Sunday, 1 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 01 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 01 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ آئندہ مالی سال کا مرکزی بجٹ آج پارلیمنٹ میں کیا جائے گا پیش۔
٭ سُنیترا پوار نے ریاست کی پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ کے طورپر لیا حلف؛ ایکسائز اور کھیل کے محکموں کا سنبھالا چارج۔
٭ بار کونسل کی وکیل تربیتی اکیڈمی کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا افتتاح۔
٭ ملک کے مزید دو نئے دلدلی علاقوں کو رام سر کا درجہ۔
اور۔۔۔٭ پانچویں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف 46 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
آئندہ مالی سال کا مرکزی بجٹ آج پارلیمنٹ میں پیش کیا جائے گا۔ وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن لوک سبھا میں مسلسل نویں بار بجٹ پیش کریں گی۔ ملک کے مختلف کالجوں کے تیس طلبہ لوک سبھا آڈیٹوریم سے بجٹ پیشکشی کو دیکھ سکیں گے۔ اس کے بعد یہ طلبہ وزارتِ خزانہ کا دورہ کریں گے اور وزارت میں کام کرنے کے طریقہئ کار کے بارے میں معلومات حاصل کریں گے۔
***** ***** *****
سُنیترا پوار نے کل ریاست کی پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ کے طور پر حلف لیا۔ گورنر آچاریہ دیو وَرَت نے ممبئی کے لوک بھون میں سُنیترا پوار کو عہدے اور رازداری کا حلف دلایا۔ حلف برداری کی تقریب جو لوک بھون میں انتہائی سادگی سے منعقد ہوئی اس میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ریاستی کابینہ کے اراکین نے شرکت کی۔ سُنیترا پوار کو ایکسائز‘ کھیل‘ ترقیِ نوجوان‘ اقلیتی ترقی اور اوقاف کے قلمدان سونپے گئے ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرموی نے سُنیترا پوار کو مہاراشٹر کی پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ بننے پر مبارکباد دی ہے۔ وزیرِ اعظم نے سوشل میڈیا پر ایک پیغام میں اس اعتماد کا اظہار کیا کہ سُنیترا پوار عوام کی فلاح و بہبود کیلئے انتھک کام کریں گی اور آنجہانی اجیت پوار کے خواب کو پورا کریگی۔
بی جے پی کے ریاستی صدر رویندر چوہان‘ این سی پی رُکنِ پارلیمان فوزیہ خان‘ مرکزی وزیر نتن گڈکری نے سُنیترا پوار کو مبارکباد دی۔
***** ***** *****
کانگریس نے اس حلف برداری پر اعتراض جتایا ہے۔ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکال نے کہا کہ حکومت کے پاس اکثریت ہونے پر اتنی جلد بازی ناقابلِ فہم ہے۔ سینئر قائد و رکنِ پارلیمان شرد پوار نے ردّ عمل ظاہر کیا کہ سُنیترا پوار کو نائب وزیرِ اعلیٰ کا عہدہ دینے کا فیصلہ جلد بازی میں کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء‘ حلف برداری تقریب سے قبل ممبئی میں ایک میٹنگ میں سُنیترا پوار کو متفقہ طور پر راشٹروادی کانگریس پارٹی کی قانون ساز پارٹی کا لیڈر منتخب کیا گیا۔ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے سینئر لیڈروں نے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس سے ملاقات کی اور انھیں اس قرارداد کے بارے میں اطلاع دی۔ خبر کے مطابق اس کے بعد سُنیترا پوار کی تقریب حلف برداری کا عمل شروع ہوا۔
***** ***** *****
”نو منتخبہ نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار 18 اکتوبر 1963 کو تیر میں، جو اس وقت عثمان آباد اور اب دھاراشیو ضلع میں ہے، مجاہد آزادی باجی راؤ پاٹل اور دروپدی پاٹل کے ہاں پیدا ہوئی، سنیترا تائی کی 1985 میں اجیت پوار سے شادی ہوئی۔ انھوں نے بطور ساوتری بائی پھلے پونے یونیورسٹی کی سینیٹ ممبر کے طور پر خدمات انجام دیں۔اس کے علاوہ، کاٹے واڑی گاؤں کی صحت، سماجی، اقتصادی اور تعلیمی ترقی میں اہم کردار ادا کیا۔انکے ذریعے کیے گئے ترقیاتی کاموں کی وجہ سے کاٹے واڑی ایک نرمل گرام، یشونت گرام، تنتامکٹ گرام، کے ساتھ ساتھ ملک کا پہلا سائبرگرام، زرعی گرام، اور ماحولیاتی گرام بن گیا۔ گرام پنچایت کے ساتھ ساتھ پرائمری اسکول اور آنگن واڑی نے آئی ایس او سرٹیفیکیشن حاصل کیا۔ گاؤں کی دو خواتین سرپنچوں کو آدرش سرپنچ ایوارڈ سے نوازا گیا، جبکہ اساتذہ کو صدر جمہوریہ کے ایوارڈ سے نوازا گیا۔
تعلیمی ترقی کے لیے، سنیترا پوار نے ’اسکول داخلہ فیسٹیول ڈے‘ کی پہل شروع کی، جو بعد میں ریاستی حکومت کا ایک سرکاری پروگرام بن گیا۔ گاؤں کو کھلے میں رفع حاجت سے پاک بنانے میں انھوں نے جو کردار ادا کیا اسے پوری ریاست میں ’گڈ مارننگ ٹیم‘ کے نام سے قبول کیا گیا۔ کاٹے واڑی پہلی گرام پنچایت بن گئی جس نے پینے کے پانی کے لیے فلٹر پلانٹ لگایا اور زیرِ زمین سیوریج اسکیم کو نافذ کیا۔
2014 میں زیرو بیلنس اکاؤنٹس کھولنے کیلئے ’جن دھن یوجنا‘ کے وجود میں آنے کے سات سال پہلے، سنیترا پوار نے کاٹے واڑی میں ایک قومی بینک کے ساتھ ایک معاہدے پر دستخط کیے اور ’زیرو بیلنس‘ اکاؤنٹس کھولے۔ بھارت میں پہلی بار، مہا ای سیوا کیندر کاٹے واڑی میں وائی میکس کے ذریعے شروع کیے گئے۔
راجیہ سبھا کی رکن پارلیمنٹ کے طور پر تقریباً ڈیڑھ سال کے اپنے دور میں، سنیترا پوار نے ایوان میں بہت سے مسائل اٹھائے، نیز چیرمین کے طور پر ذمہ داری کو قابلیت سے نبھایا، اور پارلیمنٹ کی مختلف کمیٹیوں میں بھی قابل قدر تعاون کیا۔
سنیترا پوار کی پہل پر، کاٹے واڑی گرام پنچایت میں گھروں کا اندراج کرکے خواتین کی ملکیت قائم کی گئی۔ دروازے پر خاندان کی سربراہ خاتون کے نام کی تختی لگوائی گئی۔ نو منتخبہ نائب وزیر اعلیٰ سنیترا پوار، جنہوں نے کاٹے واڑی میں اس طرح کے بہت سے اقدامات کو کامیابی کے ساتھ نافذ کیا ہے اور دیہی ترقی کا معیار قائم کیا ہے، نے سرسوتی بھون ایجوکیشن انسٹی ٹیوٹ، چھترپتی سمبھاجی نگر سے اپنی گریجویشن کی تعلیم مکمل کی ہے۔“
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
بھون تعلیمی ادارے کی جانب سے کل آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کو خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔ ادارے کے عہدیداروں‘ پروفیسروں اور عملے نے اجیت پوار کو خراجِ عقیدت پیش کیا۔
دریں اثناء‘ ناندیڑ میں اجیت پوار کو تمام پارٹیوں کی جانب سے خراجِ عقیدت پیش کیا گیا۔
***** ***** *****
وزیر اعلی دیویندرپھڑنویس نے کہا ہے کہ نئے فوجداری قوانین کے ساتھ ساتھ مصنوعی ذہانت اور ٹیکنالوجی کا صحیح استعمال کرنے کیلئے تربیت یافتہ وکلاء اور استغاثہ کو تیار کرنا ضروری ہے۔ نئی ممبئی کے تلوجا میں مہاراشٹرا اور گوا بار کونسل کے ذریعے قائم شدہ ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر وکلاء تربیتی اور تحقیقی ادارے کی عمارت کا کل وزیر اعلیٰ کے ہاتھوں افتتاح عمل میں آیا۔ اس موقعے پر انہوں نے اس ادارے کیلئے ریاستی حکومت کی جانب سے 10 کروڑ روپے کی امداد آئندہ بجٹ اجلاس کے بعد دینے کا بھی تیقن دیا۔
***** ***** *****
ملک کے مزید دودلدلی علاقوں کو ”رام سر“ مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔ مرکزی وزیرِ ماحولیات بھوپیندر یادو نے اس کی اطلاع دی۔ اتر پردیش کے ایٹا ضلعے کے ”گہوارہئ طیور“ اور گجرات کے کچھ ضلعے کے ”چھاری-دھانڈ“ کو رام سر مقامات میں شامل کیا گیا ہے۔ یادو نے بتایا کہ 2014 میں، ایسی صرف 26 آبی زمینیں تھیں، تاہم‘ اب یہ تعداد 98 تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
ترواننت پورم میں کھیلے گئے پانچویں T20 کرکٹ میچ میں بھارت نے نیوزی لینڈ کو 46 رنوں سے شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی بھارت نے پانچ میچوں کی سیریز چار- ایک سے جیت لی۔ کل کھیلے گئے میچ میں بھارتی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے مقررہ اوورز میں 271 رنز بنائے۔ ایشان کشن نے 103 جبکہ کپتان سوریہ کمار یادو نے 63 رنز بنائے۔ جواب میں نیوزی لینڈ کی پوری ٹیم صرف 225 رنز بناکر آؤٹ ہوگئی۔ ارشدیپ سنگھ نے پانچ جبکہ اکشر پٹیل نے تین وکٹیں حاصل کیں۔ ایشان کشن کو میچ کا بہترین کھلاڑی اور سوریہ کمار کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔
***** ***** *****
ثقافت اور سیاحت کے مرکزی وزیر گجیندر سنگھ شیخاوت نے کہا کہ سنت نیورُتّی ناتھ مہاراج نے روحانیت کو صرف کتابوں تک محدود نہیں رکھا بلکہ اسے عملی طورپر سماج کے سامنے رکھا۔ وہ کل ناسک ضلعے کے ترمبکیشور میں سنت نیورُتّی ناتھ مہاراج سمادھی علاقے میں ترقیاتی کاموں کے افتتاح کے موقعے پر مخاطب تھے۔ شیخاوت نے کہا کہ مرکزی حکومت کی پرساد اسکیم کے تحت ضروری سہولیات فراہم کرکے ایسے مذہبی مقامات پر بہتر ترقیاتی کام کیے جارہے ہیں۔
***** ***** *****
ڈیزاسٹر فرینڈ ٹریننگ پروگرام چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں لاگو کیا جارہا ہے۔ یہ 12 روزہ تربیتی پروگرام رہائشی نوعیت کا ہے۔ ضلع انسدادِ ہنگامی حالات محکمے کی جانب سے 12 فروری کو رائے گڑھ ضلع کے کولاڈ میں خواہشمند رضاکاروں کے دستے روانہ کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
تحفظ ِ مراٹھی زبان پندھرواڑہ کی مناسبت سے دو فروری کو چھترپتی سمبھاجی نگر میں پہلے بال کمار ساہتیہ سمّیلن کا انعقاد کیا جارہا ہے۔ ضلع کلکٹر دفتر اور ضلع پریشد سیکنڈری تعلیم محکمہ کی جانب سے مشترکہ طور پر منعقدہ یہ کانفرنس شہر کے دَ جین انٹرنیشنل اسکول میں ہوگی۔
***** ***** *****
شولاپور یونیورسٹی 3 سے 9 فروری تک ریاستی سطح کے انٹریونیورسٹی اسٹاف وائس چانسلر ٹی ٹوئنٹی کرکٹ ٹورنامنٹ کا انعقاد کرے گی۔ یونیورسٹی کی جانب سے اطلاع ملی ہے کہ یہ ٹورنامنٹ پنیہ شلوک اہلیا دیوی ہولکر کی صد سالہ سالگرہ کے موقع پر منعقد کیا جارہا ہے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ آئندہ مالی سال کا مرکزی بجٹ آج پارلیمنٹ میں کیا جائے گا پیش۔
٭ سُنیترا پوار نے ریاست کی پہلی خاتون نائب وزیرِ اعلیٰ کے طورپر لیا حلف؛ ایکسائز اور کھیل کے محکموں کا سنبھالا چارج۔
٭ بار کونسل کی وکیل تربیتی اکیڈمی کا وزیرِ اعلیٰ نے کیا افتتاح۔
٭ ملک کے مزید دو نئے دلدلی علاقوں کو رام سر کا درجہ۔
اور۔۔۔٭ پانچویں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ مقابلے میں بھارت کی نیوزی لینڈ کے خلاف 46 رنوں سے فتح۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 24.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 24 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...