Wednesday, 4 February 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 فروری 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 February-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/فروری ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ لوک سبھا میں غیر شائستہ حرکت کرنے والے آٹھ اراکینِ پارلیمان کو بجٹ سیشن کے بقیہ اجلاس کیلئے کیا گیا معطل۔
٭ بھارت-امریکہ کے درمیان ٹیرف میں کمی سے متعلق تجارتی معاہدے کا مختلف حلقوں کی جانب سے خیر مقدم۔
٭ ممبئی-احمدآباد بلیٹ ٹرین راستے کی دوسری سرنگ کی کھدائی مکمل۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار کو اب بنایا گیا پونے اور بیڑ اضلاع کا رابطہ وزیر۔
اور۔۔۔٭ انڈر 19- کرکٹ عالمی کپ کا سیمی فائنل آج بھارت اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
لوک سبھا میں غیر شائستہ حرکت کرنے والے آٹھ اراکینِ پارلیمان کو رواں بجٹ سیشن کے بقیہ اجلاس کیلئے معطل کردیا گیا ہے۔
بھارت-امریکہ تجارتی معاہدے پر کل پارلیمنٹ میں زبردست ہنگامہ آرائی ہوئی۔ دونوں ایوانوں میں مخالف جماعتوں نے امریکہ اور یوروپی یونین کے ساتھ تجارتی معاہدوں کی تفصیلات کو ایوان میں پیش کرنے کا مطالبہ کیا۔
لوک سبھا میں جیسے ہی سوالات کا وقفہ شروع ہوا مخالف جماعتوں کے اراکین نے اسپیکر کے سامنے جمع ہوکر نعرے بازی کی۔ اس کے نتیجے میں اسپیکر اوم برلا نے لوک سبھاکی کارروائی پہلے 12 بجے تک اور بعد میں دوپہر دو بجے تک ملتوی کردی۔ جب دوبارہ اجلاس شروع ہوا تو صدرِ جمہوریہ کے خطاب پر شکریے کی تحریک پر بولنے کی بجائے حزبِ اختلاف کے قائد راہل گاندھی نے سابق آرمی چیف منوج نرونے کی غیر مطبوعہ کتاب کا حوالہ دیتے ہوئے بولنا شروع کیا۔ تاہم‘ پریسائیڈنگ افسر کرشنا پرساد ٹینیٹی نے راہل گاندھی کو روکا اور صدر کے خطاب پر بات کرنے کو کہا۔ اس پر اپوزیشن ارکان نے ہنگامہ آرائی کی اور اسپیکر کی جانب کاغذات پھینکے۔ اس شور و غل پر اسپیکر نے ایوان کی کارروائی سہ پہر تین بجے تک ملتوی کردی۔ دوبارہ اجلاس شروع ہونے کے بعد بھی ہنگامہ آرائی جاری رہی۔ اسپیکر کی کرسی کی طرف کاغذات پھینکنے والے جن آٹھ اراکین کو بجٹ سیشن کے آئندہ اجلاس کیلئے معطل کیا گیا ہے ان میں بھنڈارا- گوندیا کے رکنِ پارلیمان پرشانت پڈولے سمیت کانگریس کے ساتھ اور CPIM کا ایک رکنِ پارلیمان شامل ہے۔
***** ***** *****
امریکہ کے ساتھ تجارتی معاہدے کے معاملے میں راجیہ سبھا میں مخالف جماعتوں کے اراکین نے واک آؤٹ کیا۔ کانگریس قائد جئے رام رمیش نے وقفہئ صفر کے دوران یہ مسئلہ اٹھایا۔ ایوان کے قائد جے پی نڈا نے کہا کہ اس معاہدے کی تفصیلات ایوان میں پیش کی جائیں گی۔ انھوں نے کہا:
Byte: Union Minister J.P. Nadda
***** ***** *****
ٹیرف میں کمی سے متعلق بھارت اور امریکہ کے درمیان ہوئے تجارتی معاہدے کا مختلف حلقوں اور خاص طور پر صنعت کاروں کی جانب سے خیر مقدم کیا گیا ہے۔ اطلاعات و نشریات کے مرکزی وزیر اشونی ویشنو نے اس معاہدے کو باہمی فائدے کا قرار دیا ہے۔ تجارت کے مرکزی وزیر پیوش گوئل نے یقین ظاہر کیا ہے کہ اس معاہدے سے نوجوانوں کیلئے روزگار کے بہت سے مواقع پیدا ہوں گے اور ٹکنالوجی کے نئے شعبے کھلیں گے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Commerce & Industry Minister Piyush Goyal
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے کہا ہے کہ مہاراشٹر برآمدات میں ہمیشہ سے ایک سرکردہ ریاست رہی ہے اور اس معاہدے سے ریاست میں کاروبار کیلئے نئے مواقع پیدا ہوں گے اور بڑی سرمایہ کاری ہوگی۔ مختلف صنعتکاروں اور تجارتی انجمنوں نے بھارت- امریکہ تجارتی معاہدے پر خوشی کا اظہار کیا ہے اور کہا ہے کہ اس سے امریکہ میں بھارتی مصنوعات کو فروغ ملے گا۔ دلت انڈین چیمبرس آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے بانی سینئر صنعتکار پدم شری ملند کامبلے نے اس معاہدے کا ان الفاظ میں خیر مقدم کیا۔
Byte: Padma Shri Milind Kamble
***** ***** *****
ممبئی-احمدآباد بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کی دوسری سرنگ کی کھدائی مکمل ہوگئی ہے۔ ریلوے کے وزیر اشونی ویشنو نے کل یہ اعلان کیا۔ یہ سرنگ مہاراشٹر کے پال گھر ضلع میں کھودی گئی ہے جو اس بلیٹ ٹرین پروجیکٹ کا اہم مرحلہ ہے۔ ویشنو نے بتایا کہ اس پروجیکٹ کے تحت اب تک 334 کلو میٹر ریلوے ٹریک اور 417 کلو میٹر طویل گھاٹ اور پلوں کے کام مکمل کرلیے گئے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Railway Minister Ashwini Vaishnav
***** ***** *****
ممبئی حلقے کی مختلف میونسپل کارپوریشنز کے میئر انتخابات کل منعقد کیے گئے۔ شیوسینا کی شرمیلا پمپلولکر‘ تھانے کی‘ جبکہ شیوسینا کی ہی اشونی نکم اُلہاس نگر میونسپل کارپوریشن کی میئر منتخب کی گئی ہیں۔ کلیان- ڈومبیولی کی میئر کے طورپر شیوسینا کی ہرشالی تھاول کو چنا گیا ہے۔ وہیں وسئی-ویرار میونسپل کارپوریشن میئر عہدے کیلئے بہوجن وکاس آگھاڑی کے اجیو یشونت پاٹل کا انتخاب عمل میں آیا ہے۔
چھترپتی سمبھاجی نگر میونسپل کارپوریشن کے میئر کا انتخاب آئندہ 10 فروری کو ہوگا۔ اس عہدے کیلئے درخواستوں کی فروخت آج سے شروع ہورہی ہے۔ یہ درخواستیں آئندہ 6 فروری تک جمع کی جاسکتی ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
پونے اور بیڑ اضلاع کے رابطہ وزیر کا عہدہ‘ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار کو دیا گیا ہے۔ ریاستی حکومت کے عام انتظامی محکمے نے کل اس سلسلے میں سرکُلر جاری کیا۔ اس سے قبل‘ ان دونوں اضلاع کے رابطہ وزیر کا عہدہ اجیت پوار کے پاس تھا۔
اسی بیچ سینئر لیڈر پرفل پٹیل نے وضاحت کی ہے کہ وہ راشٹروادی کانگریس پارٹی کے صدر کے عہدے کے دعویدار نہیں ہے۔ وہ کل‘ ممبئی میں صحیفہ نگاروں سے بات کررہے تھے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے ہدایت دی ہے کہ ریاست میں بنیادی ڈھانچے اور صنعتی ترقی کی خاطر زمین کے حصول کے عمل کو تیز رفتاری اور شفاف طریقے سے نافذ کیا جائے اور اس بات کا خیال رکھا جائے کہ ان پروجیکٹس کیلئے زمین فراہم کرنے والوں کو کسی قسم کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ وزیرِ اعلیٰ کل ممبئی میں اس حوالے سے منعقدہ ایک جائزاتی اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر انھوں نے ریاست میں جاری تمام پروجیکٹس کو آئندہ تین برسوں میں مکمل کرنے کیلئے منصوبہ بندی کرنے کی بھی ہدایت دی۔
***** ***** *****
ریاست میں آئندہ 26 اپریل کو منعقد کیے جانے والے چوتھی اور ساتویں جماعت کے اسکالر شپ امتحانات کیلئے درخواست دینے کی آخری تاریخ 13 فروری تک توسیع کردی گئی ہے۔ لیٹ فیس کے ساتھ 28 فروری تک درخواستیں جمع کرائی جاسکتی ہیں۔ امتحانی کاؤنسل نے مطلع کیا ہے کہ 28 فروری کے بعد کسی بھی حالت میں درخواستیں جمع نہیں کی جائیں گی۔
***** ***** *****
مرکز کے اساتذہ اہلیتی امتحان CTET میں شرکت کرنے والے ریاست کے اساتذہ کو ضلع پریشد اور پنچایت سمیتی انتخابات کیلئے انتخابی ڈیوٹی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔ ریاستی انتخابی کمیشن نے اس سلسلے میں تمام متعلقہ ضلع کلکٹرس کو ہدایات جاری کی ہیں۔ یہ فیصلہ الیکشن کے دن یعنی 7 فروری کو اس امتحان کے انعقاد کی وجہ سے کیا گیا۔
***** ***** *****
قدرتی آفات سے متعلق انتظامی اتھاریٹی کے رکن ڈاکٹر دِنیش کمار اسوال نے کہا ہے کہ بھارت کو زراعت اور اس سے منسلک صنعتوں کیلئے اسرائیل کی طرز پر ایک پائیدار اور ماحول دوست ماڈل تیار کرنے کی ضرورت ہے۔ موصوف کل ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے مٹیرئیل شائنس شعبے میں ”پائیدار مستقبل کیلئے مٹیرئیل سائنس میں اختراع“ کے موضوع پر بول رہے تھے۔
***** ***** *****
زمبابوے میں جاری 19 برس سے کم عمر کھلاڑیوں کے عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کے دوسرے سیمی فائنل میں آج بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔ بھارتی وقت کے مطابق دوپہر ڈیڑھ بجے اس میچ کا آغاز ہوگا۔ اس میچ کی فاتح ٹیم آئندہ جمعہ کو فائنل میں انگلینڈ سے مقابلہ کرے گی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ لوک سبھا میں غیر شائستہ حرکت کرنے والے آٹھ اراکینِ پارلیمان کو بجٹ سیشن کے بقیہ اجلاس کیلئے کیا گیا معطل۔
٭ بھارت-امریکہ کے درمیان ٹیرف میں کمی سے متعلق تجارتی معاہدے کا مختلف حلقوں کی جانب سے خیر مقدم۔
٭ ممبئی-احمدآباد بلیٹ ٹرین راستے کی دوسری سرنگ کی کھدائی مکمل۔
٭ نائب وزیرِ اعلیٰ سُنیترا پوار کو اب بنایا گیا پونے اور بیڑ اضلاع کا رابطہ وزیر۔
اور۔۔۔٭ انڈر 19- کرکٹ عالمی کپ کا سیمی فائنل آج بھارت اور افغانستان کے درمیان کھیلا جائے گا۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 12.04.2026 रोजीचे दुपारी 01.00 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date - 12 April 2026 Time 01.00 to 01.05 PM Language Marathi आकाशवाणी छत...