Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 03 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۳/مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہر مسئلے کو حل کرنے کا بھارت کا مؤقف: مغربی ایشیاء میں تنازعات کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم کا دعویٰ۔
٭ مراٹھواڑہ کے سیاح ابوذہبی اور دُبئی میں ہیں محفوظ: ضلع انتظامیہ کی اطلاع۔
٭ بزرگ مفکر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جناردھن واگھمارے کا انتقال؛ آج آخری رسومات۔
اور۔۔۔٭ دُھلنڈی تہوار کا ہر طرف جوش و خروش‘ ہولی تہوار روایتی طریقے سے منایا گیا۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا ہے کہ بھارت کا کردار ہر مسئلے کو سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے حل کرنا ہے۔ وہ مغربی ایشیاء میں جاری تنازعات کے پس منظر میں بات کررہے تھے۔ انھوں نے کہا کہ وہ مغربی ایشیاء میں بھارتی شہریوں کی حفاظت کیلئے تمام ممالک کے ساتھ مل کر کام کررہے ہیں۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
دریں اثناء‘ وزیرِ اعظم نریندر مودی نے تنازعے کے دوران سعودی عرب اور بحرین پر حملوں کی مذمت کی۔ انھوں نے سعودی وزیرِ اعظم اور بحرین کے بادشاہ سے فون پر بات کی اور بھارتی شہریوں کا خیال رکھنے پر ان کا شکریہ ادا کیا۔
***** ***** *****
تنازعے کے پیشِ نظر حکومت نے تمام ریاستوں کو ایک خط بھیج کر محتاط رہنے کی اپیل کی ہے۔ مرکزی وزارتِ داخلہ نے تمام ریاستوں اور مرکم کے زیرِ انتظام علاقوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ ایران کے حق میں بات کرنے والے انتہاء پسندوں کی نشاندہی کریں۔ انھوں نے امن و امان کو برقرار رکھنے کیلئے سخت کارروائی کی ضرورت کا اظہار کیا ہے۔
***** ***** *****
ایرانی سپریم لیڈر آیت اللہ علی خامنہ ای کی اسرائیلی حملے میں ہلاکت کے بعد جموں و کشمیر میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوئے۔ اس کے بعد علاقے میں سیکوریٹی بڑھادی گئی ہے۔ سری نگر کے لال چوک کو تمام ٹریفک اور عام شہریوں کیلئے بندکردیا گیا ہے۔
***** ***** *****
ایئرانڈیا نے تنازعے کے پیشِ نظر متحدہ عرب امارات‘ سعودی عرب‘ اسرائیل اور قطر کیلئے پروازیں منسوخ کردی ہیں۔
دریں اثناء‘ بھارتی بیڈمنٹن کھلاڑی پی وی سندھو جو مغربی ایشیاء میں جارت تنازعات کی وجہ سے دُبئی میں پھنسی ہوئی ہیں آج سے شروع ہونے والی آل انگلینڈ چمپئن شپ سے محروم رہیں گی۔ سندھو کو محفوظ مقام پر منتقل کردیا گیاہے۔
***** ***** *****
جالنہ کے رکنِ پارلیمان کلیان کاڑے سمیت ان کے کچھ دوست ابودھابی میں پھنسے ہوئے ہیں۔ کاڑے جو دُبئی اور ابودھابی سیاحت کیلئے گئے تھے واپسی کی تیاری کررہے تھے‘ تبھی ہوائی خدمات بند کردی گئیں۔ کاڑے کے PA نے اطلاع دی ہے کہ وہ سب محفوظ ہیں۔
جالنہ ضلعے کے سات دیگر افراد بھی دُبئی میں ہیں۔ ضلع انتظامیہ نے بتایا ہے کہ یہ سبھی محفوظ ہیں اور اپنے اہلِ خانہ سے رابطے میں ہیں۔
چھترپتی سمبھاجی نگر کے دس سیاح بھی خلیجی ممالک میں پھنسے ہوئے ہیں۔ ان میں سے چھ دُبئی اور چار مصر کے قاہرہ میں ہیں۔ یہ سبھی انتظامیہ کے رابطے میں ہیں اور محفوظ بتائے جاتے ہیں۔
***** ***** *****
ناسک شہر کے وہ لوگ جو رمضان المبارک کے مقدس مہینے میں مکہ اور مدینہ گئے تھے میں ان میں مالیگاؤں کے 132 افراد وہیں پھنسے ہوئے ہیں۔ انکے اہلِ خانہ نے بتایا کہ وہ سب محفوظ ہیں۔ ریاستی حکومت نے دبئی میں انڈین پیوپلز فورم کے ساتھ مل کر ایک واٹس ایپ نمبر 971503654357 جاری کیا ہے۔
***** ***** *****
سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی ناندیڑ کے پہلے وائس چانسلر اور سابق رکنِ پارلیمان ڈاکٹر جناردھن واگھمارے کا کل 91 برس کی عمر میں لاتور میں انتقال ہوگیا۔ ایک ادبی شخصیت اور مفکر کے طور پر جانے جانے والے واگھمارے نے طویل عرصے تک تعلیمی‘ سماجی اور سیاسی میدانوں میں نمایاں کام کیا۔ وہ 2008 سے 2014 تک راجیہ سبھا کے رکن بھی رہے۔ ان کی آخری رسومات آج ادا ہوں گی۔
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس نے واگھمارے کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی موت سے تعلیم سیاست اور سماجی کاموں کو جوڑنے والا رابطہ منقطع ہوگیا ہے۔
رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ نے واگھمارے کی موت پر غم کا اظہار کرتے کہا کہ سماجی‘ تعلیمی اور ادبی میدان میں ایک نامکمل خلاء پیداہوگیا۔
***** ***** *****
دلتوں کو ناسک کے کاڑا رام مندرمیں داخل ہونے کی اجازت کیلئے بھارت رَتن ڈاکٹر بابا صاحب امبیڈکر نے 2 مارچ 1932 کو ایک تحریک کی قیادت کی۔ اس تاریخی ستیہ گرہ کو کل 96 سال ہوگئے۔ اس مناسبت سے ناسک میں مختلف تنظیموں کی جانب سے کئی پروگرام منعقدکیے گئے۔ کاڑا رام مندر علاقے میں ستیہ گرہ ستون کے پاس مختلف تنظیموں کی جانب سے بدھ وندنا اور بھیم گیت جیسے پروگرام منعقد کیے گئے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ہولی کا تہوار کل ریاست بھر میں روایتی انداز میں منایا گیا۔ شام ہوتے ہی مختلف مقامات پر ہولی جلائی گئی۔ یہ تہوار برائی پر اچھائی کی علامت ہے۔ گورنر آچاریہ دیوورَت نے ہولی اور دھلنڈی کی مبارکباد دی۔ انھوں نے اپیل کی ہے کہ رنگوں کے تہوار کو خوشی سے منائیں اور ماحولیاتی تحفظ کے بارے میں بھی آگاہی حاصل کریں۔ وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھڑنویس اور نائب وزیرِ علیٰ ایکناتھ شندے نے بھی ریاست کی عوام کو ہولی اور دھلنڈی کی مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
رتناگیری ضلع میں اس سال تیرہ سو عوامی اور ھائی ہزار نجی ہولی تقریبات منعقد ہوئیں‘ جبکہ سندھودُرگ ضلع میں گیارہ سو سے زائد مقامات پر ہولی جلائی گئی۔ ضلع کے کچھ گاؤں میں پانچ اور کچھ میں سات دنوں تک تہوار جاری رہے گا۔
***** ***** *****
مجوزہ شکتی پیٹھ ہائی وے کے پیشِ نظر پربھنی کی سرپرست وزیر میگھنا بورڈیکر نے کل کسانوں سے بات چیت کی اور ان کے مسائل اور تجاویز کو تفصیلی طور سے جانا۔ بورڈیکر نے کہا کہ اس سلسلے میں جلد ہی ریاستی وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے کے ساتھ ایک میٹنگ کا اہتمام کیا گیا ہے اور کسانوں کے مطالبات کا مثبت حل تلاش کرنے کی کوشش کی جائیگی۔
دریں اثناء‘ پربھنی شہر کے کامگار بھون کی عمارت کی تعمیر کا سنگ ِ بنیاد بورڈیکر کے ہاتھوں عمل میں آیا۔
***** ***** *****
ہنگولی ضلع کے اونڈھا ناگناتھ تعلقے کے جوڑا بازار کی زرعی بازار کمیٹی کے چیئرمین کے خلاف تحریک ِ عدم اعتماد منظور کی گئی ہے۔ چیئرمین شیواجی بھالے راؤ کے خلاف صفر کے مقابلے 13 ووٹوں سے قرارداد منظور کی گئی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کلکٹر راہل کرڈیلے کی صدارت میں کل محکمہئ حیوانات کی مختلف اسکیموں کا جائزہ لیا گیا۔ ضلع میں دودھ کی پیداوار بڑھانے کیلئے ودربھ‘ مراٹھواڑہ ڈیری ترقی منصوبے کے دوسرے مرحلے کے تحت جائزہ لیا گیا۔ گائے اور بھینس زمرے کے جانوروں کیلئے بانجھ پن سے بچاؤ کیمپ منعقد کرنے اور مصنوعی حمل کی شرح بڑھانے کی ہدایات بھی دی گئیں۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر ضلعے میں پنچایت سمیتی کے چیئرمین اور نائب چیئرمین کا انتخاب 10 مارچ کو ہوگا۔اس دن ضلعے کی تمام 9 پنچایت سمیتیوں میں ایک خصوصی اجلاس کا اہتمام کیا گیا ہے۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میونسپل کارپوریشن میں کوآپٹ ممبران کی چھ نشستوں کیلئے کُل چھ پرچہ نامزدگی موصول ہوئے ہیں۔ اس میں بی جے پی کے چار، شیوسینا کا ایک اور کانگریس کا ایک پرچہ نامزدگی شامل ہے۔ کوآپٹ ممبران کے انتخاب کیلئے 6 مارچ کو میونسپل کارپوریشن ہال میں خصوصی اجلاس منعقد کیا جائے گا۔
***** ***** *****
دواسازی کے شعبے کی بڑھتی مانگ اور صنعت سے متعلقہ تعلیم کومؤثر طریقے سے جوڑنے کیلئے سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی نے روزگار کے مواقع پیدا کرنے کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے۔ یونیورسٹی کے ٹریننگ اینڈ ایمپلائمنٹ محکمے اور فارماسیوٹیکل سائنسیز کمپلیکس کے زیرِ اہتمام ایک خصوصی جاب فیئر میں 20طلبہ کا انتخاب ایک معروف دوا ساز کمپنی Macleods فارما سیوٹیکلز کے روبرو انٹرویو کے ذریعے کیا گیا۔
***** ***** *****
لاتور شہر میں غیر قانونی ہورڈنگ فوراً ہٹانے اور ایسے ہورڈنگز لگانے پر متعلقہ افرادکے خلاف تعزیری کارروائی کا انتباہ میونسپل کمشنر مانسی نے دیا ہے۔ وہ کل محکمہئ تجاوزات کے اجلاس سے خطاب کررہی تھیں۔ انھوں نے ہدایت دی کہ اس بات کی بھی جانچ کی جائے کہ کیا شہر میں کچھ مقامات پر ہورڈنگز لگائے جاسکتے ہیں۔ میونسپل کارپوریشن کچھ مقامات کی نشاندہی کرے اور یہ کہ تھوڑی مدت کیلئے فیس لیکر وہاں ہورڈنگ لگانے کی اجازت دی جائے۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سفارت کاری اور بات چیت کے ذریعے ہر مسئلے کو حل کرنے کا بھارت کا مؤقف: مغربی ایشیاء میں تنازعات کے پیشِ نظر وزیرِ اعظم کا دعویٰ۔
٭ مراٹھواڑہ کے سیاح ابوذہبی اور دُبئی میں ہیں محفوظ: ضلع انتظامیہ کی اطلاع۔
٭ بزرگ مفکر سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جناردھن واگھمارے کا انتقال؛ آج آخری رسومات۔
اور۔۔۔٭ دُھلنڈی تہوار کا ہر طرف جوش و خروش‘ ہولی تہوار روایتی طریقے سے منایا گیا۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment