Wednesday, 4 March 2026

Text - آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر‘علاقائی اُردو خبریں: بتاریخ: 04 مارچ 2026‘ وقت: صبح 09:00 تا 09:10

 Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar

Date: 04 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: ۴/مارچ ۶۲۰۲ء؁
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ بھارت اپنی مضبوط اور مستحکم معیشت کی وجہ سے دنیا کیلئے امید کی کرن بن گیاہے:بعد از بجٹ ویبینار میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ دُبئی اور ابوظہبی سے بھارت کیلئے فضائی خدمات جزوی طور پر بحال، ملک میں 40 سے 45 دن کے ایندھن کا ذخیرہ ہونے کی حکومت کی وضاحت۔
٭ ممبئی، ایوت محل اور اہلیانگر اضلاع میں انسدادِ دہشت گردی دستے کے چھاپے۔
٭ دھولی وندن کا تہوار ہر طرف روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کہا کہ بھارت اپنی مستحکم معیشت کے باعث دنیا کیلئے امید کی کرن بن گیا ہے۔ وہ بجٹ کے بعد کے ویبینار میں ’پائیدار اور مستحکم اقتصادی ترقی‘ کے موضوع پر ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے بات کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ آج، دنیا ایک تبدیلی لانے والے اور قابل اعتماد شراکت دار کی تلاش میں ہے، اس صورتحال میں یہ بھارت کیلئے ایک بڑا موقع ہے۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ بھارت کے آزادانہ تجارتی معاہدہ کرنے سے مواقع کے دروازے کھل گئے ہیں۔ انہوں نے کہا…
Byte: Prime Minister Narendra Modi
وزیراعظم نے مزید کہا کہ معیار سے سمجھوتہ نہ کرنا سب کی ذمہ داری ہے، ملک میں تیار ہونے والی مصنوعات عالمی معیار کی ہونی چاہئیں۔ انہوں نے صنعتکاروں سے سرمایہ کاری کرنے، ٹیکنالوجی کو اپنانے اور تحقیق کی حوصلہ افزائی کرنے کی اپیل کی۔
***** ***** *****
مغربی ایشیاء میں جاری کشیدگی کے درمیان، دُبئی اور ابوظہبی سے بھارت کیلئے فضائی خدمات جزوی طور پر بحال ہو گئی ہیں۔
دُبئی میں پھنسے ہوئے 149 مسافروں کو لے کر ایئر انڈیا کی ایک پرواز کل صبح دہلی طیران گاہ پر پہنچی، جبکہ 217 مسافروں کے ساتھ امارات کی ایک پرواز چنئی ہوائی اڈے پر اتری۔ نائب وزیرِ اعلیٰ ایکناتھ شندے نے ریاست کے 164 لوگوں کو واپس لانے کیلئے دو پروازوں کا انتظام کیا ہے۔
انڈیگو ایئر لائنز نے ان ممالک میں پھنسے ہوئے بھارتیوں کو واپس لانے کیلئے سعودی عرب کے جدہ سے بھارت کے مختلف شہروں کیلئے 10 خصوصی پروازیں شروع کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ریاست سے تقریباً 45 ہزار سے زیادہ عازمین عمرہ کی سعادت کیلئے سعودی عرب گئے ہیں۔ ریاستی اقلیتی کمیشن کے صدر پیارے جیا خان نے بتایا کہ ان عازمین کو اپنی رہائش کیلئے بھارتی سفارت خانے سے رابطہ کرنے اور ٹریول ڈائریکٹر کی طرف سے ممکنہ مدد طلب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے۔
***** ***** *****
دریں اثناء، مرکزی وزیر پیوش گوئل نے بتایا ہے کہ مرکزی حکومت نے جنگ جیسی صورتحال پر نظر رکھنے کیلئے وزراء پر مشتمل ایک کمیٹی تشکیل دی ہے، اور روزانہ اس کمیٹی کے اجلاس ہو رہے ہیں۔
وزیرِ پٹرولیم ہردیپ سنگھ پوری نے وضاحت کی ہے کہ اس تنازعے کے سبب تیل کی رسد رک جاتی ہے تو ملک کے پاس 10 کروڑ بیرل تیل کا ذخیرہ ہے جو 40 سے 45 دن کیلئے کافی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حکومت اس سے مطمئن ہے اور اگر ضرورت پڑی تو مزیداقدامات کیے جائیں گے۔
دریں اثناء، مغربی ایشیاء کی صورتحال کے حوالے سے وزیرِ اعظم نریندر مودی نے کل کویت، قطر اور عمان کے سربراہان ِمملکت سے فون پر رابطہ کیا۔ مودی نے حالات کو معمول پر لانے کیلئے بات چیت کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
***** ***** *****
راجیہ سبھا کے انتخابات کیلئے بھارتیہ جنتا پارٹی نے اپنے نو امیدواروں کی پہلی فہرست ظاہر کر دی ہے۔ چھ ریاستوں کے ان امیدواروں میں بی جے پی کے قومی صدر نتن نوین بھی شامل ہیں۔
***** ***** *****
ریاستی انسدادِ دہشت گردی دستے (اے ٹی ایس) نے ریاست کے تین اضلاع میں چھاپے مارے۔ یہ چھاپے ممبئی، ایوت محل اور اہلیانگر اضلاع میں دہشت گرد تنظیم آئی ایس آئی ایس سے متعلق مقامات پر مارے گئے۔ اہلیانگر ضلع میں 12 مقامات پر تلاشی مہم چلائی گئی۔ اس کارروائی کے دوران74 لاکھ روپئے نقد، تلواراور چاقو سمیت دیگر تیز دھار ہتھیار تحویل میں لیے گئے اور ان اسلحہ جات کی حمل نقل کرنے والے دو افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس کے علاوہ کئی دستاویزات، موبائل فون، الیکٹرانک آلات اور سی سی ٹی وی کیمرے بھی قبضے میں لیے گئے ہیں اور ان کی تکنیکی جانچ کی جائے گی۔ ایوت محل ضلع میں، پوسد اور عمرکھیڑ علاقوں سے 14 مشتبہ افراد کو پوچھ گچھ کیلئے حراست میں لیا گیا ہے۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
ریاست کے کونے کونے میں دوڑنے والی ایس ٹی کارپوریشن کی بسیں اب محصول میں اضافے میں بھی معاون ثابت ہوں گی۔ وزیر ٹرانسپورٹ اور ایس ٹی کارپوریشن کے چیئرمین پرتاپ سرنائیک نے بتایا کہ آئندہ پانچ سالوں کیلئے اشتہارات کے ذریعے 250 کروڑ روپے سے زیادہ کی آمدنی کیلئے ایک ٹینڈر قبول کیا گیا ہے۔ وہ ایس ٹی کارپوریشن کے صدر دفتر میں منعقدہ 310 ویں بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ فی الحال ایس ٹی کارپوریشن کو اشتہارات سے تقریباً 22 کروڑ روپے سالانہ آمدنی ہوتی ہے۔ سرنائیک نے یقین ظاہر کیا کہ اگر اس نئی اسکیم کے ذریعے ٹکٹوں کی فروخت کے علاوہ مختلف متبادل ذرائع سے آمدنی ہوتی ہے تو ایس ٹی کو مستقبل میں نقصان کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
***** ***** *****
دھولی وندن کا تہوار کل ہر طرف روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔ چھترپتی سمبھاجی نگر شہر میں جئے جئے رگھویر سمرتھ سیوا بھاوی سنستھا کی جانب سے رنگ پنچمی کے موقعے پر سماج میں بیداری پیدا کرنے کیلئے”پانی بچاؤ، خشک رنگ لگائیں“ تحریر پر مبنی پلے کارڈز کے ساتھ ٹو وہیلر ریلی نکالی گئی۔
جبکہ رکنِ پارلیمان سندیپان بھومرے نے چھوٹے بچوں اور نوجوانوں کے ساتھ رنگ اُڑا کر ماحول دوست ہولی منائی۔
شیوسینا ادھو بالا صاحب ٹھاکرے پارٹی کے رہنماء امباداس دانوے نے بھی شہر کے گلمنڈی علاقے میں شہریوں، کارکنوں اور دکانداروں کے ساتھ رنگوں کے تہوار کا لطف اٹھایا۔
پیٹھن میں سنت ایکناتھ سمادھی مقام اور سنت ایکناتھ مہاراج واڑے میں واقع پانڈورنگ مندر میں پھولوں کی بارش کرکے رنگوں کا تہوار منایا گیا، اس دوران کیرتن کے ساتھ مختلف بھکتی گیت بھی پیش کیے گئے۔
***** ***** *****
بیڑ ضلعے کے کیج تعلقے کے وِڈا میں گدھے پر داماد کا جلوس نکالنے اور اسے کپڑوں کا تحفہ دینے کی روایت ہے۔ اس سال بھی یہ قدیم روایتی تقریب جوش و خروش سے منائی گئی۔
***** ***** *****
جالنہ شہر میں دھولنڈی کے تہوار پر روایتی ”ہاتھی رسالہ“ جلوس نے اس سال 138ویں سال میں قدم رکھا۔ شہر کے ثقافتی ورثے کی علامت بننے والا یہ جلوس نسل در نسل جوش و خروش سے منایا جاتا ہے۔
***** ***** *****
سابق رکنِ پارلیمان اور سوامی رامانند تیرتھ مراٹھواڑہ یونیورسٹی کے سابق وائس چانسلر ڈاکٹر جناردھن واگھمارے کی آخری رسومات کل لاتور ضلعے کے اوسا تعلقے میں واقع ان کے آبائی گاؤں کَوٹھا میں ادا کردی گئیں۔ اس موقعے پر وزیرِ تعاون بابا صاحب پاٹل، سابق وزیر و رکنِ اسمبلی امیت دیشمکھ، رکنِ کونسل وکرم کالے اور سیاسی، تعلیمی، سماجی اور ادبی شعبوں کے کئی معززین نے ڈاکٹر واگھمارے کو خراج عقیدت پیش کیا۔
***** ***** *****
چھترپتی سمبھاجی نگر کی معروف ڈاکٹر شوبھنا بریدے کا قلبی حملے کے باعث پونے میں انتقال ہوگیا۔ وہ 75 برس کی تھیں۔ چھترپتی سمبھاجی نگر کے گورنمنٹ میڈیکل کالج اسپتال میں رجوع ہونے والی ڈاکٹر بریدے لاتور کے سرکاری میڈیکل اسپتال سے خدمات سے سبکدوش ہوئی تھیں۔ وہ مشہور یوگا تربیت کار ڈاکٹر جینت بریدے کی اہلیہ اور ڈاکٹر پی وائی مڑے کی ہمشیرہ تھیں۔
***** ***** *****
ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کا پہلا سیمی فائنل میچ آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کے مابین کھیلا جائے گا۔ جبکہ کل دوسرے سیمی فائنل میں بھارت اور انگلینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے ہوں گی۔
***** ***** *****
آل انگلینڈ بیڈمنٹن چمپئن شپ کا کل سے انگلینڈ کے برمنگھم، میں آغاز ہوا۔ بھارت کے معروف کھلاڑی لکشیے سین نے مردوں کے سنگلز میں فاتحانہ آغاز کیا۔ اپنے پہلے میچ میں لکشیے سین نے چین کے کھلاڑی کو 23-21, 19-21, 21-17 سے شکست دی۔ جبکہ خواتین کے سنگلز میں مالویکا بنسوڑ کو چین کی کھلاڑی سے21-11, 21-6 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ مردوں کے ڈبلز میں بھارت کے ساتوک سائراج رینکی ریڈی اور چراغ شیٹی آج ملائیشیا کی جوڑی کے خلاف کھیلیں گے۔ ترشا جولی اور گایتری گوپی چند کی جوڑی کا بھی آج مقابلہ ہوگا۔
دریں اثناء‘ دبئی میں پھنسی ہوئی پی وی سندھو اس ٹورنامنٹ میں شریک نہیں ہو سکیں‘ تاہم وہ بحفاظت بھارت واپس آگئی ہیں۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ بھارت اپنی مضبوط اور مستحکم معیشت کی وجہ سے دنیا کیلئے امید کی کرن بن گیاہے:بعد از بجٹ ویبینار میں وزیر اعظم کا بیان۔
٭ دُبئی اور ابوظہبی سے بھارت کیلئے فضائی خدمات جزوی طور پر بحال، ملک میں 40 سے 45 دن کے ایندھن کا ذخیرہ ہونے کی حکومت کی وضاحت۔
٭ ممبئی، ایوت محل اور اہلیانگر اضلاع میں انسدادِ دہشت گردی دستے کے چھاپے۔
٭ دھولنڈی کا تہوار ہر طرف روایتی جوش و خروش سے منایا گیا۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں آج جنوبی افریقہ اور نیوزی لینڈ کی ٹیمیں آمنے سامنے۔
***** ***** *****

No comments:

Text - आकाशवाणी छत्रपती संभाजीनगर - दिनांक 03.04.2026 रोजीचे सायंकाळी 06.10 वाजेचे मराठी बातमीपत्र

  Regional Marathi Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar Date – 03 April 2026 Time 18.10 to 18.20 Language Marathi आकाशवाणी छत्रप...