Wednesday, 11 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 11 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 11 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۱۱/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ محکمہئ آبی وسائل کے نامکمل منصوبوں کی تکمیل کیلئے نابارڈ سے 15ہزار کروڑ روپئے قرض لینے کی ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ 23 فروری سے ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس؛ 6 مارچ کو بجٹ ہوگا پیش۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر کے عہدے پر بی جے پی کے سمیر راجورکر اور ناندیڑ کے میئر کی حیثیت سے کویتا مُڑے کا انتخاب۔
٭ بارہویں کے امتحانات کا آغاز؛ کنڑ تعلقے میں اجتماعی نقل کے معاملے کا انکشاف۔
اور۔۔۔٭ ہنگولی میں 14 تا 16 فروری کے دوران وِدھی ناٹیہ مہوتسو کا انعقاد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
محکمہئ آبی وسائل کے نامکمل منصوبوں کی تکمیل کیلئے قومی زرعی و دیہی ترقیاتی بینک یعنی نابارڈ سے 15ہزار کروڑ روپئے کے طویل المدتی قرض لینے کو ریاستی کابینہ نے کل منظوری دے دی۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کابینی اجلاس کے بعد ممبئی میں صحیفہ نگاروں کو یہ اطلاع دی۔ اس اجلاس میں نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار بھی موجود تھیں۔ نامکمل 40 منصوبے اور 100 نالوں کا کام مکمل ہونے سے آٹھ لاکھ ایکڑ زمین زیرِ آبپاشی آسکے گی۔ وزیرِ اعلیٰ نے اس کابینی اجلاس میں کیے گئے فیصلوں سے متعلق تفصیلات پیش کرتے ہوئے بتایا کہ نئی ممبئی طیران گاہ سے قریب تیسری ممبئی کی تعمیر کیلئے ممبئی میٹرو پولٹین ریجنل ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کو مختلف مراعات کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پُرندر ہوائی اڈے کیلئے زمین کے حصول اور فنڈ جمع کرنے کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں عوامی اور خانگی شراکت داری (PPP) پالیسی 2026 کا اعلان کیا گیا۔
ریاست میں ”میرا گاؤں‘ صحت مند گاؤں“ مہم چلائی جائیگی۔ طرزِ زندگی اور غذا میں تبدیلی کی حوصلہ افزائی‘ احتیاطی اقدامات‘ بروقت علاج اور بازآبادکاری اس مہم کے چار اہم ستون ہوں گے۔ اس مہم کیلئے تقریباً 80 لاکھ کروڑروپئے مختص کیے گئے ہیں۔ پربھنی ضلعے کے مانوت تعلقے میں واقع اندرانی امدادِ باہمی سوت گرنی کو سرکاری امداد دینے کی بھی کابینہ نے فیصلہ کیا گیا۔ ای میل کے ذریعے ارسال کردہ نوٹس کو قانونی حیثیت دینے کیلئے اراضی ریوینیو ایکٹ میں ترمیم کا فیصلہ کیا گیا۔
ریاستی سطح کی اسکولی سائنسی نمائش کے انعامات کی رقم میں اضافہ، اَپّر ضلع کلکٹر کے 11 عہدے تخلیق کرنے اور عوامی یونیورسٹی اور خانگی پیشہ وارانہ تعلیمی اداروں ں کے قوانین میں ترمیم کو بھی کابینہ نے منظوری دی۔
***** ***** *****
ریاستی مقننہ کا بجٹ اجلاس 23 فروری تا 25 مارچ کے دوران ہوگا ااور ریاستی سالانہ بجٹ 6 مارچ کو پیش کیاجائے گا۔ اسمبلی کی کام کاج مشاورتی کمیٹی کا اجلاس کل ممبئی میں ودھان بھون میں منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر‘ قانون ساز کونسل کے چیئرمین رام شندے‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے بھی شرکت کی۔
***** ***** *****
لوک سبھا کے کام کاج میں تعطل کل ختم ہوا اور سالانہ عام بجٹ پر ایوان میں بحث کا آغاز ہوا۔ کانگریس کے رکنِ پارلیمان ششی تھرور نے اس بحث کا آغاز کیا۔ راجیہ سبھا میں بھی بجٹ پر بحث میں شیوسینا کے ملند دیورا نے حصہ لیا۔
***** ***** *****
لوک سبھا میں حزبِ اختلاف نے اسپیکر اوم برلا کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد پیش کی ہے۔ اس تحریک ِ عدم اعتماد پر کانگریس‘ ڈی ایم کے‘ سماج وادی پارٹی‘ راشٹریہ جنتا دَل اور بائیں بازو کی جماعتوں کے ارکان نے دستخط کیے۔ تاہم‘ ترنمول کانگریس کے ارکان نے اس نوٹس پر دستخط نہیں کیے۔ اسی دوران تحریک ِ عدم اعتماد پر فیصلہ ہونے تک ایوان میں نہ جانے کا فیصلہ اسپیکر اوم برلا نے کیا ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے سابق وزیر اور راشٹروادی کانگریس کے رہنماء بابا صدیقی کے قتل کے معاملے میں ممبئی کی خصوصی موکا عدالت نے 27 ملزمان کے خلاف فردِ جرم عائد کردی ہے۔ سال 2024 میں بابا صدیقی کو ممبئی کے باندرہ علاقے میں تین مسلح حملہ آوروں نے فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔ اس واردات کے سلسلے میں پولس نے 27ملزموں کے خلاف فردِ جرم پیش کی ہے۔ بدنام زمانہ غنڈے لارنس بشنوئی کے بھائی انمول بشنوئی کو مفرور ملزم قرار دیا گیاہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر کے عہدے پر بی جے پی کے سمیر راجورکر کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔ پریسائیڈنگ افسر اور ضلع کلکٹر دلیپ سوامی کی موجودگی میں کل یہ انتخاب ہوا۔ جس میں راجورکر کو 70 ووٹ ملے‘ جبکہ ایم آئی ایم کے امیدوار اشوک ہیوراڑے کو 33 ووٹ ملے۔ ونچت بہوجن آگھاڑی اور شیوسینا اُدھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے کارپوریٹرز اس ووٹنگ میں غیر جانبدار رہے۔ ڈپٹی میئر کے عہدے پر شیوسینا کے راجندر جنجاڑ منتخب ہوئے۔
***** ***** *****
ناندیڑ میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے پر بی جے پی کی کویتا مڑے منتخب ہوئیں۔ انھیں کُل 81 میں سے 50 ووٹ ملے۔ ایم آئی ایم کی اشونی دھونگڑے نے 14 اور کانگریس و ونچت بہوجن آگھاڑی کی نامزد امیدوار مہہ جبین عبدالفہیم کو 15 ووٹ ملے۔ ڈپٹی میئر کے عہدے پر بی جے پی کے دیپک سنگھ راؤت کا انتخاب عمل میں آیا۔ ان انتخابات میں شیوسینا کے چار اور ایک آزاد کارپوریٹر نے بھی بی جے پی کو ووٹ دیا، جبکہ راشٹروادی کانگریس کے دو کارپوریٹرز غیر جانبدار رہے۔
***** ***** *****
چندرپور میونسپل کارپوریشن میں حصولِ اقتدار کیلئے بی جے پی اور شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے درمیان اتحاد دیکھنے میں آیا۔ میئر کے عہدے پر بی جے پی کی سنگیتا کھانڈیکر اور ڈپٹی میئر کے عہدے کیلئے اُدّھو ٹھاکرے گروپ کے پرشانت دانو نے فتح حاصل کی۔ 66 ارکان پر مشتمل اس کارپوریشن میں کانگریس نے سب سے زیادہ 27‘ بی جے پی نے 23‘ اور شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی نے 6 نشستیں حاصل کی تھیں۔ میئر کے عہدے کے انتخاب کے دوران ونچت بہوجن آگھاڑی کے دو کارپوریٹر غیر حاضر رہے‘ جبکہ ایم آئی ایم کا ایک رُکن غیر جانبدار رہا۔
***** ***** *****
ریاستی ثانوی اور اعلیٰ ثانوی تعلیمی بورڈ کے بارہویں کے امتحانات کا کل سے آغاز ہوا۔ ان امتحانات کیلئے ریاست کے کُل 15لاکھ 32 ہزار 487 طلبہ نے رجسٹریشن کیا ہے۔ 18 مارچ تک ریاست کے 9 ڈویژنل بورڈ میں یہ امتحانات جاری رہیں گے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر ڈویژن میں چھترپتی سمبھاجی نگر‘ جالنہ، بیڑ‘ پربھنی اور ہنگولی ان پانچ اضلاع میں مجموعی طور پر 454 امتحانی مراکز پر ایک لاکھ 90 ہزار 592 طلبہ امتحانات میں حصہ لے رہے ہیں۔ بیڑ ضلع میں 45 ہزار طلبہ بارہویں کا امتحان دے رہے ہیں۔ یہاں امتحانی مراکز پر سی سی ٹی وی اور ڈرون کے ذریعے نظر رکھی جارہی ہے۔
لاتور ضلع میں 101 مراکز پر یہ امتحان ہورہے ہیں اور ہر مرکز پر افسران کی سہ رُکنی مستقل ٹیم تعینات کی گئی ہے۔ پربھنی ضلع میں نقل سے پاک ماحول فراہم کرنے کیلئے انتظامیہ، محکمہئ تعلیم اور پولس محکمے نے ضروری اقدامات کیے ہیں۔ پربھنی کے ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ چوہان نے شہر کے امتحانی مراکز کا دورہ کرکے ضروری ہدایات جاری کیں۔
دریں اثناء‘ چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع میں کنڑ تعلقے کے جیتا پور میں راشٹریہ کنشٹھ مہا وِدیالیہ میں اجتماعی نقل کے واقعے کا انکشاف ہوا۔ سی سی ٹی وی کے ذریعے امتحانی مرکز کے طلبہ نقل کرتے ہوئے نظر آئے۔ اس معاملے میں امتحانی مرکز کے انچارج اور سپر وائزر سمیت متعلقہ افراد کے خلاف مقدمہ درج کرلیا گیا ہے۔ اس مرکزپر تعینات ملازمین کو فوری طورپر تبدیل کردیا گیا۔ اس سلسلے میں جاری خبروں میں بتایا گیا ہے کہ طلبہ کے خلاف کارروائی کا فیصلہ تعلیمی بورڈ کرے گا۔
***** ***** *****
ہنگولی میں 14 تا 16 فروری 2026 کے دوران وِدھی ناٹیہ مہوتسو کا انعقاد کیا گیا ہے۔ شیواجی راؤ دیشمکھ آڈیٹوریم میں ہونے والے اس مہوتسو میں مختلف فنون کا مظاہرہ کیا جائے گا
***** ***** *****
توانائی کے تحفظ کے شعبے میں گرانقدر کارکردگی پر لاتورکی ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکر گھوگے کو 2024-25 کا توانائی تحفظ ایوارڈ دیا گیا۔ لاتور ضلع کو گذشتہ تین برسوں میں ملنے والا یہ آٹھواں ریاستی سطح کا ایوارڈ ہے۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ میں کل نیدر لینڈ نے نمیبیا کو‘ نیوزی لینڈ نے متحدہ عرب امارات کو اور پاکستان نے امریکہ کو شکست دے دی۔ ٹورنامنٹ میں آج جنوبی افریقہ کا مقابلہ افغانستان سے‘ آسٹریلیاء کا آئرلینڈ سے اور ممبئی میں انگلینڈ کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔
***** ***** *****
بھارت نے 272 گیگا واٹ قابلِ تجدید توانائی کی صلاحیت حاصل کرلی ہے۔ مرکزی وزیر برائے غیر روایتی توانائی پرلہاد جوشی نے کل راجیہ سبھا کو بتایا کہ گذشتہ نومبر تک ملک میں 21 گرین ہائیڈروجن منصوبے بھی شروع کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ محکمہئ آبی وسائل کے نامکمل منصوبوں کی تکمیل کیلئے نابارڈ سے 15ہزار کروڑ روپئے قرض لینے کی ریاستی کابینہ کی منظوری۔
٭ 23 فروری سے ریاستی اسمبلی کا بجٹ اجلاس؛ 6 مارچ کو بجٹ ہوگا پیش۔
٭ چھترپتی سمبھاجی نگر کے میئر کے عہدے پر بی جے پی کے سمیر راجورکر اور ناندیڑ کے میئر کی حیثیت سے کویتا مُڑے کا انتخاب۔
٭ بارہویں کے امتحانات کا آغاز؛ کنڑ تعلقے میں اجتماعی نقل کے معاملے کا انکشاف۔
اور۔۔۔٭ ہنگولی میں 14 تا 16 فروری کے دوران وِدھی ناٹیہ مہوتسو کا انعقاد۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 02.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 02 April 2026 Time 7.10 AM to 7.20 AM Language Marathi आकाशवाणी छ...