Thursday, 12 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 12 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 12 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲۱/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ قومی گیت وندے ماترم سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے رہنماء ہدایات جاری۔
٭ اس سال کے عام بجٹ میں 2050 تک کا طویل المدتی نظریہ پیش کیا گیا: وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن کا اظہارِ خیال۔
٭ ممبئی میں سنگیت سے مزین سڑک کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ناندیڑ ضلع کے مکھیڑ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں زلزلے کے خفیف جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ بیڑ و جالنہ اضلاع میں بارہویں کے امتحانات میں نقل کے واقعات؛ قانونی کارروائی کا آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی حکومت نے قومی گیت وندے ماترم سے متعلق نئی رہنماء ہدایات جاری کی ہیں۔ جن کے مطابق سرکاری تقاریب‘ تعلیمی اداروں اور دیگر اہم پروگراموں میں راشٹرگیت جن گن من کے بعد فوری وندے ماترم گیت لازمی ہوگا۔ ہدایات میں کہا گیا ہے کہ اس سے قبل اس گیت کے صرف دو بند عام تھے۔ تاہم‘ اب اس گیت کے تمام بند بجائے جائیں گے۔ صدرِ جمہوریہ یا گورنر کی آمد اور روانگی کے وقت‘ ان کے خطاب سے قبل اور بعد نیز قومی پرچم کشائی کے وقت بھی یہ اُصول لاگو رہیں گے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا ہے کہ اس سال کا عام بجٹ سولہویں مالیاتی کمیشن کی سفارشات سے ہم آہنگ ہے اور اس میں 2050 تک کا طویل المدتی ترقیاتی نظریہ پیش کیا گیا ہے۔ وہ کل لوک سبھا میں بجٹ پر بحث کا جواب دے رہی تھیں۔ انھوں نے وضاحت کی کہ بجٹ میں تمام شعبوں کو مستحکم کرنے کیلئے خاطر خواہ گنجائشیں رکھی گئی ہیں۔ نیز تزویراتی اور مستقبل میں سرمایہ کاری پر خاص توجہ دی گئی ہے۔
***** ***** *****
قبل ازیں لوک جن شکتی پارٹی رام ولاس کے ارون بھارتی نے اس بحث میں حصہ لیتے ہوئے کہا کہ یہ عام بجٹ ملک کی ترقی کا عزم ہے اور 2047 تک ترقی یافتہ بھارت کا ہدف حاصل کرنے کیلئے یہ بجٹ بنیاد فراہم کرے گا۔ سکم کرانتی کاری مورچہ کے اندرہانگ سُبّا نے کہا کہ بجٹ میں صنعتی شعبے کیلئے پیش کی گئیں تجاویز قابلِ استقبال ہے۔ شیوسینا کے شری کانت شندے نے اس بجٹ کو کھیتوں کو پانی‘ نوجوانوں کو روزگار‘ خواتین کو عزت اور غریبوں کو راشن دینے والا قرار دیا۔ دوسری جانب عام آدمی پارٹی کے ڈاکٹر راج کمار چھبّے لال نے کہا کہ مرکزی بجٹ میں ملک کی عوام کیلئے کوئی ٹھوس تجاویز نہیں رکھی گئیں۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا میں بھی کل سالانہ مالی بجٹ پر بحث ہوئی۔ سابق وزیرِ اعظم ایچ ڈی دیوے گوڑا نے کہا کہ یہ بجٹ محض اعداد و شمار کیلئے نہیں بلکہ معیشت کو مضبوط بنانے کیلئے کیے گئے فیصلوں کی وجہ سے یاد رکھا جائے گا۔ بی جے پی کے اشوک چوہان نے کہا کہ یہ عام بجٹ نوجوانوں پر مرکوز ہے اور صنعتکاروں‘ کسانوں‘ خواتین اور محروم طبقات کو بااختیار بناتا ہے۔ کانگریس کے راجیو شکلا نے تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکہ سے ہوئے معاہدے کے بعد یہ بجٹ پیش کیا گیا۔ انھوں نے مطالبہ کیا کہ نظرِ ثانی شدہ یا ضمنی بجٹ پیش کیا جائے۔
***** ***** *****
انڈیگو ایئر لائنز کو شہری ہوا بازی ادارے کے ڈائریکٹوریٹ کی جانب سے دی گئی رعایت کی مدت منگل کو ختم ہوگئی۔ اتھاریٹی کے قواعد کی پابندی کے باعث گذشتہ دسمبر میں انڈیگو کی پروازوں میں افراتفری پھیل گئی تھی اور مسافروں کو شدید دشواریاں پیش آئی تھیں۔ اس لیے کمپنی کو قواعد پر عمل درآمد سے عارضی رعایت دی گئی تھی۔ ڈائریکٹوریٹ نے بتایا ہے کہ اب اس رعایت کی مدت ختم ہوگئی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کے طیارہ حادثے کی ایجنسیوں کی جانب سے مکمل تفتیش اور جانچ جاری ہے اور سب کو احتیاط کرنا چاہیے کہ اسے سیاسی مقاصد کیلئے استعمال نہ کیا جائے۔ وہ کل ممبئی میں اخباری نمائندوں سے گفتگو کررہے تھے۔ اسی دوران ملک میں سب سے زیادہ براہِ راست غیر ملکی سرمایہ کاری آنے کا دعویٰ کرتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ نے کہا کہ غیر ملکی سرمایہ کاری کی آمد ریکارڈ ساز ہے۔ کل ممبئی میں منعقدہ ایک پروگرام سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ معاشی نظام کو تہوار کی شکل دینے کے سبب ہی صنعت دوست ماحول سازگار بنایا جاسکا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی میں سنگیت سے مزین ایک سڑک کا افتتاح کل وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس سلسلے میں وزیرِ اعلیٰ نے بتایا کہ چھترپتی سمبھاجی مہاراج جنوبی ساحلی سڑک ایک تخلیقی تصور کے ساتھ تیار کی گئی ہے۔ جب کوئی گاڑی 60 کلو میٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے اس پر سے گذرتی ہے تو ایک بہترین موسیقی سنائی دیتی ہے۔ پہلے مرحلے میں یہ 500 میٹر طویل سڑک تیار کی گئی ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
گذشتہ برس قحط زدہ‘ شدید بارش اور سیلاب سے متاثرہ قرار دئیے گئے تعلقوں کے طلبہ کی امتحانی فیس معاف کرنے کے فیصلے سے متعلق ایک سرکاری اعلامیہ کل جاری کیا گیا۔ یہ سہولت تعلیمی سال 2025-26 کیلئے لاگو رہے گی۔ اسی دوران تمام یونیورسٹیوں‘ امتحانی بورڈز اور کالجوں کے طلبہ کی امتحانی فیس معاف رہے گی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے مکھیڑ تعلقے کے ہبٹ‘ کوڑ گاؤں‘ دھامن گاؤں‘ موٹرگا‘ دھنج اور جام کھیڑ میں کل دوپہر زلزلے کے خفیف جھٹکے محسوس کیے گئے۔ اس زلزلے کی شدت زلزلہ پیماء پر تین درج کی گئی۔ مکھیڑ کے تحصیلدار راجیش جادھو نے بتایا کہ زلزلہ کے جھٹکے اتنے ہلکے تھے کہ اس سے کسی بھی جانی یا مالی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے۔ دریں اثناء‘ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ خوف زدہ نہ ہوں، لیکن محتاط رہیں اور افواہوں پر دھیان نہ دیں۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں شدید بارش سے ہوئے نقصانات کی جانچ کیلئے نیشنل ڈیزاسٹر رِسپانس ٹیم آج ضلع کا دورہ کررہی ہے۔ تباہی کے بعد پیدا شدہ صورتحال کا جائزہ لینے کیلئے یہ دورہ کیا جارہا ہے۔ یہ ٹیم اپنی رپورٹ مرکزی حکومت کو پیش کرے گی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع کے چوسالہ گاؤں میں امتحانی مراکز پر والدین کی جانب سے بارہویں جماعت کے طلبہ کو نقل دینے کا واقعہ سامنے آیا ہے۔ اس سلسلے میں بیڑ ضلع انتظامیہ کی ٹیم نے متعلقہ مرکز کے سی سی ٹی وی فوٹیج قبضے میں لے لیے ہیں اور انتظامی ٹیم کے مطابق متعلقہ مرکز کے انچارج اور اساتذہ کے خلاف مقدمہ درج کرنے کے احکامات ضلع کلکٹر ویویک جانسن نے ضلع پولس انتظامیہ کو دئیے ہیں۔
***** ***** *****
جالنہ ضلع میں بھی بارہویں کے امتحانات کے پہلے ہی دن طلبہ کے پاس نقل کی موجودگی سامنے آئی۔ فلائنگ اسکواڈ نے اس کا سنجیدگی سے نوٹس لیتے ہوئے عنبڑ تحصیل کے شاہ گڑھ‘ گوندی‘ روہیلہ گڑھ اور بدناپور تعلقہ کے واکوڑنی کے چھ اساتذہ کو معطل کرنے کے احکامات ایجوکیشن آفیسر باڑا صاحب کھرات نے دئیے ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے کنڑ تعلقے کے جیتا پور میں بھی اجتماعی نقل کا معاملہ سامنے آیا۔ اس معاملے میں 24 افراد کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا ہے اور مزید قانونی کارروائی جاری ہے۔ ضلع پریشد انتظامیہ کے نگران عملے‘ اساتذہ اور مستقل اسکواڈ کو معطل کرنے کی تجویز متعلقہ حکام کو ارسال کی گئی ہے۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع پولس میں 64 عہدوں کی بھرتی کے عمل میں کل پہلے دن تقریباً 900 امیدواروں کا ٹیسٹ لیا گیا۔ اسی دوران ضلع پولس سپرنٹنڈنٹ نیلبھ روہن نے اپیل کی ہے کہ بھرتی کا عمل مکمل طورپر شفاف طریقے سے چلایا جارہا ہے اس لیے امیدوار کسی دھوکہ دہی میں نہ پھنسیں۔
***** ***** *****
بیڑ ضلع میں بھی پولس بھرتی کے دوران دیپک واوڑے نامی 26 سالہ امیدواروں کی طبعیت بگڑ گئی۔ اسے علاج کیلئے سرکاری اسپتال بھیجا گیا‘ لیکن علاج کے دوران اس کی موت واقع ہوگئی۔ دریں اثناء‘ پولس سپرنٹنڈنٹ نونیت کانوت نے ہدایت کی ہے کہ تمام امیدوار غذا اور پانی کا معقول استعمال کریں اور صحت کا خیال رکھیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے عام انتخابات میں منتخب تمام کارپوریٹرز کو 15 فروری تک انتخابی اخراجات کی تفصیلات انتخابی کمیشن کو روانہ کرنا لازمی ہے۔ میونسپل کمشنر جی شریکانت نے انتباہ دیا ہے کہ مقررہ مدت میں اخراجات کا حساب نہ دینے پر متعلقہ ممبر کی رکنیت منسوخ ہوسکتی ہے۔
***** ***** *****
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں آج دہلی میں بھارت اور نمیبیا کے مابین میچ کھیلا جائے گا۔ میچ کا آغاز شام سات بجے ہوگا۔ سری لنکا کے پلّے کیلے میں سری لنکا کا مقابلہ عمان سے اور ممبئی میں نیپال کا مقابلہ اٹلی سے ہوگا۔
کل اس ٹورنامنٹ میں کل کھیلے گئے انتہائی سنسنی خیز میچ میں جنوبی افریقہ نے دوسرے سپر اوور میں افغانستان کو شکست دی۔ میچ ٹائی ہونے پر سوپر اووور کھیلا گیا لیکن اس میں بھی دونوں ٹیمیں برابری پر رہیں، جس کے بعد دوسرا سپر اوور کھیلا گیا جس میں جنوبی افریقہ نے فتح حاصل کی۔ دوسرے میچوں میں ویسٹ انڈیز نے انگلینڈ کو 30 رنوں سے اور آسٹریلیاء نے آئر لینڈ کو 67 رنوں سے شکست دی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ قومی گیت وندے ماترم سے متعلق مرکزی حکومت کی جانب سے رہنماء ہدایات جاری۔
٭ اس سال کے عام بجٹ میں 2050 تک کا طویل المدتی نظریہ پیش کیا گیا: وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن کا اظہارِ خیال۔
٭ ممبئی میں سنگیت سے مزین سڑک کا وزیرِ اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح۔
٭ ناندیڑ ضلع کے مکھیڑ اور اطراف و اکناف کے علاقوں میں زلزلے کے خفیف جھٹکے۔
اور۔۔۔٭ بیڑ و جالنہ اضلاع میں بارہویں کے امتحانات میں نقل کے واقعات؛ قانونی کارروائی کا آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...