Monday, 23 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 23 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 23 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳۲/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج سے ہوگا آغاز، 6 مارچ کو پیش ہوگا ریاستی سالانہ بجٹ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے دو صحت مراکز کو آروگیہ رتن ایوارڈ دیکر نوازا گیا۔
٭ 28 فروری کو معیاد ختم کرنے والی گرام پنچایتوں میں موجودہ سرپنچوں کاایڈمنسٹریٹر کے طور پر ہوگا تقرر۔
٭ دنیا نے مصنوعی ذہانت میں بھارت کی حیرت انگیز صلاحیت کو تسلیم کیا ہے - ”من کی بات“ پروگرام میں وزیرِ اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو اور جنوبی افریقہ نے بھارت کو دی شکست۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج سے ممبئی میں آغاز ہو رہا ہے۔ وزیر اعلیٰ دیویندر پھڑنویس 6 مارچ کو ریاستی بجٹ پیش کریں گے۔
بجٹ اجلاس کے پس منظر میں کل ممبئی میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ اس سیشن میں 15 بل پیش کیے جائیں گے جن میں سے دو زیر التواء بل ہیں۔ انہوں نے وضاحت کی کہ حزبِ اختلاف ہو یا برسرِ اقتدار، سبھی کو بحث کیلئے معقول وقت دیا جائے گا۔ وزیرِ اعلیٰ نے مزید بتایا کہ یہ سیشن ایک ماہ تک جاری رہے گا، اور مہاراشٹر کی مقننہ ملک کی واحد مقننہ ہے جہاں سیشن سب سے زیادہ وقت تک جاری رہتا ہے۔ پھڑنویس نے بتایا کہ مرکزی حکومت کے بجٹ سے ریاست کو ملنے والے فنڈز میں 20 ہزار کروڑ روپؤں کا اضافہ ہوا ہے، اس کے علاوہ 98 ہزار 306 کروڑ روپے ٹیکس ریفنڈ کے ذریعے حاصل ہوں گے۔
اس موقعے پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیر اعلیٰ سُنیترا پوار بھی موجود تھیں۔ شندے نے بتایا کہ داؤوس میں 30 لاکھ کروڑ روپے کے صنعتی معاہدے کیے گئے ہیں، جس سے 40 سے 50 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی، اور ریاست میں تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپے کے بنیادی ڈھانچے کا کام جاری ہے۔ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کہا کہ حکومت اس سیشن کے ذریعے عوام کے ذریعہ دیئے گئے اعتماد کو درست ثابت کرنے کی کوشش کر رہی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘حزبِ اختلاف کی جماعتوں نے بجٹ اجلاس کے موقع پر کل حکمراں جماعت کی طرف سے منعقدہ چائے پارٹی کا بائیکاٹ کیا۔ شیو سینا ادھو بالاصاحب ٹھاکرے پارٹی کے لیڈر بھاسکر جادھو نے کہا کہ حکمران پارٹی کا طرزِ عمل اس کی بھاری اکثریت کی وجہ سے مہذب نہیں ہے، اور وہ چائے پارٹی میں نہیں جائیں گے جہاں جمہوریت کا احترام نہیں کیا جاتا۔ کل ممبئی میں اپوزیشن جماعتوں کی طرف سے منعقدہ ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ برسرِ اقتدار اور حزبِ اختلاف جمہوری عمل کے دو اٹوٹ حصے ہیں‘ لیکن بڑے پیمانے پر اکثریت حاصل ہوجانے کی وجہ سے برسرِ اقتدار پارٹی کا رویہ مناسب نہیں ہے۔
کانگریس لیڈر وجئے وڑیٹیوار نے ریاست میں بے روزگاری، امن و قانون کے مسائل، زیرِ التواء ترقیاتی منصوبے، کسانوں کو کم اجرت اور دیگر مسائل کو لیکر حکومت کی سرزنش کی۔ اس موقع پر سابق وزراء آدتیہ ٹھاکرے اور ستیج پاٹل بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اے آئی یعنی(مصنوعی ذہانت)کا بڑے پیمانے پراستعمال کرنے والی مہاراشٹر پہلی ریاست ہوگی۔ وہ گزشتہ روز ممبئی میں منعقدہ عالمی زرعی مصنوعی ذہانت اور سرمایہ کار چوٹی کانفرنس کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔ وزیر اعلیٰ نے بتایا کہ ریاستی حکومت کی طرف سے کسانوں کیلئے بنایا گیا ڈیجیٹل پلیٹ فارم 30 لاکھ سے زیادہ مستحقین تک پہنچ چکا ہے اور اس کی توسیع ہنوز جاری ہے۔ اس موقعے پر مرکزی وزیر ڈاکٹر جتیندر سنگھ بھی موجود تھے۔
***** ***** *****
بالاصاحب ٹھاکرے آروگیہ رتن ایوارڈ اور مہا آروگیہ سمان 2026 کی تقسیم کی تقریب کل ممبئی کے یشونت راؤ چوہان سینٹر میں منعقد ہوئی۔اس پروگرام میں مہاراشٹر پالی ایٹیو کیئر پروگرام شروع کیا گیا اور ریاستی سطح پر مینوپاز کلینک پہل کا افتتاح کیا گیا۔ اس موقعے پر وزیرِ صحت پرکاش آبِٹکر اور ریاستی وزیر میگھنا بورڈیکر موجود تھیں۔ اس تقریب میں چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے پاچوڑ دیہی اسپتال، دولت آباد پرائمری صحت مرکز کو اور تیس گاؤں سب سنٹر کی آشا کارکن،مِیراتِرچھے کو آروگیہ رتن ایوارڈ اور مہا آروگیہ سمان،اعزاز سے سرفراز کیا گیا۔
***** ***** *****
ریاست کی 28 فروری کو معیاد ختم کرنے والی گرام پنچایتوں میں موجودہ سرپنچوں کو ہی ایڈمنسٹریٹر مقرر کیا جائے گا۔ نائب سرپنچوں اور اراکین کی ایک انتظامی کمیٹی ان کی معاونت کرے گی، اور یہ تقرری اگلے چھ ماہ تک یا انتخابات مکمل ہونے تک رہے گی۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ناگپور بنچ نے اس سلسلے میں دائر ایک عرضداشت کی سماعت کے دوران یہ حکم دیا۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ نئی دہلی میں حال ہی میں منعقدہ انڈیا اے آئی امپیکٹ کانفرنس آئندہ سالوں میں دنیا بھر میں مصنوعی ذہانت کے استعمال کی سمت میں ایک اہم موڑ ثابت ہوئی ہے۔ وزیرِ اعظم نے کل آکاشوانی پر ”من کی بات“ پروگرام کے ذریعے اہلِ وطن سے بات کی۔ یہ اس پروگرام کی 131ویں قسط تھی۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا کو اس چوٹی کانفرنس کے ذریعے مصنوعی ذہانت کے میدان میں بھارت کی حیرت انگیز صلاحیت دیکھنے کو ملی۔
وزیر اعظم نے کہا کہ ملک میں اعضاء کے عطیہ کے بارے میں بیداری میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ انہوں نے ملک بھر سے بہت سی مثالیں پیش کیں جہاں اعضاء کے عطیہ نے ضرورت مندوں کو نئی زندگی دی ہے۔
وزیر اعظم نے آن لائن دھوکہ دہی کے بارے میں بھی بات کی۔ انہوں نے سبھی سے اس سلسلے میں چوکنا رہنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں ڈیجیٹل فراڈ کے بارے میں بیداری میں اضافہ ہوا ہے، لیکن اس طرح کے معاملات اب بھی ہو رہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیر اعظم نے کسانوں کے جدید اقدامات کی تعریف، مقدس ماہِ رمضان المبارک اور ہولی کے تہواروں کے دوران ”ووکل فار لوکل“ کو برقرار رکھنے کی اپیل، مہاکمبھ اور کیرالہ کمبھ کا ثقافتی پیغام، ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ میں بھارتی نژاد کھلاڑی اور راجا جی اتسو جیسے مسائل پر بھی من کی بات میں تبصرہ کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی امتحانی کونسل نے کل جماعت پنجم اور آٹھویں جماعت کے اسکالرشپ امتحانات کا انعقاد کیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں جماعت ِ پنجم کیلئے 188 امتحانی مراکز پر 31 ہزار 593 طلباء نے اور آٹھویں جماعت کیلئے 143 امتحانی مراکز پر 21 ہزار 512 طلباء نے امتحان دیا۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے کے پہلے میچ میں بھارت کو گزشتہ روزجنوبی افریقہ کے ہاتھوں 76 رنوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ احمد آباد میں کھیلے گئے اس میچ میں پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم نے مقررہ اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 187 رنز بنائے۔ جواب میں بھارت کی پوری ٹیم اُنیسویں اوور میں 111 رنز پر آؤٹ ہوگئی۔
اسی طرح گزشتہ روزسپر ایٹ کے دیگر ایک میچ میں انگلینڈ نے سری لنکا کو 51 رنوں سے ہرادیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلعے میں ریاستی حکومت کا قائم کردہ ہلدی ریسرچ سنٹر کسانوں کیلئے بہت مفید ثابت ہو رہا ہے۔ اس مرکز کی معرفت مکمل معلومات اور رہنمائی فراہم کیے جانے کی وجہ سے بلڈانہ ضلعے میں ہلدی کی کاشت بڑے پیمانے کی جارہی ہے۔ شیرج گاؤں دیشمکھ کے دیپک دیشمکھ کے کھیت میں ہلدی کی کامیاب کاشت سے اب انہیں اچھی مالی آمدنی بھی ہو گی۔ اس پہل کے بارے میں معلومات دیتے ہوئے، کھام گاؤں کے تعلقہ زرعی افسر سنیل پوار نے کسانوں سے ریاستی حکومت کے مہاوِستار ایپ کا استعمال کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
اداکار بھاؤ کدم نے کل‘ جالنہ ضلعے کے ساورگاؤں‘ بھوکردن تعلقے کے دگڑواڑی اور پرتور تعلقے کے لونی میں ترقیاتی کاموں کا معائنہ کیا اور گاؤں کے ساکنان سے بات چیت کی۔ انہوں نے کہا کہ صفائی کاموں، شجرکاری، تعلیم، صحت اور خواتین کو بااختیار بنانے کو ترجیح دی جائے تو دیہاتوں کی ہمہ جہت ترقی ممکن ہو سکتی ہے۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں بڑھتے ہوئے جرائم کے پس منظر میں ضلع پولس نے امن و امان کی برقراری کیلئے ’آپریشن آل آؤٹ‘ کے تحت ایک خصوصی مہم شروع کی ہے۔ جس میں مختلف مقامات پر گاڑیوں کی اچانک جانچ کی گئی، مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی گئی اور ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف تادیبی کارروائی کی گئی۔ اس مہم میں ٹریفک قوانین کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف 22 مقدمات درج کیے گئے اور تقریباً 35 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ ریاستی اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا آج سے ہوگا آغاز، 6 مارچ کو پیش ہوگا ریاستی سالانہ بجٹ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے کے دو صحت مراکز کا آروگیہ رتن ایوارڈ دیکر نوازا گیا۔
٭ 28 فروری کو معیاد ختم کرنے والی گرام پنچایتوں میں موجودہ سرپنچوں کاایڈمنسٹریٹر کے طور پر ہوگا تقرر۔
٭ دنیا نے مصنوعی ذہانت میں بھارت کی حیرت انگیز صلاحیت کو تسلیم کیا ہے - ”من کی بات“ پروگرام میں وزیر اعظم نریندر مودی کا اظہارِ خیال۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں انگلینڈ نے سری لنکا کو اور جنوبی افریقہ نے بھارت کو دی شکست۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...