Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مرکزی بجٹ کے ذریعے معاشی طور پر کمزور افراد‘ محروم طبقات اور سماج کے ہر طبقے کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جائے گا: وزیر خزانہ نرملا سیتا رَمن کا بیان۔
٭ بجٹ 2047 ترقی یافتہ بھارت کی بلند پرواز کیلئے مضبوط بنیاد ثابت ہوگا: وزیرِ اعظم کی جانب سے بجٹ تجاویز کی ستائش۔
٭ تیز رفتار ریلوے راہداری سے ریاست کی شرحِ نمو میں اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ گیارہواں بین الاقوامی اجنٹا- ایلورہ فلم فیسٹیول اختتام پذیر۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رَمن نے کہا ہے کہ سالانہ مرکزی بجٹ‘ غریبوں‘ محروم طبقات اور ملک کے ہر طبقے کو ترقی کے مرکزی دھارے سے جوڑنے والا ہے۔ کل سالانہ مالی بجٹ لوک سبھا میں پیش کرتے ہوئے انھوں نے اس بجٹ کے تین بنیادی ترجیحی مقاصد کی وضاحت کی۔ انھوں نے کہا کہ ملک کی اقتصادی ترقی کو تیز رفتار اور مستحکم بنانا‘ عوام کو زیادہ بااختیار بناکر خوشحالی کے سفر میں شراکت دار بنانا اور سماج کے ہر طبقے تک ترقی کے فوائد پہنچانا‘ یہی اس بجٹ کے تین بنیادی ترجیحی مقاصد ہیں۔ وزیرِ مالیات نے ممبئی- پونہ، اور پونہ- حیدرآباد سمیت سات تیز رفتار ریلوے راہداریوں کا اعلان بھی کیا۔
اس بجٹ میں صنعتی رقبے میں اضافے‘ خودانحصاری پر زور دینے کے ساتھ سیمی کنڈکٹر سپلائی چین مضبوط کرنے‘ گرام سوراج یوجنا کے ذریعے دیہی صنعتوں کو فروغ دینے، نیز بائیو فارما تحقیق‘ پارچہ بافی‘ کھیلوں سے متعلق اشیاء‘ کنٹینر سازی اور دستکاری کے شعبے کے فروغ کو فوقیت دی گئی ہے۔
پیش ہے اس سالانہ مرکزی عام بجٹ سے متعلق مزید تفصیلات ہمارے نمائندے سے:
Budget Packages Voice Cast
آئندہ مالی سال کے اس بجٹ میں صنعتی شعبے کی ترقی اور خود انحصاری پر زور دیتے ہوئے سیمی کنڈکٹر سپلائی چین کو مضبوط بنانے‘ گرام سوراج اسکیم کے ذریعے دیہی صنعتوں کو فروغ دینے‘بائیو فارما شعبے میں تحقیق‘ کپڑا سازی‘ کھیلوں کے سامان‘ کنٹینرس مینوفیکچرنگ اور ہینڈلوم کے شعبوں کو فروغ دینے پر توجہ دی گئی ہے۔
حکومت نے اقتصادی شعبے کو ترقی دینے اور شرحِ نمو میں اضافے کی خاطر اس بجٹ میں چھ شعبوں کو ترجیح دینے کی کوشش کی ہے۔ بیرون ملک ہندوستانیوں کیلئے شیئر بازار میں سرمایہ کاری کی حد میں اضافہ تجویز کیا گیا ہے، اور ذیابیطس اور کینسر جیسی دائمی بیماریوں کی ادویات کم قیمتوں پر دستیاب کروائی جائیں گی۔ ’بائیو فارما شکتی‘ نامی اسکیم کی تجویز پیش کی گئی ہے تاکہ بھارت کو ایک عالمی بائیو فارما پیداواری مرکز کے طور پر تیار کیا جاسکے۔ اس اسکیم کے تحت اگلے پانچ برسوں میں دس ہزار کروڑ روپے مختص کیے جائیں گے۔ اس اسکیم کے ذریعے بایولوجکس اور بائیوسیمیلرز کی گھریلو پیداوار کیلئے ایک قابل عمل ماحولیاتی نظام تشکیل دیا جائے گا۔ ملک بھر میں پانچ مقامات پر میڈیکل ہب بنائے جائیں گے۔ جانوروں کے علاج کو فروغ دینے کیلئے، جام نگر میں ڈبلیو ایچ اوعالمی روایتی علاج اسکیم کو نافذ کیا جائے گا۔ ملک میں آیوروید کی تعلیم دینے والے تین نئے ادارے قائم کیے جائیں گے، ساتھ ہی ویٹرنری کالجوں اور اسپتالوں کو خاطر خواہ مالی امداد فراہم کی جائے گی۔
اس بجٹ میں لکھپتی دیدی کی طرز پر خواتین کے اپنی مدد آپ گروپس کیلئے شی مارکیٹس شروع کرنے کا اعلان کیا گیا ہے۔ آئندہ سال کے اس بجٹ میں کھادی، ہینڈلوم اور دستکاری کے شعبہ جات کو مضبوط بنانے، انہیں عالمی منڈی سے جوڑنے اور برانڈنگ کیلئے مہاتما گاندھی گرام سوراج پہل کو نافذ کرنے کی تجویز ہے۔ مرکزی وزیرِ خزانہ نرملا سیتا رمن نے چھوٹے اور اوسط درجے کے کاروباریوں کیلئے دوسرے اور تیسرے درجے شہروں میں کارپوریٹ متر نامی نظام کے قیام کا اعلان کیا ہے۔ وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ کارپوریٹ متر نظام کے تحت، مائیکرو، چھوٹے اور درمیانے درجے کے کاروباری اداروں کو سستی قیمت پر قواعد کی تعمیل کے عمل کو پورا کرنے میں مدد فراہم کی جائے گی۔ ساتھ ہی ماہی گیری کے فروغ کی خاطر 500 جھیلوں کو ڈیولپ کیا جائے گا۔
اس بجٹ میں دوسرے اور تیسرے درجے کے شہروں پر توجہ دی جائے گی اور ان شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اضافے کی خاطر کروڑہا روپئے مختص کیے جانے کی تجویز ہے۔
آئندہ پانچ برسوں میں شہری اقتصادی شعبے پر پانچ ہزار کروڑ روپے خرچ کیے جائیں گے، اور بجٹ میں پانچ لاکھ سے زیادہ آبادی والے شہروں میں بنیادی سہولیات کی فراہمی میں اضافے کی تجویز رکھی گئی ہے۔
وزیر خزانہ نے بتایا کہ اس بجٹ میں صنعتی کلسٹرس کے احیاء کیلئے ایک خصوصی اسکیم تجویز کی گئی ہے، اور صنعتوں کی حوصلہ افزائی کی خاطر دس ہزار کروڑ روپے کے ایس ایم ای ترقیاتی فنڈ کی تجویز ہے۔ وہیں مذکورہ بجٹ میں غیر ملکی سرمایہ کاری بڑھانے کیلئے سرمایہ کاروں کے لیے مختلف ٹیکس مراعات دینے کا اعلان کیا گیا ہے۔
تعمیرات اور بنیادی ڈھانچے کے سازوسامان کی بہتری کیلئے نئی اسکیمات لانے کی تجویز پیش کی گئی ہے اور آئندہ پانچ برسوں میں کنٹینرس کی پیداوار کیلئے دس ہزار کروڑ روپے کی فراہمی کی تجویز دی گئی ہے۔
آئندہ پانچ برسوں میں 20 نئے قومی آبی راستے کھولے جائیں گے، ساتھ ہی وارانسی اور پٹنہ میں جہازوں کی مرمت کی سہولیات قائم کی جائیں گی۔
وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ ملک بھر کے 20 مشہور سیاحتی مقامات پر 10 ہزار گائیڈز تعینات کیے جائیں گے اور حکومت ان گائیڈز کی مہارت کی ترقی پر بھی خصوصی توجہ دے گی۔غیر ملکی سفری پیکجز پر ٹی ڈی ایس کو دو فیصد کر دیا گیا ہے۔
اس بجٹ میں اروناچل پردیش، آسام، سکم، منی پور، میزورم اور تریپورہ میں بدھ سرکٹس کی ترقی ایک خصوصی اسکیم تجویز کی گئی ہے۔ اس میں مندروں اور خانقاہوں کے تحفظ، زبان کے ترجمہ کے مراکز اور مسافروں کیلئے سہولیات شامل ہوں گی۔“
***** ***** *****
اس برس حکومت کو مجموعی طور پر ساڑھے چھتیس لاکھ کروڑ روپئے محصول ملنے کا اندازہ ہے۔ جس میں 28 لاکھ 70 ہزار کروڑ روپئے ٹیکس وصولی کے ذریعے حاصل ہوں گے۔ اس سال میں مالی خسارہ چار اعشاریہ تین فیصد رہنے کے امکان کا اظہار کیا گیا ہے۔ رواں مالی سال کیلئے ٹیکس وصولی کا ترمیم شدہ تخمینہ 34لاکھ کروڑ جبکہ اخراجات کا ترمیم شدہ تخمینہ 49 لاکھ 60 ہزار کروڑ روپئے رہنے کا اندازہ وزیرِ خزانہ نے ظاہر کیا۔
عام ٹیکس دہندگان کی خصوصی توجہ کے حامل انکم ٹیکس ڈھانچے میں اس بجٹ میں کوئی تبدیلی تجویز نہیں کی گئی۔ تاہم‘ ٹیکس گوشواروں میں درستی‘ اور ٹیکس ریٹرن جمع کرنے میں تاخیری مدت میں اضافہ کیا گیا ہے۔ اس خصوص میں ITR ون اور ٹو جو غیر کاروباری تنخواہ دار طبقے کیلئے ہوگا اسے 31 جولائی تک جمع کیا جاسکتا ہے۔ اس کے علاوہ آڈٹ سے مستثنیٰ کاروباری طبقے کیلئے ٹیکس ریٹرن جمع کرنے کی اب نئی تاریخ 31 اگست ہوگی۔ اس کے علاوہ آئی ٹی آر کے طریقہئ کار میں بھی تبدیلی کی گئی ہے اور نئے فارمز بھی جاری کیے جائیں گے۔ بجٹ میں اپڈیٹیڈ ریٹرنز پر جرمانہ کم کراسے 31مارچ تک بھی جمع کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر موی نے کہا ہے کہ اس سال کے مالیاتی بجٹ کے ذریعے ترقی یافتہ بھارت کی بلند پرواز کیلئے ایک مضبوط بنیاد فراہم کی گئی ہے۔ انھوں نے بجٹ کو اصلاحاتی عمل کو قوت اور رفتار فراہم کرنے والا اور نوجوانوں کا بجٹ قرار دیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ داخلہ اور امدادِ باہمی امیت شاہ نے بجٹ پر ردّ عمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ اس بجٹ سے ثابت ہوتا ہے کہ خود کفیل اور ترقی یافتہ بھارت محض ایک نعرہ نہیں بلکہ حکومت کا عزمِ مصمم ہے۔ ایک ٹویٹ کے ذریعے بجٹ کی ستائش کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ اس بار کا بجٹ ہر شعبے‘ ہر طبقے اور ہر شہری کو بااختیار بنانے کا جامع خاکہ ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس بجٹ کو ترقی یافتہ بھارت ی سمت ایک مضبوط قدم اٹھانے کے مترادف قرار دیا۔ انھوں نے کہا کہ اس بجٹ کے ذریعے ریاست کو تقریباً ایک لاکھ کروڑ روپئے ملیں گے۔ نیز‘ تیز رفتار ریلوے راہداریوں کے سبب ریاست کی شرحِ نمو میں بڑا اضافہ ہوگا۔ ممبئی -پونا اور پونا- حیدرآباد ہائی اسپیڈ ریلوے کوریڈور کے باعث پورے مغربی مہاراشٹر اور مراٹھواڑہ کو فائدہ پہنچے گا۔ سات فیصد شرحِ نمو کے باعث ایک بار پھر یہ ثابت ہوا ہے کہ بھارت تیز رفتار ترین ترقی کرنے والی معیشت ہے‘ اس کے علاوہ مالی خسارے کو ساڑھے چار فیصد سے بھی کم کرنے میں وزارتِ خزانہ نے کامیابی حاصل کی ہے۔
***** ***** *****
مرکزی وزیرِ مملکت برائے سماجی انصاف رام داس آٹھولے نے کہا ہے کہ یہ بجٹ دلت اور قبائلی طبقات کی معاشی و سماجی ترقی کیلئے انتہائی اہم ہے۔ اس کے علاوہ اس بار کے عام بجٹ سے دیہی ترقی اور چھوٹی صنعتوں کو بھی فروغ ملے گا۔
سابق مرکزی مملکتی وزیرِ خزانہ ڈاکٹر بھاگوت کراڑ نے کہا کہ اس بجٹ میں زراعت‘ امدادِ باہمی‘ اور بنیادی ڈھانچے کیلئے بڑے پیمانے پر گنجائشیں رکھی گئی ہیں اور اس سے مراٹھواڑہ کا کافی فائدہ ہوگا۔
***** ***** *****
سابق وزیرِ اعلیٰ اور رکنِ پارلیمان اشوک چوہان نے مرکزی بجٹ کا خیر مقدم کرتے ہوئے کہا کہ ضلع سرکاری اسپتالوں کو مزید جدید بنانے اور زیادہ سے زیادہ انتہائی نگہداشت اکائیاں یعنی آئی سی یوز قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے جو قابلِ ستائش ہے۔ رکنِ اسمبلی رانا جگجیت سنگھ پاٹل نے کہا کہ بجٹ تجاویز سے چھوٹے شہروں کی ترقی کو نئی رفتار ملے گی۔
***** ***** *****
کانگریس لیجسلیچر پارٹی کے قائد وجئے وڑیٹیوار نے اس بجٹ کو مہاراشٹر کیلئے سخت مایوس کن قرار دیا۔ جبکہ کانگریس کے ریاستی صدر ہرش وردھن سپکاڑ نے کہا کہ اس بجٹ میں روزگار کے مواقع پیداکرنے کی غرض سے ٹھوس اقدامات کا تذکرہ نہیں ہے۔
شیوسینا اُدّھو باڑا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء امباداس دانوے نے اس بجٹ پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے کسانوں‘ نوجوانوں‘ متوسط طبقے اور عام شہریوں کے مسائل کو نظر انداز کیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر سمیت مراٹھواڑہ بھر کی مختلف شعبہئ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد اور تنظیموں نے اس بجٹ کا عمومی طور پر خیر مقدم کیا۔ سی آئی آئی اور سی ایم آئی اے کے سابق صدر مکند کلکرنی نے کہا کہ اس بجٹ سے صنعتی شعبے میں راست غیر ملکی سرمایہ کاری میں اضافے میں مدد ملے گی۔ تعمیراتی شعبے‘ تعلیمی میدان اور خواتین کیلئے فعال افراد اور تنظیموں نے بھی اس بجٹ کا خیر مقدم کیا۔
***** ***** *****
رکنِ پارلیمان پرفل پٹیل نے کہا ہے کہ راشٹروادی کانگریس کے قومی صدر کی حیثیت سے ان کے انتخاب کی خبر مکمل طور پر بے بنیاد ہے۔ کل سماجی رابطے پر جاری کردہ ایک پیغام میں انھوں نے کہا کہ قومی صدر کے انتخاب کا فیصلہ پارٹی میں موجود طریقہئ کار پر سختی سے عمل درآمد اور تمام متعلقہ افراد سے گفت و شنید کے بعد ہی کیا جائے گا۔
دریں اثناء‘ پارٹی کے ریاستی صدر رکنِ پارلیمان سنیل تٹکرے نے کہا ہے کہ این سی پی نے این ڈی اے کے ساتھ اتحاد برقرار رکھنے کا فیصلہ کیا ہے۔ گذشتہ روز آنجہانی اجیت پوار کے استھی کلش پوجا کے وقت یہ وضاحت کرتے ہوئے سنیل تٹکرے نے این سی پی کے انضمام کی افواہوں کو مسترد کردیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں گیارہواں اجنٹا- ایلورہ بین الاقوامی فلم فیسٹیول کل اختتام پذیر ہوا۔ بہترین بھارتی فلم کا سورن کیلاش ایوارڈ کنڑ فلم ”پرجیا“ کو دیا گیا۔ اس فلم میں کردار نبھانے کیلئے پرجول کولّاڑ کو اور سانگز آف فارگوٹن ٹرینر فلم میں اداکاری کیلئے ناز شیخ کو سلور کیلاش ایوارڈ سے نوازا گیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں انٹیک کی جانب سے مؤرخ مورونچیکرکی یاد میں کل تعزیتی نشست اور سمپوزیم منعقد کیا گیا۔ اس موقع پر ریاستی آثارِ قدیمہ اور عجائب گھر ڈائریکٹوریٹ کے ڈائریکٹر ڈاکٹر تیجس گرگے نے ”چھترپتی شیواجی مہاراج کے قلعے‘ عالمی ورثہ نامزدگی کے سفر“ کے موضوع پر خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ریاست کو عالمی سطح پر پہنچانے کیلئے تمام اداکاروں کا تعاون ضروری ہے۔
***** ***** *****
پربھنی شہر میں حضرت سیّد شاہ تراب الحق کی سالانہ عرس تقاریب کا کل سے آغاز ہوا۔ ضلع کلکٹر سنجئے سنگھ چوہان نے صندل کا طبق سرپر اٹھاکر صندل کے جلوس کا آغاز کیا۔ اس عرس میں بڑی تعداد میں عقیدت مند شرکت کرتے ہیں۔ ہمارے نامہ نگار نے بتایا کہ عرس تقاریب میں شریک ہونے والے افراد کیلئے انتظامیہ کی جانب سے ضروری انتظامات کیے گئے ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مرکزی بجٹ کے ذریعے معاشی طور پر کمزور افراد‘ محروم طبقات اور سماج کے ہر طبقے کو ترقی کے مرکزی دھارے میں لایا جائے گا: وزیر نرملا سیتا رَمن کا بیان۔
٭ بجٹ 2047 ترقی یافتہ بھارت کی بلند پرواز کیلئے مضبوط بنیاد ثابت ہوگا: وزیرِ اعظم کی جانب سے بجٹ تجاویز کی ستائش۔
٭ تیز رفتار ریلوے راہداری سے ریاست کی شرحِ نمو میں اضافہ ہوگا۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس کا اظہارِ اعتماد۔
اور۔۔۔٭ چھترپتی سمبھاجی نگر میں منعقدہ گیارہواں بین الاقوامی اجنٹا- ایلورہ فلم فیسٹیول اختتام پذیر۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment