Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 03 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/فروری ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں صدارتی خطبے پر شکریے کی قرارداد پر بحث کا آغاز۔
٭ ریلوے بجٹ میں مہاراشٹر کیلئے 23ہزار 926 کروڑ روپئے کی ریکارڈ رقم مختص۔
٭ نوجوانوں کیلئے مرکزی حکومت کی ”مائی بھارت بجٹ کوئیسٹ“ مہم کا آج سے آغاز۔
٭ اس بار کا گوداوری گورو ایوارڈ سیاجی شندے اور پرشانت داملے کو۔
اور۔۔۔٭ دسویں اور بارہویں کے امتحانات نقل سے پاک کرنے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ مستعد۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں کل صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر پیش کردہ شکریہ کی قرارداد پر بحث کا آغاز ہوا۔ راجیہ سبھا میں سدانند ماسٹر اور لوک سبھا میں سروانند سونووال نے یہ تحریک ِ تشکر پیش کی۔ راجیہ سبھا میں میدھا کلکرنی اور لوک سبھا میں تیجسوی سوریہ نے اس تحریک کی تائید کی۔ اس تحریک ِ تشکر پر راجیہ سبھا میں 16 گھنٹے اور لوک سبھا میں 18 گھنٹے بحث ہوگی۔ پارلیمانی اُمور کے وزیر کرن رِجیجو نے بتایا کہ وزیرِ اعظم نریندر مودی پرسوں اس بحث کا جواب دیں گے۔
دریں اثناء‘ لوک سبھا میں اس بحث کے دوران قائد ِ حزبِ اختلاف راہل گاندھی نے ہندوستانی فوج کے سابق سربراہ منوج نَروَنے کی غیر مطبوعہ کتاب کے چند اقتباس پیش کرنے کی کوشش کی۔ تاہم‘ اسپیکر اوم برلا نے اس پر اعتراض کرتے ہوئے کہا کہ ایوان میں کسی بھی کتاب یا اخباری تراشے پر بحث کی اجازت نہیں دی جاسکتی اور راہل گاندھی کو یہ نکتہ پیش کرنے سے انھوں نے روک دیا۔ اس معاملے پر ایوان کی کارروائی بار بار متاثر ہوئی۔ شام چار بجے جب دوبارہ کارروائی شروع ہوئی تو تب بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی‘ جس کے باعث اسپیکر نے ایوان کی کارروائی دن بھر کیلئے ملتوی کردی۔
***** ***** *****
آئندہ مالی سال کیلئے ریلوے بجٹ میں مہاراشٹر کیلئے 23 ہزار 926 کروڑ روپئے کی ریکارڈ رقم مختص کی گئی ہے۔ یہ اطلاع وزیرِ ریلوے اشونی ویشنو نے دی۔ ممبئی میں سینٹرل ریلوے کے صدر دفتر پر منعقدہ ایک اخباری کانفرنس سے بذریعہئ ٹیلی کانفرنسنگ خطاب کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
انھوں نے بتایا کہ بجٹ میں منظور شدہ نئی مال برداری راہداری کو ریاست کی واڑھون بندرگاہ سے جوڑنے کا منصوبہ ہے‘ جس سے ملک بھر میں مال برداری کا مضبوط نیٹ ورک تیار ہوگا۔ وزیرِ موصوف نے کہا کہ ریاست میں اس وقت مجموعی طور پر ایک لاکھ 70 ہزار کروڑ روپئے کے ریلوے منصوبے زیرِ عمل ہیں۔ ممبئی-احمدآباد بلیٹ ٹرین کا کام تیزی سے جاری ہے اور آئندہ برس تک یہ ٹرین شروع ہوجائے گی۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت ”مائی بھارت کوئیسٹ“ نامی مہم شروع کرنے جارہی ہے۔ نوجوانوں کے اُمور اور کھیلوں کے وزیر من سکھ مانڈویہ نے کل نئی دہلی میں یہ اطلاع دی۔ مائی بھارت پلیٹ فارم پر آج سے یہ مقابلہ شروع ہورہا ہے۔ آئندہ 17 فروری تک اس مقابلے میں حصہ لینے کیلئے اندراج کیا جاسکے گا۔ پہلے مرحلے میں 30 سوالات پر مشتمل آن لائن کوئز اور اس کے بعد مضمون نویسی کا مرحلہ ہوگا۔ اس مرحلے میں منتخب ہونے والے نوجوان‘ مارچ کے مہینے میں ”وِکست بھارت“ بجٹ کے نظریے پر وزیرِ اعظم نریندر مودی سے گفتگو کیلئے مدعو کیے جائیں گے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ ہندوستانی مصنوعات پر عائد کیے گئے ”ٹیرف“ پر امریکہ نے کٹوتی کردی ہے۔ اب یہ ٹیرف کم کرکے 18 فیصد کردیا جائے گا۔ امریکی صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے ساتھ گفت و شنید کے بعد وزیرِ اعظم نے سماجی رابطے پر یہ اطلاع دی۔ اسی دوران‘ اس پر ردّ عمل دیتے ہوئے وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ اس فیصلے سے مہاراشٹر کے کاروباری طبقے کو ایک نیا گیٹ وے دستیاب ہوگا۔ انھوں نے بتایا کہ ہندوستانی مصنوعات پر ٹیرف میں تخفیف سے ڈیٹا سینٹر‘ مصنوعی ذہانت یعنی AI اور فرنٹیئر ٹکنالوجی کے شعبوں میں بڑے پیمانے پر سرمایہ کاری ممکن ہوسکے گی۔
***** ***** *****
کم عمر بچوں میں روزافزوں ڈیجیٹل لت کے مضر اثرات کا مطالعہ کرکے اس کے تدارک کیلئے اقدامات کیے جانے کی غرض سے تجاویز پیش کرنے کیلئے ماہرین پر مشتمل ایک ایکشن گروپ تشکیل دئیے جانے کی ہدایت اطلاعاتی ٹکنالوجی کے وزیر آشیش شیلار نے دی ہے۔ مرکزی وزارتِ خزانہ کی جانب سے 29جنوری کو جاری اقتصادی جائزہ رپورٹ میں نوجوانوں اور کم عمر بچوں میں سوشل میڈیا لت کے بڑھتے خطرات کی نشاندہی کی گئی تھی۔ رپورٹ میں سوشل میڈیا کے استعمال کیلئے عمر کی حد مقرر کرنے اور کم عمر بچوں کو ہدف بنانے والے ڈیجیٹل اشتہارات پر پابندی کی سفارش بھی کی گئی تھی۔ مہاراشٹر کے تناظر میں اس مسئلے کی سنگینی کو دیکھتے ہوئے آئی ٹی محکمے کے پرنسپل سیکریٹری ویریندر سنگھ کو ماہرین پر مشتمل ایک ایکشن گروپ تشکیل دینے کی ہدایت وزیرِ موصوف نے کی۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ممبئی کے دادر میں واقع ”ساورکر سدن“ چونکہ 100 سال قدیم عمارت نہیں ہے اس لیے اُسے محفوظ یادرگار قرار نہیں دیا جاسکتا۔ یہ وضاحت ہندوستانی محکمہئ آثارِ قدیمہ نے کی ہے۔ ”ابھینو بھارت کانگریس“ نامی تنظیم نے اس عمارت کو محفوظ یادگار قرار دئیے جانے کیلئے عرضی داخل کی تھی، جس پرممبئی عدالت ِ عالیہ نے محکمہئ آثارِ قدیمہ کو حلف نامہ داخل کرنے کہا تھا۔ کل آثارِ قدیمہ نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے تجویز دی کہ اس عمارت کو ممبئی میونسپل کارپوریشن کے ورثہ فہرست یا ریاست کی محفوظ یادگاروں کی فہرست میں شامل کیا جاسکتا ہے۔
***** ***** *****
آنجہانی نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کی یاد میں ان کے استھی کلش کو ریاست کے مختلف اضلاع میں لے جایا جارہاہے۔ کل چھترپتی سمبھاجی نگر میں دیوگری کالج میں پارٹی کے عوامی نمائندوں‘ مقامی عہدیداروں اور شہریوں نے اجیت پوار کے استھی کلش پر گلہائے عقیدت پیش کیے۔ بعد ازاں کائے گاؤں میں دریائے گوداوری میں یہ استھیاں وِسرجت کی گئیں۔ آج یہ استھی کلش لاتور لے جائے جائیں گی۔
اسی دوران‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار نے کل‘ ساتارا ضلع کے کراڑ میں پریتی سنگم پر سابق وزیرِ اعلیٰ اور سابق نائب وزیرِ اعظم آنجہانی یشونت راؤ چوہان کی سمادھی پر پھول چڑھائے۔ بعد میں نائب وزیرِ اعلیٰ پوار نے آنجہانی اجیت پوارکے ساتھ طیارہ حادثے میں ہلاک ہونے والے پولس اہلکار وِدِیپ جادھو کے افرادِ خاندان سے ملاقات کرکے تعزیت بھی کی۔
***** ***** *****
ناسک کے کسماگرج پرتشٹھان کی جانب سے دئیے جانے والے گوداوری گورو سمان کا کل اعلان کردیا گیا۔ سماجی خدمات کیلئے اداکار سیاجی شندے‘ تھیٹر کے شعبے میں پرشانت داملے، سائنسی خدمات پر ڈاکٹر انیردّھ پنڈت‘ مصوری کیلئے چندر موہن کلکرنی‘ موسیقی کے شعبے میں عثمان خان اور مہم جوئی کے شعبے میں آشیش مانے کو اس سال ان ایوارڈز کیلئے منتخب کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میں دسویں اور بارہویں کے بورڈ امتحانات نقل سے پاک ماحول میں منعقد کرنے کیلئے انتظامیہ نے تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ ضلع کلکٹر دلیپ سوامی نے طلبہ، سرپرستوں‘ اساتذہ اور سماج کے تمام طبقات سے اس سلسلے میں تعاون کی درخواست کی ہے۔ امتحانات سے قبل منعقدہ نگرانی کمیٹی کے اجلاس میں انھوں نے امتحانی مراکز کے ذمہ داران کو ہدایت کی کہ مراکز پر نقل نہ ہونے پائے۔ انھوں نے گذشتہ برس بدعنوانی کے مرتکب چھ امتحانی مراکز کی منظوری منسوخ کیے جانے کی سمت توجہ بھی مبذول کروائی۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے طالب ِ علم پرتھوی راج بھاؤ صاحب رانے کو ڈاکٹر اے پی جے عبدالکلام اِگنائٹیڈ مائنڈ چلڈرن کرئیٹیوٹی اینڈ انوویشن نیشنل ایوارڈ سے نوازا گیا ہے۔ پرتھوی راج بیڑ کے راجستھانی وِدّیالیہ میں دسویں جماعت کا طالب ِ علم ہے اور پورے مہاراشٹر سے یہ اعزاز حاصل کرنے والا واحد طالب ِ علم ہے۔
***** ***** *****
ریاست کے 12 ضلع پریشد اور ان کے تحت 125 پنچایت سمیتیوں میں 7 فروری کو انتخابات منعقد ہوں گے۔ تمام رائے دہندگان کو اپنا حق ِ رائے دہی استعمال کرنے کا موقع دینے کیلئے صنعتوں‘ اداروں اور کارخانوں کیلئے اپنے ملازمین کو تنخواہ سمیت چھٹی یا سہولت دینا لازمی قرار دیا گیا ہے۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر کے عہدے کیلئے انتخاب کیلئے 10 فروری کو خصوصی جنرل باڈی میٹنگ منعقد کی گئی ہے۔ میئر کے عہدے کیلئے درخواست فارم کل چار اور پرسوں 5 فروری کو دستیاب ہوں گے‘ جبکہ 6 فروری کی شام چھ بجے تک درخواستیں جمع کروائی جاسکیں گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ پارلیمنٹ کے بجٹ اجلاس میں صدارتی خطبے پر شکریے کی قرارداد پر بحث کا آغاز۔
٭ ریلوے بجٹ میں مہاراشٹر کیلئے 23ہزار 926 کروڑ روپئے کی ریکارڈ رقم مختص۔
٭ نوجوانوں کیلئے مرکزی حکومت کی ”مائی بھارت بجٹ کوئیسٹ“ مہم کا آج سے آغاز۔
٭ اس بار کا گوداوری گورو ایوارڈ سیاجی شندے اور پرشانت داملے کو۔
اور۔۔۔٭ دسویں اور بارہویں کے امتحانات نقل سے پاک کرنے کیلئے چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع انتظامیہ مستعد۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment