انہوں نے اس سلسلے میں ضلع کلکٹر کو ایک مطالباتی محضر بھی پیش کیا۔
دریں اثنا، بجرنگ سونونے کو لوک سبھا سکریٹریٹ کی معرفت قائم کردہ بھارت-ازبکستان پارلیمانی خیرسگالی گروپ کا رکن بھی مقرر کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آیوش نظام کو دنیا بھر میں قبولِ عام - صدرِ جمہوریہ دروپدی مرمو کا اظہارِ خیال‘ شیگاؤں میں صحت میلے کا افتتاح۔
٭ ریاستی سرکاری ملازمین کے مہنگائی بھتے میں جولائی 2025 سے تین فیصد کا اضافہ۔
٭ ریاست میں امن و قانون کی صورتحال اور منشیات کے مسئلے پر اسمبلی میں بحث۔
٭ ڈاکٹر باباصاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی میں اساتذہ کی 73 آسامیوں کیلئے از سرِ نو ہوگا بھرتی کا عمل۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں آج بھارت-زمبابوے اور ویسٹ انڈیز-جنوبی افریقہ کی ٹیمیں آمنے سامنے۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 04.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 04 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...