Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 24 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴۲/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مہاراشٹر ملک میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے والی ریاست ہے: اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر کا اظہارِ خیال۔
٭ اسمبلی میں سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت فوت ہونے والے دیگر اراکین کو بھی پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
٭ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دورے پر۔
٭ کسان کی تعریف میں خواتین کو بھی شامل کیا جانا چاہیے: زرعی AI کاؤنسل کی سفارش۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں کل غیر موسمی بارش؛ لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے دو کی موت۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ریاست کے گورنر اچاریہ دیووَرَت نے کہا ہے کہ مجموعی قومی پیداوارمیں مہاراشٹر کا حصہ 13.5 فیصد ہے اور ملک میں مہاراشٹر ہی وہ ریاست ہے جو غیر ملکی سرمایہ کاری کو سب سے زیادہ راغب کرتی ہے۔ اسمبلی کے بجٹ اجلاس کا کل سے آغاز ہوگیا۔ اس موقع پر دونوں ایوانوں کے مشترکہ اجلاس سے گورنر نے خطاب کیا اور حکومت کی کارکردگی کا جائزہ لیا۔ انھوں نے بتایا سن کہ 2025-26 کی پہلی سہ ماہی میں ریاست میں 91 ہزار 327 کروڑ روپؤں کی سرمایہ کاری کی گئی، جس سے مہاراشٹر صنعت کے شعبے میں ایک سرکردہ ریاست بن گئی ہے۔ گورنر نے کہا کہ گذشتہ مہینے میں داؤوس میں منعقدہ عالمی کانفرنس کے دوران ریاست نے مختلف ممالک کی 18 کمپنیوں کے ساتھ 30 لاکھ کروڑ روپؤں کے معاہدوں پر دستخط کیے، جس سے 40 لاکھ ملازمتیں پیدا ہوں گی۔ انھوں نے صنعتوں کو فروغ دینے کی خاطر حکومت کی جانب سے تجویز کردہ مختلف پالیسیوں کے بارے میں بتایا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Governor of Maharashtra Acharya Devvrat
گورنر دیووَرَت نے کہا ہے کہ حکومت نے زرعی شعبے کی ترقی کو بھی ترجیح دی ہے جس کیلئے سولار پمپز اور مفت بجلی جیسی اسکیمات نافذ کی جارہی ہیں۔ انھوں نے بتایا کہ حکومت‘ خواتین‘ قبائل اور پسماندہ طبقات کی ترقی کی خاطر پُرعزم ہے۔ گورنر نے اپنے خطاب میں تمام طبقات کیلئے حکومت کی جانب سے نافذ کی جارہی پالیسیوں کے بارے میں بتایا۔ یہ یقین دلاتے ہوئے کہ ریاستی حکومت مہاراشٹر- کرناٹک سرحدی تنازعہ کو حل کرنے کیلئے پُرعزم ہے‘ انھوں نے سرحدی علاقوں کے شہریان کے مفادات کے تحفظ کیلئے حکومت کی جانب سے کی جارہی کوششوں کے بارے میں بھی بتایا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Governor of Maharashtra Acharya Devvrat
***** ***** *****
گورنر کے خطاب کے بعد اسمبلی کی کارروائی شروع ہوئی۔ وزیرِ اعلیٰ پھڑنویس نے نائب وزیرِ اعلیٰ اور ریاست کی ایکسائز محکمے کی وزیر سُنیترا پوار کا ایوان سے تعارف کرایا۔ اس کے بعد انھوں نے سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے انتقال پر تعزیتی تحریک پیش کی۔ اس موقع پر وزیرِ اعلیٰ نے اپنے اس احساس کا اظہار کیا کہ اجیت پوار جیسے ساتھی کا انتقال نہ صرف ایک سیاسی معاملہ ہے بلکہ ذاتی طور پر بھی تکلیف دہ ہے۔ انھوں نے آنجہانی اجیت پوار کی یادوں کو تازہ کیا۔
نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اجیت پوار کے انتقال پر قانون ساز کاؤنسل میں تعزیتی تحریک پیش کی۔ اس موقع پر انھوں نے اجیت پوار کے کام کی تعریف کی۔ شندے نے کہا کہ دادا کی طرف سے دیکھے گئے۔ ترقی کے خواب کو پورا کرنا ہی انھیں ایک حقیقی خراجِ عقیدت پیش کرنا ہوگا۔ سابق وزیرِ اعلیٰ اُدّھو ٹھاکرے‘ ستیج پاٹل‘ پروین دریکر نے قانون ساز کاؤنسل میں جبکہ چھگن بھجبل‘ بھاسکر جادھو‘ وجئے وڑیٹیوار‘ جینت پاٹل‘ دلیپ وڑسے پاٹل نے اسمبلی میں اجیت پوار کو یاد کیا۔ وہیں اسمبلی میں کل دیگر فوت ہونے والے اراکین کو بھی خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
صدرِ جمہوریہ دروپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دورے پر ہیں۔ صدرِ جمہوریہ ممبئی کے لوک بھون میں ”جان کی حفاظت اور صحت مند بھارت کی تیاری“ نامی ملک گیر مہم کا افتتاح کریں گی۔ وہ بلڈانہ ضلع کے شے گاؤں میں مرکزی وزارتِ آیوش کے ذریعے منعقدہ پروگرام‘ اتحاد اور اعتماد کے ذریعے مہاراشٹر کا سنہری دور کا بھی صدرِ جمہوریہ مُرمو افتتاح کریں گی۔
***** ***** *****
زرعی ماہرین نے سفارش کی ہے کہ کسان کی تعریف میں خواتین کو بھی شامل کیا جائے اور انھیں بھی مساوی تنخواہ‘ آسان قرض اور توسیعی خدمات فراہم کی جائیں۔ممبئی میں جاری گلوبل ایگری کلچر آرٹیفیشیل انٹلیجنس کانفرنس اور سرمایہ کاروں کے سربراہی اجلاس کے دوسرے دن مساوات کیلئے Coding‘ جنس‘ حساس زراعت اور AI-Eco System کیلئے پالیسی حل کے عنوانات پر ایک متوازی سیشن کا اہتمام کیا گیا اور یہ سفارش کی گئی کہ خواتین کے ”اپنی مدد آپس گروپس“ اور مقامی تنظیموں کے ذریعے خواتین کو ڈیجیٹل ٹریننگ اور آلات فراہم کیے جائیں۔
***** ***** *****
مراٹھواڑہ کے کئی حصوں میں کل غیر موسمی بارش ہوئی۔ لاتور شہر سمیت ضلع کے احمدپور‘ نلنگہ، اوسہ اور اودگیر تعلقہ جات کے کئی علاقوں میں بارش ہوئی اور خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ اس کا فصلوں پر برااثر پڑسکتا ہے۔ ریناپور تعلقے کے چند دیہاتوں میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ اولے گرے۔ ضلع انتظامیہ نے کسانوں سے ضروری احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کی ہدایت دی ہے کیونکہ محکمہئ موسمیات نے آنے والے چند دنوں میں برسات ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔ لاتور ضلع کے سرپرست وزیر شیویندر سنگھ راجے بھونسلے نے انتظامیہ کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر نقصانات کے پنچ نامے کریں۔
اسی بیچ اودگیر تعلقے کے وائیگاؤں میں کھیت میں کام کرنے کے دوران آسمانی بجلی گرنے سے ایک کسان کی موت ہوگئی۔ اس ساٹھ سالہ کسان کا نام دِگمبر بیل کُنڈے ہے۔
بیڑ ضلع کے امباجوگائی تعلقے کے مورے گاؤں میں کل طوفانی ہواؤں کے ساتھ ژالہ باری ہوئی۔ اس سے گیہوں‘ چنا‘ جار وغیرہ فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ مقامی شہریان کا مطالبہ ہے کہ تحصیل آفس ان نقصانات کے پنچنامے کرے۔ وہیں دھاراشیو اور تلجا پور تعلقے کے کئی علاوں میں ہلکی بارش ہوئی۔ تلجا پور میں تیز ہواؤں کے سبب گیہوں کی فصلوں کو نقصان پہنچا۔
وہیں ناندیڑ شہر اور ضلع کے کنوٹ‘ دیگلور‘ نائیگاؤں بازار اور قندھار بلولی اور بھوکر علاقوں میں بارش نے حاضری لگائی۔ حمایت نگر کے پارڈی میں بجلی گرنے سے وشاکھا ییل کیواڑ نامی خاتون کسان کی موت ہوگئی۔
اسی طرح پربھنی ضلع کے کئی علاقوں میں بھی کل غیر موسمی بارش ہوئی‘ جس سے ربیع کی فصلوں کو بڑے پیمانے پر نقصان پہنچا۔ وہیں وسطی مہاراشٹر میں کم سے کم درجہئ حرارت میں اضافہ ہوا ہے۔ محکمہئ موسمیات نے آئندہ دو دنو ں میں مراٹھواڑہ اور ودربھ کے کئی مقامات پر بارش ہونے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
***** ***** *****
ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے مراٹھی زبان و ادب کے شعبے میں آج سے مائے مراٹھی گورو فیسٹیول کا آغاز ہورہاہے۔ چار روزہ جاری رہنے والے اس فیسٹیول کا افتتاح نرہر کرندکر لیکچر سیریز سے ہوگا۔ اس مہوتسو میں ایک بے عیب مراٹھی تحریری ورکشاپ‘ مشاعرہ اور گانے لکھنے کی ورکشاپ منعقد کی جائے گی۔ ایم جی ایم یونیورسٹی چھترپتی سمبھاجی نگر کے مراٹھی زبان کے محکمے کی جانب سے مراٹھی گورو دن کی مناسبت سے کل ایک مضمون نویسی کے مقابلے کا اہتمام کیا گیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
لاتورمیں کل جیجاؤ بریگیڈ کی خواتین کارکنان نے خواتین پر ہونے والے مظالم کے خلاف احتجاج کیا۔ بلڈانہ ضلع کے چکھلا کاکڑ میں ایک خاتون پر حملے کے واقعے کا ابھی تک نوٹس نہیں لیا گیا۔ ساتھ ہی لاتور کے نوودئے ودیالیہ کی طالبہ کی خودکشی کے معاملے کی جانچ کیلئے بھی یہ احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے دونوں معاملات میں خواتین کمیشن سے فوری تحقیقات کا مطالبہ کیا ہے۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ مقابلوں میں کل ممبئی میں کھیلے گئے میچ میں ویسٹ انڈیز نے زمبابوے کو 107 رنوں سے ہرادیا۔ اس ٹورنامنٹ میں آج پاکستان کا مقابلہ انگلینڈ سے ہوگا۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مہاراشٹر ملک میں سب سے زیادہ غیر ملکی سرمایہ کاری کو راغب کرنے والی ریاست ہے: اسمبلی کے بجٹ اجلاس سے خطاب کے دوران گورنر کا اظہارِ خیال۔
٭ اسمبلی میں سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار سمیت فوت ہونے والے دیگر اراکین کو بھی پیش کیا گیا خراجِ عقیدت۔
٭ صدرِ جمہوریہ درَوپدی مُرمو آج سے مہاراشٹر کے دورے پر۔
٭ کسان کی تعریف میں خواتین کو بھی شامل کیا جانا چاہیے: زرعی AI کاؤنسل کی سفارش۔
اور۔۔۔٭ مراٹھواڑہ کے بیشتر اضلاع میں کل غیر موسمی بارش؛ لاتور اور ناندیڑ اضلاع میں آسمانی بجلی گرنے سے دو کی موت۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment