Sunday, 8 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 08 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 08 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۸/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ نکسلی کارروائیوں سے متاثرہ علاقوں میں ترقی کی نئی صبح طلوع ہوئی ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتیوں کے عام انتخابات کی رائے دہی کا عمل مکمل؛ کل کی جائیگی ووٹوں کی گنتی۔
٭ مراٹھواڑہ کے چار اضلاع میں اوسطاً 67 فیصد رائے دہی کا اندازہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں قدیم آثار کے تحفظ کیلئے لیباریٹری کے قیام کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط۔
٭ جالنہ ضلعے میں جعلی نوٹوں کے لین دین میں ملوث گروہ کا پولس نے کیا پردہ فاش۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی T20 کرکٹ عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کا فاتحانہ آغاز۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
صدرِ جمہوریہ دَروپدی مُرمو نے کہا ہے کہ نکسل مخالف مہم کی وجہ سے نکسل سے متاثرہ علاقوں میں خوف کا ماحول ختم ہو گیا ہے اور ترقی کی نئی صبح طلوع ہوئی ہے۔ کل چھتیس گڑھ کے جگدل پور میں بستر پنڈُم تہوار کے افتتاح کے موقعے پر خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا....
Byte: President Draupadi Murmu
گڑچرولی ضلعے میں مہاراشٹر اور چھتیس گڑھ کی سرحد پر حفاظتی دستوں کے ساتھ تصادم میں سات نکسلائیٹس مارے گئے۔ پولس سپرنٹنڈنٹ نیلوتپل نے بتایا کہ اس علاقے میں اب صرف سات نکسلائیٹ رہ گئے ہیں۔ وہ کل ایک اطلاعی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ انھوں نے یقین ظاہر کیا کہ گڑچرولی ضلع 31 مارچ تک نکسلیوں سے پاک ہو جائے گا۔
***** ***** *****
ریاست کی 12 ضلع پریشدوں اور 125 پنچایت سمیتی کے عام انتخابات کیلئے رائے دہی کا عمل کل پُرامن طریقے سے مکمل ہوا۔ ان ووٹوں کی گنتی کل 9 تاریخ کو کی جائے گی۔
مراٹھواڑہ کی چار ضلع پریشدوں اور 36 پنچایت سمیتیوں چھترپتی سمبھاجی نگر، پربھنی، لاتور اور دھاراشیو میں بھی رائے دہی کی گئی۔
ضلع انتخابی محکموں کی اطلاع کے مطابق چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں 72 اعشاریہ69 فیصد، پربھنی ضلعے میں 55 اعشاریہ 71 فیصد، لاتور ضلعے میں تقریباً 75 فیصد، اور دھاراشیو ضلعے میں تقریباً 65 فیصد رائے دہی کا اندراج کیا گیا۔
***** ***** *****
نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے بارامتی کے کاٹے واڑی میں اپنا حقِ رائے دہی ادا کیا‘ ریاستی وزیر بابا صاحب پاٹل نے لاتور ضلعے کے شِرور تاج بند میں اپنے ووٹ کا حق ادا کیا، اراکینِ اسمبلی ابھیمنیو پوار نے کاسار شِرشی میں جبکہ سمبھاجی پاٹل نیلنگیکر نے اوراد شاہ جنی میں‘ امیت دیشمکھ اور دھیرج دیشمکھ نے بابھڑ گاؤں میں اپنا ووٹ ڈالا۔
پربھنی ضلعے کی رابطہ وزیر میگھنا بورڈیکر نے جنتور تعلقے کے بورڈی میں اپنا ووٹ ڈالا۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں، رکنِ اسمبلی ولاس بھومرے نے پیٹھن میں، انورادھا چوہان اور جالنہ کے رکنِ پارلیمان کلیان کالے نے پھلمبری میں اور سابق وزیر عبدالستار نے سلوڑ میں حقِ رائے دہی ادا کیا۔
رکنِ پارلیمان اوم پرکاش راجے نمبالکر نے دھاراشیو تعلقے کے گووردھن واڑی میں، رُکنِ اسمبلی تانا جی ساونت نے پرنڈا تعلقے کے مُگاؤں میں، رکنِ اسمبلی کیلاس پاٹل نے ساروڑا میں اور راناجگجیت سنگھ پاٹل نے تیر میں اپنی اہلیہ کے ہمراہ ووٹ کا حق استعمال کیا۔
***** ***** *****
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کیلئے کاغذاتِ نامزدگی داخل کرنے کا عمل کل مکمل ہوگیا۔ اس میونسپل کارپوریشن میں بی جے پی-شیو سینا اتحاد، کانگریس-ونچیت بہوجن آگھاڑی اتحاد اور ایم آئی ایم کے درمیان سہ رخی مقابلہ ہونے کا امکان ہے۔ میئر اور ڈپٹی میئر انتخابات کیلئے منگل کو میونسپل کارپوریشن کا خصوصی اجلاس منعقد ہوگا۔
مالیگاؤں میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے پر اسلام پارٹی کی نسرین بانو خالد شیخ اور ڈپٹی میئر کے عہدے پر سماج وادی پارٹی کی شانِ ہند نے کامیابی حاصل کی۔ کل منعقدہ خصوصی اجلاس میں انتخابی عمل مکمل کیا گیا۔
***** ***** *****
بھارتیہ جنتا پارٹی نے کل ممبئی میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کیلئے رِیتو تاؤڑے کے نام کا اعلان کیا، جبکہ شیوسینا نے ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے سنجے گھاڑی کو اپنا امیدوار بنایا ہے۔ بی جے پی کے ممبئی کے صدر اَمیت ساٹم نے رِیتو تاؤڑے کی امیدواری کا اعلان کیا، جبکہ شیو سینا کے رہنما راہل شیواڑے نے سنجے گھاڑی کی امیدواری کا اعلان کیا۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
سیشیلس کے صدرِ پیٹرک ہرمینی کی بھارت کے پانچ روزہ دورے پر کل ممبئی آمد ہوئی۔ انہوں نے کل بندرگاہوں اور جہاز رانی کے مرکزی وزیر سروانند سونووال سے بات چیت کی۔ ساتھ ہی بھارتی صنعتی کارپوریشن (CII) کے زیرِ اہتمام بھارت- سیشیلس صنعتی گول میز کانفرنس میں بھی شرکت کی۔
***** ***** *****
چھترپتی سنبھاجی نگرشہر کے چھترپتی شیواجی مہاراج میوزیم کے احاطے میں ایک تحفظاتی تجربہ گاہ کے قیام کے سلسلے میں کل INTAC اور میونسپل کارپوریشن کے درمیان ایک معاہدہ کیا گیا۔ میونسپل کمشنر اور ایڈمنسٹریٹر جی شری کانت اور INTAC کی چھترپتی سمبھاجی نگر چیپٹر کوآرڈینیٹر اور سینئر آرکیٹیکٹ مایا ویدیہ نے اس مفاہمت نامے پر دستخط کیے۔ اس معاہدے سے چھترپتی سمبھاجی نگر میں قدیم اشیاء، مخطوطات اور مصوری کے نمونوں کو سائنسی اعتبار سے محفوظ کرنا ممکن ہوگا۔ INTAC کی ملک بھر میں پانچ کنزرویشن لیبارٹریز ہیں۔ جبکہ چھترپتی سمبھاجی نگر میں قائم ہونے والی لیباریٹری مہاراشٹر کی اوّلین لیبارٹری ہے۔
***** ***** *****
عنبڑ پولس نے کل جالنہ ضلعے کے عنبڑ شہر میں 500 روپے کے جعلی نوٹوں کا لین دین کرنے والے ایک گروہ کا پردہ فاش کیا۔ اس کارروائی میں پولس نے ایک لاکھ 22 ہزار روپئے مالیت کے 244 جعلی نوٹ ضبط کر کے پانچ ملزمان کو گرفتار کر لیا۔ اس معاملے میں ایک نابالغ بچے کے بھی ملوث ہونے کا انکشاف ہوا ہے، جبکہ نقلی نوٹ فراہم کرنے والے سرغنہ کو چھترپتی سمبھاجی نگر سے گرفتار کیا گیا ہے۔ ملزمان کے خلاف عنبڑ پولس اسٹیشن میں معاملہ درج کر لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ناسک کے عوامی دارالاقامہ کی جانب سے دیے جانے والے فرض شناس ممبر آف پارلیمنٹ ایوارڈ کیلئے اس سال دھاراشیو کے رکنِ پارلیمان اوم راجے نمبالکر کا انتخاب کیا گیا ہے۔ بزرگ سماج وادی رہنماء اور صحافی مادھو راؤ لمیے کی یاد میں ان کے خاندان کے عطیات سے ایک سال کے وقفے سے فعال رکنِ اسمبلی و رکنِ پارلیمان کو یہ ایوارڈ دیا جاتا ہے۔ یہ ایوارڈ پچاس ہزار روپئے نقد اور ایک یادگاری شیلڈ پر مشتمل ہے۔
***** ***** *****
سنت شری گجانن مہاراج کا 148 واں پرگت دن اتسو آج منایا جا رہا ہے۔ ریاست کے مختلف اضلاع سے بہت سے یاتری بلڈھانہ ضلع کے شیگاؤں پہنچ رہے ہیں۔ اس پس منظر میں گجانن مہاراج مندر آج 24 گھنٹے کھلا رہے گا۔
حکومت ہند کی آیوش وزارت کی جانب سے شیگاؤں میں 25 سے 28 فروری تک قومی آیوش ہیلتھ کانفرنس 2026 منعقد ہوگی، مرکزی آیوش وزیر پرتاپراؤ جادھو نے کل شیگاؤں میں ایک پریس کانفرنس میں یہ جانکاری دی۔ جادھو نے کسانوں سے اس کانفرنس کا فائدہ اٹھانے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا عالمی کپ ٹورنامنٹ کل سے شروع ہوگیا۔ بھارت نے اپنے پہلے میچ میں امریکہ کو 29 رنز سے شکست دے کر اپنی مہم کا فاتحانہ آغاز کیا۔ ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلے گئے اس میچ میں امریکی ٹیم نے ٹاس جیت کر گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ تاہم‘ بھارتی اننگ کا آغاز مایوس کُن ثابت ہوا اور ابھیشیک شرما اور شیوم دُوبے صفر پر آؤٹ ہوگئے۔ جبکہ ایشان کشن 20، تلک ورما 25‘ رنکو سنگھ اور ہاردک پانڈیا بالترتیب چھ اور پانچ رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ سوریہ کمار یادو نے ذمہ دارانہ بلّے بازی کرتے ہوئے 10 چوکوں اور چار چھکوں کی مدد سے 84 رنز بنائے، جس کی مدد سے بھارت کا مجموعی اسکور 161 تک پہنچ گیا۔ اس ہدف کے تعاقب میں امریکی ٹیم 20 اوورز میں آٹھ وکٹوں کے نقصان پر صرف 132 رنز ہی بنا سکی۔ امریکی ٹیم سے کھیلنے والے دہلی کے ملند کمار، پونے کے شبھم رانجنے اور سنجئے کرشنامورتی کے علاوہ دیگر بلے باز پچ پر زیادہ دیر ٹک نہیں پائے۔ جبکہ امریکی ٹیم کیلئے کھیلنے والے ممبئی کے سوربھ نیتراوالکربھی گیندبازی میں زیادہ کمال نہیں دکھا سکے اور اپنے چار اوورز میں 65 رنز دے دیے۔ناٹ آؤٹ84 رنز بنانے والے کپتان سوریہ کمار یادو کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
اس سے قبل کل‘ کولمبو میں کھیلے گئے عالمی کپ کے افتتاحی میچ میں پاکستان نے نیدرلینڈ کو تین وکٹوں سے ہرایا‘ جبکہ کولکتہ میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں ویسٹ انڈیز نے اسکاٹ لینڈ کو 35 رنز سے شکست دی۔
اس ٹورنامنٹ میں آج‘ نیوزی لینڈ اور افغانستان، انگلینڈ اور نیپال اور سری لنکا اور آئرلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ جبکہ بھارت کا اگلا مقابلہ 12 تاریخ کو نامبیا کے خلاف ہوگا۔
***** ***** *****
قومی کرکٹ بورڈ (BCCI) نے انڈر 19 کرکٹ عالمی کپ جیتنے والی بھارتی ٹیم کیلئے ساڑھے سات کروڑ روپے کے انعامات کا اعلان کیا ہے۔ بھارت نے چھٹی بار یہ عالمی کپ اپنے نام کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے 28 امتحانی مراکز پر کل سے اساتذہ کے اہلیتی امتحان (TET) کا آغاز ہوا۔ ان 28 مراکز پر امتحان کیلئے 12 ہزار 660 امیدواروں نے رجسٹریشن کرایا ہے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج تعلقے کے ییڑیشوری شکر کارخانے کے احاطے میں آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی ایک عظیم الشان یادگار تعمیر کی جائے گی۔ یہ اعلان بیڑ کے رکنِ پارلیمان بجرنگ سونونے نے کیا۔ وہ ییڑیشوری شکر کارخانے کے احاطے میں منعقدہ صحافتی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ نکسلی کارروائیوں سے متاثرہ علاقوں میں ترقی کی نئی صبح طلوع ہوئی ہے: صدرِ جمہوریہ کا بیان۔
٭ ضلع پریشد اور پنچایت سمیتیوں کے عام انتخابات کی رائے دہی کا عمل مکمل؛ کل کی جائیگی ووٹوں کی گنتی۔
٭ مراٹھواڑہ کے چار اضلاع میں اوسطاً 67 فیصد رائے دہی کا اندازہ۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں قدیم آثار کے تحفظ کیلئے لیباریٹری کے قیام کیلئے مفاہمت نامے پر دستخط۔
٭ جالنہ ضلعے میں جعلی نوٹوں کے لین دین میں ملوث گروہ کا پولس نے کیا پردہ فاش۔
اور۔۔۔٭ آئی سی سی T20 عالمی کپ ٹورنامنٹ میں بھارت کا فاتحانہ آغاز۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...