Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 02 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۲/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ مغربی ایشیاء کی کشیدہ صورتحال پر بھارت کو تشویش؛ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کی میٹنگ کا کیا گیا اہتمام۔
٭ ملک کو سماجی اتحاد کی ضرورت ہے: ”ہند دی چادر“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا بیان۔ وزیرِ اعلیٰ کا اسکول کے نصاب میں گرو تیغ بہادر کی شہادت کو شامل کرنے کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر اس سیزن کے دوران شکر کی پیداوار میں اُترپردیش کو پیچھے چھوڑ دے گا: انڈین شوگر اینڈ بائیو اینرجی پروڈیوسرس اسوسی ایشن کی پیشن گوئی۔
٭ ناگپور ضلع کے ایک کارخانے میں ہوئے دھماکے‘ کے سبب 17 افراد ہلاک؛ وزیرِ اعلیٰ نے دیا تحقیقات کا حکم۔
اور۔۔۔٭ بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں داخل؛ آئندہ 4 مارچ کو جنوبی افریقہ- نیوزی لینڈ مقابلہ اور 5 تاریخ کو بھارت اور انگلینڈ آمنے سامنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
بھارت نے ایک سرکاری بیان جاری کرتے ہوئے مغربی ایشیاء میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ بھارت نے تمام متعلقہ فریقین سے تحمل کا مظاہرہ کرنے اور کشیدگی کوکم کرنے کیلئے بات چیت کرنے اور سفارت کاری کا راستہ اختیار کرنے کی اپیل کی ہے۔ بھارت نے وضاحت کی ہے کہ متعلقہ ممالک ایک دوسری کی خود مختاری اور علاقائی سالمیت کا احترام کریں۔ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے اس کشیدگی کے تناظر میں کل نئی دہلی میں سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کی میٹنگ کا اہتمام کیا۔
ایران کے رہبر ِ اعلیٰ آیت اللہ علی خامنائی‘ امریکہ اور اسرائیل کے حملے میں مارے گئے ہیں۔ ان حملوں کے جواب میں ایران نے پورے مشرقِ وسطی میں حملے شروع کردئیے ہیں۔ ایران کی جانب سے دُبئی‘ دوحہ، بحرین اور کویت میں امریکی فوجی اڈوں اور امریکہ سے وابستہ مقامات پر حملوں کی اطلاعات ہیں۔ اس جنگ کے باعث دُبئی طیران گاہ پر پروازیں غیر معینہ مدت کیلئے معطل کردی گئی ہیں۔ بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جو دُبئی ایئرپورٹ پر پھنسی ہوئی تھیں کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ اسی طرح دُبئی میں زیرِتعلیم لاتور کی طالبہ نیہا مسر کو بھی دیگر طلبہ کے ساتھ محفوظ مقام پر پہنچایا گیا ہے۔ اس تنازعے کے پس منظر میں وزارتِ خارجہ نے اس خطے میں موجود بھارتیوں کیلئے ہدایات جاری کی ہیں۔ جس میں کہا گیا ہے کہ بھارت سفارت خانہ، دن رات ان کی مدد کیلئے موجود رہے گا۔ وہیں ضلع انتظامیہ نے بھی چھترپتی سمبھاجی نگر ضلع کے وہاں پھنسے ہوئے شہریان سے متعلق معلومات فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعظم نریندرمودی نے کہا ہے کہ ایسے وقت میں جب ملک کو سماجی اتحاد کی سب سے زیادہ ضرورت ہے ”ہند دی چادر“ جیسے پروگرام ہمیں یقین دلاتے ہیں کہ گروؤں اور سنتوں کا آشیرواد ہمارے ساتھ ہے۔ وزیرِ اعظم نے کل ایک ویڈیو پیغام کے ذریعے گرو تیغ بہادر کی 350 ویں برسی کے موقع پر نئی ممبئی کے کھار گھر میں منعقدہ ”ہند دی چادر پروگرام“ سے خطاب کیا۔ انھوں نے کہا کہ ملک میں تمام برادریو کے لوگوں نے سکھ برادری کے گروؤں سے تحریک حاصل کی ہے۔ اس موقع پر وزیرِ داخلہ امت شاہ‘ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس‘ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے‘ سُنیترا پوار اور وزیرِ مملکت مادھوری مساڑ موجود تھے۔
اپنے خطاب میں مرکزی وزیرِ داخلہ امیت شاہ نے کہا کہ سکھ مذہب کے تمام 10 گروؤں نے مذہب کی حفاظت کا کام کیا ہے اور یہ عالمی سطح پر مثالی ہے۔ انھوں نے کہا:
Byte: Home Minister Amit Shah
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے گرو تیغ بہادر کی شہادت کو اسکول کے نصاب میں شامل کرنے کا اعلان کیا ہے۔ انھوں نے نئی ممبئی میں گروتیغ بہادر کے نام پر ایک اسپتال شروع کرنے کا بھی تیقن دیا ہے۔
اس موقع پر نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے اپنے خطاب میں کہا کہ گرو تیغ بہادر نے پورے ملک کی حفاظت کی تھی اور ہم بھی اپنے اتحاد سے ملک اور سماجی کی حفاظت کریں۔نائب وزیرِ اعلیٰ سنیترا پوار نے کہا کہ گرو تیغ بہادر کی شہادت نے پورے ملک میں سکھ مذہب کی قربانی اور بہادری کی روایت کو اُجاگر کیا ہے۔ اس دو روزہ تقریب میں 15لاکھ سے زائد عقیدت مندوں کی شرکت متوقع ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
کینیڈا کے محصول کے وزیر فرینکوئس فلپ شیمپئن اور کینیڈا کی ریاست نیو برنسوک کے پریمیر سوسان ہولٹ اور ان کے وفد کی کل ممبئی میں منعقدہ استقبالیہ تقریب میں وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے شرکت کی۔ اس موقع پر انھوں نے کینیڈا کے تعلیمی اداروں اور کاروباریوں سے مہاراشٹر میں سرمایہ کاری کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
عالمی مراٹھی کانفرنس کل ناسک میں اختتام پذیر ہوئی۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس بھوشن گوئی‘ اسمبلی اسپیکر راہل نارویکر اور قانون ساز کاؤنسل کے چیئرمین رام شندے موجود تھے۔ اپنے خطاب میں سابق چیف جسٹس گوئی نے کہا کہ اگر مراٹھی زبان‘ ثقافت اور فن کو آگے لے جانا ہے تو اسے ریاست کی سرپرستی ملنی چاہیے‘ تبھی اس کی شہرت پوری دنیا میں پہنچے گی۔ اس تقریب میں موسیقار اجئے اَتل کو ”کلارَتن“ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ اسی کے ساتھ پدم شری اعزاز کیلئے نامزد کیے گئے ”تارپا نواز“ بھکلیہ، لاڈکیہ، دھنڈیہ کا خصوصی طور پر استقبال کیا گیا۔
ریاستی وزیر اُدئے سامنت نے آئندہ عالمی مراٹھی کانفرنس کے ناگپور میں منعقد کیے جانے کا ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے اعلان کیا۔
***** ***** *****
انڈین شوگر اینڈ بائیو اینرجی پروڈیوسرس اسوسی ایشن نے پیش گوئی کی ہے کہ مہاراشٹر موجودہ ہنگام کے دوران شکر کی ریکارڈ پیداوار کرکے اُتر پردیش کو پیچھے چھوڑ دے گا۔ ملک بھر میں شکر کی کُل پیداوار کا تخمینہ 32 ملین ٹن سے زیادہ کا ہے، جس میں مہاراشٹر کا حصہ 10 ملین ٹن سے زیادہ ہے جبکہ اُترپردیش کا حصہ تقریباً 10 ملین ٹن ہوگا۔
***** ***** *****
ناگپور ضلع کے کٹول کے قریب واقع راول گاؤں کے ایک کارخانے میں ہوئے زوردار دھماکے میں 17 افراد ہلاک اور 18 زخمی ہوگئے۔ یہ دھماکہ کل صبح SBL اینرجی لمیٹڈ کمپنی کے کارخانے میں ہوا جوکان کُنی اور صنعتی استعمال کیلئے دھماکہ خیز مواد تیاری کرتی ہے۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے اس واقعے پر گہرے دکھ کا اظہار کیا ہے اور ریاستی حکومت کی جانب سے مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو فی کس پانچ لاکھ روپئے امداد کا اعلان کیا۔ وہیں وزیرِ اعظم نریندر مودی نے بھی اس سانحے پر غم کا اظہار کیا اور مرنے والوں کے اہلِ خانہ کو قومی ریلیف فنڈ سے فی کس دو لاکھ روپئے اور زخمیوں کو پچاس ہزار روپئے دینے کا اعلان کیا ہے۔
***** ***** *****
پھالگن پورنیما یعنی ہولی کا تہوار آج منایا جارہا ہے۔ دل کے برے خیالات کو جلاکر ختم کرنے کیلئے علامتی طور پر ہولی منائی جاتی ہے۔ دھولی وندن کا تہوار کل منایا جائے گا۔ ہولی کا تہوار مناتے ہوئے درخت نہ کاٹنے‘ ہوائی آلودگی سے بچنے اور پانی کا کم استعمال کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
***** ***** *****
بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کے سیمی فائنل میں داخل ہوگیا ہے۔ کولکاتہ میں کل کھیلے گئے میچ میں بھارت نے ویسٹ انڈیز کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔ ویسٹ انڈیز کی ٹیم نے پہلے بلّے بازی کرتے ہوئے چار وکٹوں کے نقصان پر 196 رنز بنائے۔ جواب میں بھارتی ٹیم نے یہ ہدف چار گیندیں باقی رکھ کر حاصل کرلیا۔ ناقابلِ شکست 97 رنز بنانے والے سنجیو سیمسن کو مین آف دی میچ کے انعام سے نوازا گیا۔ اس ٹورنامنٹ کے سیمی فائنل کا پہلا میچ آئندہ 4 مارچ کو جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے درمیان کھیلا جائے گا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل مقابلہ بھارت اور انگلینڈ کے درمیان 5 مارچ کو ہوگا۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع نے ٹی بی کے خاتمے کے قومی پروگرام کی ریاستی درجہ بندی میں پانچواں اور لاتور ڈویژن میں پہلا مقام حاصل کیا ہے۔ ناندیڑ کے ضلع ٹی بی افسر ڈاکٹر ستیش کوپورواڑ نے بتایا کہ یہ کامیابی متعلقہ مشنری کے تال میل سے حاصل ہوئی ہے۔
***** ***** *****
دھاراشیو میں قانونی خدمات مہاشبر اور سرکاری اسکیمات کے مہا میلے کا افتتاح بامبے ہائی کورٹ کی اورنگ آباد بینچ کے جج‘ جسٹس شیلیش برہمے کے ہاتھوں عمل میں آیا۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ حکومت کی فلاحی اسکیمات آخری طبقے تک نہیں پہنچ پاتی بلکہ کاغذ پر رہ جاتی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ اس مہاشبر کے ذریعے یہ اسکیمات ہر شہری تک پہنچے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ مغربی ایشیاء کی کشیدہ صورتحال پر بھارت کو تشویش؛ وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت سلامتی سے متعلق کابینی کمیٹی کی میٹنگ کا کیا گیا اہتمام۔
٭ ملک کو سماجی اتحاد کی ضرورت ہے: ”ہند دی چادر“ پروگرام میں وزیرِ اعظم کا بیان۔ وزیرِ اعلیٰ کا اسکول کے نصاب میں گرو تیغ بہادر کی شہادت کو شامل کرنے کا اعلان۔
٭ مہاراشٹر اس سیزن کے دوران شکر کی پیداوار میں اُترپردیش کو پیچھے چھوڑ دے گا: انڈین شوگر اینڈ بائیو اینرجی پروڈیوسرس اسوسی ایشن کی پیشن گوئی۔
٭ ناگپور ضلع کے ایک کارخانے میں ہوئے دھماکے‘ کے سبب 17 افراد ہلاک؛ وزیرِ اعلیٰ نے دیا تحقیقات کا حکم۔
اور۔۔۔٭ بھارت ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ کرکٹ مقابلوں کے سیمی فائنل میں داخل؛ آئندہ 4 مارچ کو جنوبی افریقہ- نیوزی لینڈ مقابلہ اور 5 تاریخ کو بھارت اور انگلینڈ آمنے سامنے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment