Regional Urdu Text Bulletin, Chhatrapati Sambhajinagar
Date: 01 March-2026
Time: 09:00-09:10 am
آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر
علاقائی خبریں
تاریخ: یکم‘مارچ ۶۲۰۲ء
وقت: ۰۱:۹-۰۰:۹
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
پیش ہیں خاص خبروں کی سرخیاں:
٭ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے ملک گیر HPV ویکسینیشن مہم کا آغاز۔
٭ ریاست میں کپاس کی مربوط خریداری میں 15 مارچ تک توسیع۔
٭ اجیت پوار کا طیارہ رن وے پر درختوں سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ: ابتدائی رپورٹ میں دعویٰ۔
٭ ہولی اور دھلنڈی کو ماحول دوست طریقے سے منانے کی پنکجا منڈے کی اپیل۔
٭ جموں و کشمیر کی ٹیم نے پہلی بار جیتا اس سال کی رنجی ٹرافی کا خطاب۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں آج بھارت کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے۔
***** ***** *****
اب خبریں تفصیل سے...
ملک گیر HPV ویکسینیشن مہم کل راجستھان کے اجمیر سے شروع کی گئی۔ وزیرِ اعظم نریندر موی کی موجودگی میں کل پانچ لڑکیوں کو ٹیکہ لگایا گیا۔ یہ ویکسین کے خواتین کو بااختیار بنانے میں اہم کردار ہونے کا دعویٰ وزیرِ اعظم نے کیا۔ انھوں نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے یہ ویکسین 14 سال یا اُس سے زیادہ عمر کی لڑکیوں کو دی جائیگی۔ ہر سال ایک کروڑ پندرہ لاکھ لڑکیوں کو ٹیکہ لگانے کا ہدف ہے۔ یہ ویکسینیشن رضاکارانہ ہے اور تمام سرکاری مراکزِ صحت پر مفت دستیاب ہے۔
دریں اثناء‘ وزیرِاعظم نریندر مودی نے کل گجرات کے سانند میں مائیکرون ٹکنالوجی کے جدید ترین سیمی کنڈکٹر پروجیکٹ کا افتتاح کیا۔ بھارت کی تکنیکی مہارت کے بارے میں وزیرِ اعظم نے کہا:
Byte: Prime Minister Narendra Modi
یہ انڈیا سیمی کنڈکٹر مشن کے تحت میڈ ان انڈیا سیمی کنڈکٹر میموری ماڈیولز کا پہلا تجارتی پروڈکشن پروجیکٹ ہے جو ساڑھے 22 ہزار کروڑ سے زیادہ سرمایہ کا ہے۔ یہاں سے برآمدات بھی شروع ہوگی۔ سیمی کنڈکٹر کے میدان میں بھارت کی خود مختاری کی سمت میں یہ ایک بہت اہم قدم ہے۔
***** ***** *****
وزیرِ اعلیٰ دیویندر پھرنویس نے احکامات دئیے ہیں کہ ریاست کے مختلف ہوائی اڈوں کے ترقیاتی کاموں کو مقررہ رفتار دی جائے۔ وزیرِ اعلیٰ قانون ساز اسمبلی میں ایئرپورٹ ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کے اجلاس سے خطاب کررہے تھے۔ اس میٹنگ میں ناندیڑ‘ سندھو دُرگ اور ناگپور میں آپریٹنگ ہوائی اڈوں کی سہولت کی توسیع اور جدید کاری کا جائزہ بھی لیا گیا۔
***** ***** *****
مرکزی حکومت نے گگ ورکرز اور پلیٹ فارم ورکرز کیلئے سوشل سیکوریٹی کوڈ 2020 نافذ کیا ہے جس کی وجہ سے ریاستی حکومت ان کارکنوں کیلئے الگ کارپوریشن قائم نہیں کرسکے گی‘ وزیرِ محنت آکاش پھنڈکر نے یہ اطلاع دی۔ وہ کل قانون ساز اسمبلی میں مخاطب تھے۔
***** ***** *****
ریاستی حکومت نے کل ایک بیان کے ذریعے اسمبلی کو مطلع کیا ہے کہ ریاست میں کپاس کی مربوط خریداری کی آخری تاریخ 15 مارچ تک بڑھا دی گئی ہے۔ خریداری کی حد کا فیصلہ فی ایکڑ پیداوار کی بنیاد پر کیاجائے گا۔
دریں اثناء‘ حکومت نے یہ بھی اعلان کیا ہے کہ چنے کی خریداری ایک مارچ سے پانچ ہزار 885 روپئے فی کوئنٹل کی ضمانت شدہ قیمت پر شروع ہوگی۔
***** ***** *****
ریاست میں چھترپتی شیواجی مہا راجسو مہم شروع ہونے جارہی ہے۔ اس کی اطلاع وزیرِ محصول چندر شیکھر باونکولے نے دی۔
***** ***** *****
ریاستی وزیر میگھنا ساکورے بورڈیکر نے کہا ہے کہ ہندو ہردئے سمراٹ بالا صاحب ٹھاکرے سمردّھی ہائی وے پر ملک کے پہلے اے آئی پر مبنی انٹلیجنس ٹرانسپورٹیشن سسٹم کو نصب کرنے کا کام جاری ہے۔ وہ کل قانون ساز کونسل میں مخاطب تھیں۔ انھوں نے بتایا کہ یہ نظام‘ ٹریفک مینجمنٹ کو مزید مؤثر بنائے گا اور مستقبل میں حادثات کی تعداد کو کم کرنے میں مدد کرے گا۔
دریں اثناء‘ بورڈیکر نے بتایا کہ حکومت آیوشمان بھارت وزیرِ اعظم جن آروگیہ اسکیم اور مہاتما پھلے جن آروگیہ اسکیم کو ممبئی کے میٹرو پولیٹن علاقے کے بڑے اسپتالوں میں نافذ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ یہ اسکیمیں ریاست کے چار ہزار سے زیادہ اسپتالوں میں نافذ ہیں۔
***** ***** *****
یہ خبریں آکاشوانی چھترپتی سمبھاجی نگر سے نشر کی جارہی ہیں۔
***** ***** *****
شری گرو تیغ بہادر کے ساڑھے تین سو ویں یومِ شہادت کے موقع پر نوی ممبئی کے کھار گھر میں منعقدہ ہند دی چادر میں عقیدت‘ خدمت اور سماجی یکجہتی کے ایک منفرد ماحول کا مشاہدہ کیا جارہا ہے۔ ملک بھر سے عقیدت مندوں کی موجودگی کی وجہ سے یہ علاقہ مکمل طور پر روحانی رنگ میں رنگ گیا ہے۔
***** ***** *****
ایئرایکسیڈنٹ انویسٹی گیشن برانچ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سابق نائب وزیرِ اعلیٰ اجیت پوار کا طیارہ بارامتی کے رن وے پر درختوں سے ٹکرانے کے بعد گرکر تباہ ہوگیا۔ یہ رپورٹ کل جاری کی گئی۔ حادثے کے بعد طیارے میں آگ لگ گئی اور پورا کاک پٹ اور کیبن جل کر راکھ ہوگیا۔ رپورٹ میں یہ بھی کہا گیا ہے کہ طیارے کے دونوں ریکارڈرز بھی آگ کی لپیٹ میں آگئے تھے اس لیے ڈیٹا حاصل کرنے کیلئے خصوصی تکنیک کا استعمال کرنا پڑا۔ رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ SSFDR ریکارڈر سے خام ڈیٹا کامیابی سے ڈاؤن لوڈ کرلیا گیا۔
***** ***** *****
ایس ٹی کارپوریشن نے وضاحت کی ہے کہ NCMC اسمارٹ کارڈ کو ایس ٹی سفری کرایے میں رعایت کیلئے لازمی نہیں بنایا گیاہے۔ سوشل میڈیا پر یہ افواہ پھیلی ہوئی ہے کہ یہ کارڈ رعایتی مسافروں کیلئے لازمی ہے تاہم ایس ٹی کارپوریشن نے واضح کیا ہے کہ اس اسمارٹ کارڈ کو مسافروں کیلئے رعایت سفری کرایہ حاصل کرنے کیلئے اُس وقت تک لازمی نہیں بنایا جائے گا جب تک کہ یہ اسمارٹ کارڈ کے ساتھ 80 فیصد رعایتی مسافروں کا اندراج مکمل نہیں ہوجاتا۔
دریں اثناء‘ اس اسمارٹ کارڈ اقدام کو ریاست بھر میں زبردست ردّ عمل مل رہا ہے اور وزیرِ ٹرانسپورٹ نے کہا ہے کہ اس کارڈ کیلئے رجسٹریشن کی تعداد اب ایک لاکھ تک پہنچ گئی ہے۔
***** ***** *****
ہولیکا دہن تہوار کل 2تاریخ کو منایا جائے گا اور اس کے اگلے دن 3 مارچ کو دھلنڈی تہوار منایا جائے گا۔ ریاستی وزیرِ ماحولیات پنکجا منڈے نے شہریوں سے ہولی کے تہوار کے موقعے پر ماحول دوست رنگوں کا استعمال کرنے کی اپیل کی ہے۔
***** ***** *****
اس سال رنجی ٹرافی جموں و کشمیر کی ٹیم نے پہلی مرتبہ جیتی ہے۔ کرناٹک کے خلاف فائنل مقابلے میں دوسری اننگز ڈراء رہی۔ تاہم‘ جموں و کشمیر کی ٹیم پہلی اننگز کی برتری کے باعث فاتح قرار پائی۔ وزیراعظم مودی جموں و کشمیر کے وزیرِ اعلیٰ عمر عبداللہ اور سابق کرکٹر بھارت رَتن سچن ٹینڈولکر نے جموں و کشمیر کی ٹیم کو اس جیت کی مبارکباد دی ہے۔
***** ***** *****
کولکاتہ میں ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ میں آج بھارت کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے ہوگا۔ میچ شام سات بجے شروع ہوگا۔ اُدھر پاکستان نے کل اس ٹورنامنٹ میں سری لنکا کو پانچ وکٹوں سے شکست دی۔ اس فتح کے باوجود پاکستان ٹورنامنٹ سے باہر ہوگیا ہے۔ سپرایٹ گروپ بی میں نیوزی لینڈ اور انگلینڈ جبکہ گروپ اے میں جنوبی افریقہ نے سیمی فائنل میں داخل حاصل کرلیا ہے۔ بھارت کیلئے آج کا مقابلہ سیمی فائنل میں داخلے کیلئے فیصلہ کُن ہوگا۔
***** ***** *****
ناسک میں جاری چوتھے عالمی مراٹھی سمّیلن میں کل مختلف موضوعات پر مذاکرے ہوئے۔ مختلف مباحثوں میں یہ رائے ظاہر کی گئی کہ اے آئی یعنی مصنوعی ذہانت سے مراٹھی زبان کو مضبوطی مل رہی ہے اور میڈیا بھی مراٹھی زبان کے استحکام میں معاون ثابت ہو رہا ہے۔ مباحثوں میں اس بات پر روشنی ڈالی گئی کہ میڈیا میں مراٹھی زبان کا استعمال خالص، واضح، بھرپور اور موثر انداز میں کرنے کیلئے میڈیا ہمیشہ پہل کرتا ہے۔
***** ***** *****
ممبئی عدالت ِ عالیہ کی اورنگ آباد بنچ کے جسٹس اور لاتور ضلع کے سرپرست جسٹس ایس جی چپلگاؤنکر نے کہا ہے کہ قانونی خدمات کیمپوں اور سرکاری اسکیموں کے مہا میلے کا بنیادی مقصد سماجی انصاف کے تصور کو عملی طور پر نافذ کرنا ہے۔ وہ کل لاتور میں مہا میلے سے خطاب کررہے تھے۔ انہوں نے اس کیمپ اور میلے کے انعقاد کیلئے ضلع انتظامیہ،چیف ضلع اینڈ سیشن جج ایس جے بھاروکا اور ضلع کلکٹر ورشا ٹھاکرگھوگے کی ستائش بھی کی۔
***** ***** *****
ناندیڑ ضلع کے بھوکر میں بھی کل ایک قانونی خدمات کیمپ اور سرکاری خدمات میلہ منعقد ہوا۔ ممبئی عدالت ِ عالیہ کی ناگپور بنچ کے جسٹس نیرج دھوٹے نے اس دوران حاضرین کی رہنمائی کی۔
***** ***** *****
::::: سرخیاں::::::
اور آخر میں اس بلیٹن کی خاص خبریں ایک بار پھر...
٭ سروائیکل کینسر سے بچاؤ کیلئے ملک گیر HPV ویکسینیشن مہم کا آغاز۔
٭ ریاست میں کپاس کی مربوط خریداری میں 15 مارچ تک توسیع۔
٭ اجیت پوار کا طیارہ رن وے پر درختوں سے ٹکرانے کے بعد گر کر تباہ: ابتدائی رپورٹ میں دعویٰ۔
٭ ہولی و دھلنڈی کو ماحول دوست طریقے سے منانے کی پنکجا منڈے کی اپیل۔
٭ جموں و کشمیر کی ٹیم نے پہلی بار جیتا اس سال کی رنجی ٹرافی کا خطاب۔
اور۔۔۔٭ ٹی ٹوئنٹی کرکٹ عالمی کپ میں آج بھارت کا مقابلہ ویسٹ انڈیز سے۔
***** ***** *****
No comments:
Post a Comment